السلام علیکم ورحمتہ اﷲ وبرکاتہ …………………… مزاج گرامی !
جملہ ماتحت مجالس احرار اور ذمہ داران کے نام
مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 19؍ محرم الحرام 1442ھ مطابق 8؍ ستمبر 2020ء کو ایوانِ احرار، نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا، جس میں درج ذیل فیصلے اور تجاویز منظور کیے گئے۔
٭ جماعت کی نئی رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ جس کے حوالے سے مرکزی اور مقامی قائدین، علاقائی یونٹوں اور بنیادی مجالس کے دورے کریں گے، اور نئے اور پرانے کارکنان کی رکنیت اور تجدید رکنیت کا عمل سر انجام دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جس کا سربراہ جناب سید عطاء اﷲ ثالث بخاری کو مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ جناب ڈاکٹر محمد آصف، جناب مولانا محمد اکمل اور جناب مولانا تنویر الحسن احرار اس کمیٹی کے اراکین ہیں۔ ماتحت مجالس کے ذمہ داران، ان حضرات سے رابطہ کر کے اپنے علاقائی نظم کے مطابق اس مہم میں حصہ لیں۔
٭ شعبۂ تبلیغ تحفظ ختم نبوت سے وابستہ مبلغین کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے سہ ماہی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ جس کی نگرانی مولانا محمد مغیرہ (ناظم تبلیغ) اور ڈاکٹر محمد آصف (ناظم دعوت وارشاد) کریں گے۔
٭ اجلاس میں طے پایا ملک میں ہونے والی نئی ایف اے ٹی ایف قانون سازی پر ماتحت مجالس علاقائی سطح پر غور و خوض کی نشستوں کا انعقاد کریں، جن میں اس قانون سازی کے مضمرات پر تفصیل سے مذاکرہ کیا جائے تاکہ آنے والے دنوں میں دینی جد و جہد کو در پیش خطرات کا بر وقت ادراک ہو سکے اور ان خطرات کے تدارک کے لیے مناسب منصوبہ بندی اختیار کی جاسکے۔
٭ اجلاس میں ملک میں چلنے والی گستاخیٔ صحابہ و اہل بیت کی لہر پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔ اور تجویز پایا کہ ماتحت مجالس اور ہم فکر علماء کرام اپنی عوامی گفتگوؤں اور تقاریر میں حضرات صحابہ کرام علیہم الرضوان کے مناقب و فضائل کو کثرت سے بیان کریں۔ اس موضوع کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر یہ بھی طے پایا کہ مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ و اہل بیت اور اہل سنت اتحاد فورم اور وفاق المدارس العربیہ کی جانب سے منعقد کی جانے والی عوامی ریلیوں اور اجتماعات میں جماعتی سطح پر بھرپور شرکت کی جائے۔
منجانب: عبد اللطیف خالد چیمہ (ناظم اعلیٰ مجلس احرار اسلام پاکستان)
0300-6939453