لاہور (پ ر) مجلس احرا ر اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ امریکہ کو پاکستان میں اڈے دینے اور توہین رسالت کے مجرموں کو رہائش دینے جیسی دلخراش اطلاعات نے اسلامیان پاکستان کے جذبات کو مجروح کر کے رکھ دیا ہے۔وہ لاہور میں ملی مجلس شرعی کے اجلاس میں شرکت کے بعد مرکزی دفتر احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں احرار رہنماؤں اور کارکنوں سے اظہار خیال کر رہے تھے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کے پی کے کی اسمبلی میں سردار محمد یوسف کی جانب سے حضرات صحابہ کرام و اہلبیت عظام رضی اللہ عنہم اجمعین کی گستاخی پر سزائے موت کی قرار داد پیش کرنے اور اسمبلی کی جانب سے قرار داد کو منظور کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس کو قیام ملک کی طرف ایک قدم قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس قرار داد کی منظوری کے بعد قانون سازی بھی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پاس ہونے والے تحفظ بنیاد اسلام بل کو بھی قانونی شکل دی جائے تاکہ پوری قوم قیام ملک کے اصلی مقصد نفاذ اسلام کی طرف بڑھ سکے۔ عبداللطیف خالدچیمہ نے مطالبہ کیا کہ وقف املاک ایکٹ بل فی الفور واپس لیا جائے۔