تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

 

(رپورٹ: حافظ محمدسفیان احرار) اس سال اسلامی سال کے پہلے ماہ محرم الحرام میں صحابہ کرامؓ کی گستاخیوں کی باقاعدہ مہم چلائی گئی جس کی مذمت کے لیے ۵؍ اکتوبر۲۰۲۰ء بروزسوموار بعدنماز مغرب جامع مسجد سید عطاء اﷲ شاہ بخاریؒ ناگڑیاں میں عظمتِ صحابہ واہل بیتؓ کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا آغاز برادر مکرم حافظ عطاء المحسن احرار کی تلاوت سے ہوا۔بعدازاں مجلسِ احرارِاسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر نواسۂ امیرشریعت خطیب بنی ہاشم وکیل صحابہؓ مولانا حافظ سیدمحمدکفیل بخاری مدظلہ نے سیمینار سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں وہ عظیم ہستیاں جن کے تذکرے سے ہم اپنے دلوں کو روشن کرتے ہیں، صحابہ کرامؓ کی گستاخیاں ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی،صحابہ سب کے سب معیار حق ہیں، اگر اس ملک میں جس کو موجودہ حکمران جھوٹی ریاستِ مدینہ کہلاتے ہیں، اسی ریاست میں سیدنا ابوبکر صدیقؓ، سیدنا معاویہ بن ابی سفیانؓ کی گستاخی کی گئی اور آج تک گستاخوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، یہ مت سمجھو کہ تم صحابہؓ پر زبان درازی کرو اور یہ صحابہ کے جانثار وفادار خاموش رہیں گے یہ تمہاری بھول ہے۔ صحابہ کرامؓ کے جانشین زندہ ہیں اور اپنا خون پسینہ بہا کر منصب ختم نبوت وناموسِ صحابہ کرام وازواجِ مطہرات کا تحفظ کرتے رہیں گے۔ وہ سیدنا صدیق اکبرؓ جو آج بھی حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کے ساتھ آرام فرما ہیں، وہ ابوبکر صدیقؓ جو سفر میں حضر میں غار میں مزار میں حضور خاتم النبیین صلی اﷲ علیہ وسلم کے ساتھ دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے ان پاک ہستیوں پر تبرا کیا جائے یہ ناقابل برداشت عمل ہے۔ ہم اس اجتماع کی وساطت سے یہ مطالبہ کرتے کہ حکومت وقت صحابہ کرامؓ کے گستاخوں کو گرفتار کرکے قرار واقع سزا دے۔
مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نبیرہ امیرشریعت سید عطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری ۱۲؍اکتوبر بروز سوموارمرکز احرار مدرسہ محمودیہ معمورہ ناگڑیاں پہنچے۔ دن بھر کارکنانِ احرار سے خوب محفل رہی، رات قیام ناگڑیاں ہی میں کیا۔ ۱۳؍ اکتوبر بعد نمازفجرجامع مسجد سید عطاء اﷲ شاہ بخاریؒ ناگڑیاں میں درس قرآن دیا۔ شاہ صاحب نے پیش آنے والے واقعات کے پیش نظر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحابہ کرامؓ کی جماعت انتخابِ الٰہی ہے، اﷲ نے حضورصلی اﷲ علیہ وسلم کے لیے ایسے یاروں کو چنا جن کی مثالیں لوگ تاقیامت دیتے رہیں گے۔ وہ صحابہ کرامؓ ہی ہیں جن کی بخشش ومغفرت کا اعلان اﷲ نے قرآن میں واضح الفاظ میں بیان فرما دیا ہے، اﷲ نے صحابہ کرامؓ کے ایمان کو معیار بنایا ہے نہ کہ ہمارے ایمان کو۔ سید عطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری نے کہاکہ شہید ناموس صحابہ واہل بیتؓ ڈاکٹر عادل خانؒ کی شہادت نے واضح کر دیا کہ سنت عثمانی وسنت حسینی تا قیامِ قیامت جاری رہے گی۔ صحابہ کرامؓ کے گستاخوں اور علماء کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور مجرموں کے سیاہ چہرے عوام الناس کے سامنے لائے جائیں۔ سید عطاء اﷲ ثالث بخاری نے کہاکہ ہم اپنے بزرگوں کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے مولانا سید عطاء المحسن بخاریؒ، مولانا سید عطاء المؤمن بخاریؒ، پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ کی طرح ناگڑیاں آتے رہیں گے اور اپنی استطاعت کے مطابق اس مسجد میں وعظ ونصیحت کرتے رہیں گے اور ہم اس کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
مجلس احرار اسلام ضلع گجرات کے کارکنان کا اجلاس قاری احسان اﷲ، بھائی کاظم اشرف کی محنت سے 11 اکتوبر بروز اتوار، ضلعی امیر محترم قاری محمد ضیاء اﷲ ہاشمی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ جس میں داعیٔ اسلام ڈاکٹر محمدآصف صاحب نے بطور مہمانِ خصوصی کے شرکت کی۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کی اساس ہے۔ قادیانیوں کو حضور خاتم النبیےن صلی اﷲ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقے یعنی پیار ومحبت اور پورے اخلاص و کوشش کے ساتھ دعوت دی جائے تو اﷲ ہماری محنت کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔مجلس احرار اسلام کا یہی نظریہ ہے اور ہم اسی پر کاربند رہنا چاہتے ہیں۔ اجلاس میں چودھری ارشد مہدی، چوھدری شہریار، چودھری جاوید سماں، پروفیسر محموداحمد، مولانا احسان اﷲ، بھائی کاظم اشرف احرار، مولانا عمر فاروق، مولانا صابر، مولانا قاسم سمیت ضلع بھر کے کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ بعد ازاں ڈاکٹر محمد آصف نے چھوکرخوردکے قادیانی نمبردار غلام رسول سے دعوتی ملاقات کی۔

