لاہور (پ ر) مجلس احراراسلام پاکستان کے رہنماؤں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، خطباء عظام اور ائمہ مساجد سے پر زور اپیل کی ہے کہ آج جمعۃ المبارک کے خطبات میں لوگو ں سے اجتماعی طور پر توبہ واستغفار کرائی جائے اور اجتماعات میں فضائل رمضان کے ساتھ ساتھ اس بات کی طرف توجہ دلائی جائے کہ اپنی زکوۃ و صداقات کی ادائیگی پوری طرح کریں تاکہ اللہ رب العزت ہمارے اس عمل سے خوش ہو کر ہمیں معاف فرما دیں اور اس وبا سے ہمارا ملک پاک ہوجائے۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کو کم کرکے عوام الناس کو سہولت دے تاکہ ہر غریب امیر اپنی عید کی خوشیاں اچھی طرح گزار سکے۔ سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے خطباء احرار سے اپیل کی ہے کہ اپنے اپنے خطبات میں کرونا سے بچاؤ کے لیے حکومتی تدابیر پر عمل کرنے پر زور دیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لوگ پہلے ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں مزید مہنگائی کر کے عوام الناس کو پریشان نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تو ماں کی طرح ہوتی ہے اور جب بچے مشکلات میں گھرے ہوئے ہوں تو ماں آسانیاں پیدا کرتی ہے نا کہ مشکلات۔