لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاءالمھیمن بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے جامعہ فاروقیہ کراچی کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کی شہادت کو عالم اسلام کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ احرار رہنماوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مولانا ڈاکٹر عادل خان کی شہادت قومی سانحہ ہے جبکہ قاتل ملک و قوم اور ملت اسلامیہ کے مجرم ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مولانا عادل کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں علماء کی شہادتوں میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں جو بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عادل خان تحریک ناموس صحابہ کے قائد تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ احرار رہنماوں کا مزید کہنا ہے کہ ریاست عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