مجلس احرار اسلام ناگڑیاں ومختلف علاقائی یونٹس کے ذمہ داران کا مشاورتی اجلاس 12،11 ربیع الاول کو ہونے والی 43 ویں سالانہ ختم نبوت کانفرنس کے انتظامات کے سلسلہ میں 18 اکتوبر بروز اتوار کو ضلعی امیر وناظمِ اجتماع قاری محمد ضیاء اﷲ ہاشمی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جناب قاری ضیاء اﷲ ہاشمی مدظلہ نے اپنے صدارتی بیان میں کہاکہ اگر ہم نے ختم نبوت صلی اﷲ علیہ وسلم، ناموس صحابہ واہل بیتؓ کے تحفظ کو اپنی زندگی کا مقصد نہ سمجھا تو ہماری زندگی بے کار بسر ہو رہی ہے۔ ہماری زندگی کا اوڑھنا بچھوڑنا اﷲ کی عبادت اور حضور خاتم النبیین صلی اﷲ علیہ وسلم کی اطاعت ہو۔ یہی ہمارا طرۂ امتیاز ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 42 برس کی طرح انشاء اﷲ چناب نگر میں ہونے والی عظیم الشان ختم نبوت کانفرس پوری آب وتاب کے ساتھ اس برس بھی منعقد ہوگی۔ جس کی سرپرستی ابن امیر شریعت حضرت پیرجی سید عطاء المہیمن شاہ بخاری مدظلہ فرمائیں گے۔ پیرانہ سالی ضعف وعلالت کے باوجود وہ ان شاء اﷲ کانفرنس میں شرکت بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کانفرنس کے لیے لوگوں کو انفردی واجتماعی دعوت دے کر اس میں شریک کریں ، اورخیر کا یہ سلسلہ جاری و ساری رہے۔
اجلاس میں قاری شریف الدین، حاجی عبدالحق، سیدعبدالرؤف شاہ، ڈاکٹر عارف، ڈاکٹر وسیم، بھائی محمد افضل، حافظ نذیر احراری، بھائی شکیل احمد، فوجی ضیاء اﷲ، بھائی عبد الرحمن، بھائی عاطف اعجاز، مولانا احسان اﷲ، بھائی کاظم اشرف احرار، حافظ وسیم اﷲ ودیگر احرار کارکنوں نے شرکت کی۔

 

