لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت کے لیے ہر پاکستانی اپنا کردار ادا کرے۔ وہ گزشتہ روز وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے اجلاس میں شرکت کے لیے جامعہ اشرفیہ لاہور پہنچے بعد ازاں دفتر احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں احرار رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض بنتا ہے کہ وہ فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پوری ذمہ داری کے ساتھ اسرائیل کی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کو تباہ کرنے کے لیے یہ کافی ہے کہ ان کی معیشت کو تباہ کر دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں احتجاج نہیں کیا کرتی بلکہ اقدامات کیا کرتی ہیں وقت کے حکمرانوں کو احتجاج کرنے کی بجائے اقدامات کی طرف قدم بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے فلسطینی بچوں اور عورتوں پر بمباری کرکے اسرائیل نے ظلم وسفاکیت کی انتہا کر دی ہے عالم اسلام کوبیان بازی سے آگے بڑھ کر کوئی جوابی کاروائی کرنی چاہیے کیوں کہ قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جارحیت کو جنگ کہنا ظلم ہے جنگ تو میدان جنگ میں ہوا کرتی ہے عورتوں اور بچوں پر بمباری کرنا کہاں کی انسانیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی مذمت نہیں مرمت کی ضرورت ہے عالم اسلام کی افواج آگے بڑھیں اور بیت المقدس کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں۔