ملتان (پ ر) حضرت مولانا ڈاکٹر عادل خان رحمہ اللہ ایک حق گو عالم دین تھے۔ انہوں نے ناموس صحابہ کے لیے ملک بھر میں عوام کو بیدار کرنے کے لیے پر امن مہم چلائ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مولانا سید عطاء المہیمن بخاری، نائب امیر سید محمد کفیل بخاری، ناظم اعلی عبداللطیف خالد چیمہ، میاں محمد اویس، ناظم تبلیغ مولانا محمد مغیرہ، سید عطاء اللہ ثالث بخاری، ڈاکٹر عمر فاروق احرار نے مشترکہ تعزیتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عادل خان نیک سیرت، جید عالم دین اور عظیم باپ کے عظیم بیٹے تھے، انہوں نے ہمیشہ جس بات کو حق جانا اسے ڈنکے کی چوٹ پر بیان کیا، انہوں نے حالیہ دنوں میں تحریک ناموس صحابہ میں ایک نئی روح پھونکی اور ملک بھر کے عوام میں بیداری پیدا کردی۔
احرار رہنماؤں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر علماء کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے اور ملک دشمن عناصر پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مولانا عادل خان کو ناموس صحابہ رضی اللہ عنہم کے تحفظ کی پاداش میں شہید کیا گیا ہے۔