لاہور (پ ر) تحریک تحفظ ختم نبوت اور مجلس احراراسلام پاکستان کے رہنماء، مبلغین،علماء کرام،خطباء عظام اور ائمہ مساجد نے اپنے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ وقف املاک ایکٹ کے نفاذ کو روکنے کی کوشش کرنا ہر پاکستانی شہری کی ذمہ داری ہے، تاکہ ہماری آزادی کو سلب کرنے کی اس کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔خطباء عظام نے جمعۃ المبارک کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جاری کردہ وقف املاک ایکٹ کے ذریعے دانستہ یا نادانستہ طور پر یہودیت کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پہلے ہی کرونا وائرس وباء کی وجہ سے کافی مشکلات میں گھرا ہوا ہے وقف املاک ایکٹ کے ذریعے عوام الناس کو کسی اور مشکل میں نہ دھکیلا جائے۔ تمام خطباء عظام نے اجتماعات جمعۃ المبارک سے اجتماعی توبہ واستغفار کرائی اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ترغیب بھی دی۔ علاوہ ازیں ملی مجلس شرعی کے سیکر ٹری جنرل ڈاکٹر محمد امین نے بتایا ہے کہ وقف املاک ایکٹ کے حوالے سے بہت ہی اہم مشاورتی اجلاس 10اپریل بروزہفتہ (آج) 11 بجے دن منصورہ لاہور میں مولانا زاہد الراشدی کی زیر صدارت اور تحریک تحفظ مدارس دینیہ کی زیر نگرانی منعقد ہو گا جس میں پانچوں وفاقوں کے سرکردہ رہنماؤں کے علاوہ مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے زعماء بھی شرکت کریں گے۔ دریں اثناء مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ یہ کہنا کہ وقف املاک ایکٹ بل سے دینی مدارس و مساجد کو کوئی خطرہ نہیں در اصل تجاہل عارفانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مفتی محمدتقی عثمانی اس صورتحال پر اپنا ترمیم شدہ مسودہ معاہدے کے مطابق حکومت کے حوالے کر چکے تھے کہ اچانک حکومت نے فیٹف کے فریم ورک میں اس کو نافذ کر دیا اور مفتی تقی عثمانی کے مسودے کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے ایسے میں یہ کیسے کہا جاسکتا ہے کہ فیٹف کے تحت عالمی استعمار کا یہ وار براہ راست مدارس و مساجد پر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکٹ کو عام فہم زبان میں دینی حلقوں تک پہچانے کی مزید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح خطرناک عظائم لئے ہوئے ہے اور دینی مدارس اور مساجد کی خود داری اور آزادانہ حیثیت کو تاہ و بالا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے بر صغیر میں اپنے تسلط کے بعدپہلے تجارت پھر سیاست پھر تعلیم وتدریس اور کلچر کے بعد فکری انتشار پھیلایا آج پھر اس سے زیادہ خطرناک ایجنڈے کے ساتھ فیٹف دینی مدارس،مساجد اور خاندانی نظام کو تاہ وبالا کرنا چاہتاہے۔انہوں نے کہا کہ بعض سرکردہ سرکاری افراد اس مسئلہ پر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں اور دھوکہ دہی سے بچنا ہمارا فطری حق ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے دفتر منصورہ میں آج جو اجلاس ہورہا ہے اس میں مختلف مکاتب فکر کے رہنماء جو مؤقف اختیار کریں گے مجلس احرار اسلام پاکستان اس کی تائید و حمایت کرے گی۔