لاہور (پ ر) مجلس احراراسلام پاکستان کے قائدین نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کو آیات ختم نبوت اور احادیث ختم نبوت سے مزین کرنے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ مجلس احرار کے امیر مرکزیہ سیدمحمد کفیل بخاری، سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اور پنجاب کے سیکرٹری جنرل مولانا تنویر الحسن احرار نے اپنے خیرمقدمی بیان میں کہا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور ان کی پوری ٹیم نے اس کام کو انجام دے کر پاکستان کے تمام مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں اور دراصل یہ قیام ملک کے اصل مقصد کی طرف ایک بڑا قدم ہے جس کی دنیا بھر میں پذیرائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی خوبصورتی کو آیات ختم نبوت اور احادیث ختم نبوت نے چار چاند لگا دئے ہیں اس کو اسمبلی کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ قادیانیت کو چھوڑ کر اسلام میں داخل ہونے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ، اسلام کی حقانیت کی واضح دلیل ہے۔انہوں نے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حافظ آباد کے دفتر میں قادیانی خاندان کے ایک ساتھ مسلمان ہونے پر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کو مبارکباد پیش کی ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان نو مسلموں کو استقامت عطاء فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ پوری امت کی ذمہ داری ہے اس محاذ پر کام کرنے والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ جہاں بھی کوئی شخص قادیانیت ترک کر کے دائرہ اسلام میں داخل ہوتا ہے تواس کے ہر عمل کا ثواب محنت کرنے والے ہر شخص کو برابر ملتا ہے۔انہوں نے تحریک ختم نبوت کی تمام جماعتوں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجلس احرار اسلام کو اس بات کااعزاز حاصل ہے کہ برصغیر میں سب سے پہلے اجتماعی شکل میں قادیانیت کے خلاف ایک مستقل محاذ قائم کیااور آج اکابر احرار اور شہدائے ختم نبوت کی محنتوں کے ثمر سامنے آرہے ہیں اللہ تعالیٰ نظر بد سے محفوظ رکھے۔