نام:محمدیہ پاکٹ بک (اشاعتِ ہفتم، جنوری۲۰ء) مؤلف: مولانامحمد عبد اﷲ معمار امرتسری رحمہ اﷲ
ضخامت:۶۶۴صفحات قیمت: درج نہیں ناشر: المکتبۃ السلفیۃ ، شیش محل روڈ، لاہور
عقیدہ ختم نبوت چونکہ وحدت امت کا ضامن عقیدہ ہے اسی لیے امت کے بدترین دشمن برطانوی استعمار نے اس پر ضرب لگانے کے لیے مرزائے قادیان کو اپنی حمایت و تائید کے ساتھ مبعوث کیا۔ اس حمایت و تائید کا بدلہ اتارنے کے لیے بقول خویش مرزا صاحب نے استعمار کی اسلام اور اہلِ اسلام کے خلاف برپا جنگ میں اپنے آقائے ولی نعمت برطانیہ کے حق میں اتنی کتابیں لکھیں کہ جس سے پچاس الماریاں بھر جائیں۔مرزا ئے قادیان کی ہلاکت کے بعد اس کے وارثوں اور نام لیواؤں نے اپنے قائد کے جاری کردہ منصوبے کو برقرار رکھتے ہوئے دجل کے اس سرمائے میں مزید اضافہ کیا۔
الحمدﷲ اہلِ اسلام نے نصرتِ دینِ محمدی میں اپنے سچے آقا و مولا سیدنا محمد رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم سے وفا داری کرتے ہوئے تحریر و تصنیف کے میدان میں دیگر قدیم و جدید گمراہیوں کی طرح قادیانی فریب کا بھی بھرپور مقابلہ کیا اور جان دار علمی و تحقیقی لٹریچر کے انبار لگا دیے۔
زیرِ نظر کتاب تردیدِ قادیانیت کے علمی ذخیرے میں بھی بلند ترین کتابوں میں شمار ہوتی ہے۔ بلا شبہ یہ کتاب فتنۂ قادیانیت کے مقابلے کے لیے اکیلی ہی کافی اور کتب خانوں سے بے نیاز کر دینے والی کتاب ہے۔ بہت کم ایسی تصنیفات ہوں گی جن کے بارے میں یہ کہا جا سکے ۔
اس کتاب کے مصنف حضرت مولانا عبد اﷲ معمار امرتسری مرحوم و مغفور ہیں۔ آپ کو فتنۂ قادیانیت کے بنیادی اور ثانوی مصادر پر گہری نظر حاصل تھی۔ قادیانی مناظرین سے گفتگو کا تفصیلی تجربہ حاصل تھااور استدلال و جدل بالاحسن کے فن سے بھی مکمل واقفیت تھی۔جس کا بیِّن ثبوت یہ کتاب ہے۔ قادیانی گروہ کے اعتقاد و فکر کے تنقیدی جائزے کی خواہش رکھنے والی کوئی شخصیت یا اس موضوع سے متعلق کوئی لائبریری اس کتاب سے مستغنی نہیں ہو سکتی۔یہی وجہ ہے کہ یہ۷۶ برس سے مستقل شائع ہو رہی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے ہم نے انھی صفحات پر اس کتاب کے۲۰۱۷ء میں شائع ہونے والے ایک نئے ایڈیشن پر تبصرہ کیا تھا جو کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب ناظم مولانا شاہ عالم گورکھپوری کی تحقیق سے چھپا تھااور جس میں قادیانی تالیفات کی نئی طبعات سے حوالوں کی تخریج کی گئی تھی۔
زیرِ نظر ایڈیشن جسے المکتبۃ السلفیہ نے شائع کیا ہے، بھی اس ضرورت کو پورا کرتا ہے، بلکہ حروف خوانی کے عمدہ معیار، بعض اہم توضیحی وتفصیلی حواشی کے اضافے، عمدہ کتابت اور جاذبِ نظر ترتیبِ مواد کی وجہ سے پچھلی تمام طباعتوں سے بدرجہا بہتر اور لائقِ استفادہ ہے۔