اجتماعات احرار بسلسلہ دعوت 43 ویں سالانہ احرار ختم نبوت کانفرنس چناب نگر

(رپورٹ: فرحان حقانی) مجلس احرار اسلام پاکستان کے زیر اہتمام ۱۱،۱۲ ربیع الاول جامع مسجد احرار چناب نگر ضلع چنیوٹ میں آل پاکستان احرار ختم نبوت کانفرنس گزشتہ ۴۲برس سے منعقد ہو رہی ہے۔ جس میں مختلف نشستوں میں علماء کرام، خطباء احرار اظہار خیال فرماتے ہیں جبکہ معروف و مشہور نعت خواں اپنے کلام سے اور قراء کرام تلاوت کلام مجید سے سامعین کے ایمانوں کو جلا بخشتے ہیں۔ اس اجتماع کی شان ’’جلوس دعوت اسلام‘‘ ہے جو کہ ۱۲ ربیع الاول کو نکالا جاتا ہے اور اس میں قادیانیوں کو دعوت اسلام دی جاتی ہے۔ اس کانفرنس کی تیاری اور دعوت کے سلسلہ میں مجلس احرار اسلام ملتان کے مختلف یونٹس اور دیگر مقامات پر دعوتی دروس قرآن مجید اور خطبات جمعتہ المبارک کا اہتمام کیا گیا۔ ۲؍ اکتوبر جامع مسجد عمر فاروق، خونی برج میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید عطاء اﷲ ثالث بخاری، جامع مسجد رحمت للعالمین، سمیجہ آباد میں مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل، جامع مسجد نور الاسلام، سورج میانی میں مولانا اﷲ بخش احرار، جامع مسجد سیدنا امیر معاویہ محلہ عثمان آباد میں مفتی محمد قاسم احرار، جامع مسجد سیدنا امیر حمزہ، کالرو بستی میں قاری محمد ابوبکر احرار نے خطبات جمعتہ المبارک کے اجتماعات سے خطاب کیا۔ ۹؍ اکتوبر جامع مسجد ختم نبوت، دار بنی ہاشم میں مولانا سید محمد کفیل بخاری، جامع مسجد سیدنا امیر معاویہ محلہ عثمان آباد میں مولانا سید عطاء اﷲ ثالث بخاری، جامع مسجد قباء، موضع ہمروٹ میں مولانا محمد اکمل، جامع مسجد نور الاسلام، سورج میانی میں مولانا اﷲ بخش احرار، جامع مسجد الخلیل نیو لطیف آباد میں مولانا عبد القیوم، نیک محمد مسجد نیو لطیف آباد میں مفتی محمد قاسم احرار، جامع مسجد سیدنا امیر حمزہ لودھی کالونی میں قاری محمد ابوبکر احرار، جامع مسجد باب رحمت اﷲ شافی چوک میں قاری محمد طیب رشید، جامع مسجد طوبی ۱۷ کسی میں مولانا وقار احمد قریشی نے اجتماعات جمعہ سے خطاب کیا۔ ۱۶؍ اکتوبر جامع مسجد سیدنا امیر معاویہ محلہ عثمان آباد میں مولانا سید محمد کفیل بخاری، جامع مسجد عائشہ وہاڑی روڈ میں مولانا اخلاق احمد، جامع مسجد مکی نواب پور روڈ میں مولانا وقار احمد قریشی، جامع مسجد ابوبکر صدیق، شالیمار کالونی میں قاری محمد ابوبکر احرار نے جمعتہ المبارک کے اجتماعات سے خطاب کیا۔ ۲۳؍ اکتوبر جامع مسجد کرنالوی قاسم بیلہ میں مولانا محمد اکمل، جامع مسجد رحمانیہ محلہ طارق آباد میں مولانا اﷲ بخش احرار، جامع مسجد عزیز الرحیم، شاداب کالونی قاری محمد ابوبکر احرار، بخاری مسجد خونی برج میں مفتی محمد قاسم احرار، مسجد درسگاہ والی بستی لنگڑیال میں مولانا عبدالباسط، جامع مسجد مکی، بستی نواں شہر میں مولانا وقار احمد قریشی نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کیا اور تمام شرکاء اجتماع کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ ۱۲؍ اکتوبر جامع مسجد ابراہیمیہ قاسم بیلہ میں مفتی سید صبیح الحسن ہمدانی، ۱۴؍ اکتوبر بعد از مغرب، جامع مسجد مدنی ٹمبر مارکیٹ، بعد نماز عشاء، فردوس مسجد نزد ۲۲ نمبر چونگی میں مولانا محمد اکمل، ۱۷؍ اکتوبر بعد نماز مغرب جامع مسجد مکی سمیجہ آباد میں مولانا سید عطاء اﷲ ثالث بخاری، ۲۳؍ اکتوبر بعد نماز مغرب، جامع مسجد عمر فاروق نزد سیوڑہ چوک میں مولانا محمد اکمل نے دروس قرآن مجید ارشاد فرمائے۔ ۱۶؍ اکتوبر مرکز احرار، جامع مسجد سیدنا امیر معاویہ محلہ عثمان آباد میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر، نواسہ امیر شریعت مولانا سید محمد کفیل بخاری نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت، ناموس رسالت کا تحفظ اور دفاع صحابہ و اہل بیت ہر مسلمان کی ذمہ داری اور دینی فریضہ ہے۔ تمام مسلمانوں کو اسلام اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے جذبہ صدیقی سے سرشار ہوکر میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منکرین ختم نبوت لاہوری و قادیانی مرزائی ایک سازش کے تحت ۱۹۷۴ء کے فیصلے کو ختم کرا کر خود کو پھر سے مسلمان تسلیم کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اسلام اور کلمے کی بنیاد پر وجود میں آیا تھا، مجلس احرار اسلام اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدات کی حفاظت کو ایمان کا حصہ سمجھتی ہے۔ بعد از نماز جمعہ مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل، نبیرہ امیر شریعت مولانا سید عطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری نے احرار ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تخریب کاری کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ قوم اور حکمرانوں کو اس بات سے آگاہ رہنا چاہیے کہ قادیانی اسلام، مسلمان اور پاکستان کے لیے یہود و ہنود سے بھی زیادہ خطر ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر کئی ممالک میں عدالتوں نے قادیانیت کے کفر پر مہر ثبت کر دی ہے، اسرائیل اور مرزائیل دونوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قادیانی صرف ختم نبوت ہی کے منکر نہیں بلکہ صحابہ کرام و اہل بیت اطہار کے بھی گستاخ ہیں اس فتنہ سے امت مسلمہ کو بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
احرار رہنماؤں نے کہا کہ عظمت صحابہ و اہل بیت اطہار کی حالیہ تحریک کو قتل و غارت گری کے واقعات کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر محمد عادل خان شہید کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور جن عناصر نے صحابہ کرام کی شان میں بد ترین گستاخی کی ہے انہیں فی الفور گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ جماعت صحابہ سمیت امت کے مقدسات کی توہین و تکفیر اور ان پر تبرا بازی نہ کی جا سکے۔ اس موقع پر مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل سمیت کثیر تعداد میں احرار کارکنان نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.