لاہور(پ ر) مجلس احراراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے قائدین، رہنماؤں،علماء کرام، خطباء عظام اور مبلغین نے اپنے اپنے خطبات جمعۃ المبارک اوربیانات میں کہاہے کہ پوری انسانیت کو رجوع الی اللہ کی ضرورت ہے۔کرونا وبائی مرض ہے اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے اسلامی تعلیمات پر عمل پیراہوجاناچاہیے۔امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، عبداللطیف خالد چیمہ،سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری، مولانا سید عطاء المنان بخاری، مولانا محمد مغیرہ، مولانا تنویر الحسن احرار،مولانا محمد سرفراز معاویہ، مولانا محمد الطاف معایہ اور دیگر خطباء احرار نے اپنے اپنے بیانات میں کہاہے کہ انفرادی واجتماعی سطح پر توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ درودشریف کی کثرت اور نوافل وصدقات بڑھانے چاہئیں اور اللہ پاک کے حضور سربسجود ہوکر اپنے اگلے پچھلے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کی قدرت نے ہمیں متوجہ کرایاہے کہ ہم قرآنی والہامی تعلیمات کی طرف لوٹ آئیں اور انسانوں کے بنائے ہوئے قوانین کو مسترد کردیں۔عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاکہ موجودہ وائرس سے پوری دنیا کو سبق اور نصیحت حاصل کرنی چاہیے اور اللہ پاک سے سب کچھ ہونے اور اللہ کے سواکچھ نہ ہونے کا یقین کامل ہو جانا چاہیے۔اسی میں خیروبرکت اور کامیابی ہے ورنہ سب کچھ تباہی وگمراہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا دین دشمنی میں کوئی ثانی نہیں ہے پہلے فیٹف کے ذریعے مساجد اور دینی مدارس کو یہودو نصاریٰ کے قبضہ میں دینے کی ناپاک حرکت اور اب تعلیمی نصاب سے مذہبی مواد ہٹانے کے در پے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر مسلمان کو کان اور آنکھیں ہر وقت کھلی رکھنا ہو نگی کسی بھی وقت دین دشمن لابی کوئی بھی حرکت کر سکتی ہے۔