لاہور (پ ر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل قاری محمد حنیف جالندھری سے جامعۃ الخیر جوہر ٹاؤن میں کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ واہل بیت پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے مجلس عمل کے کنوینر مولانا عبدالرؤف فاروقی کی قیادت میں ملاقات کی جس میں مولانا زاہد الراشدی، عبداللطیف خالد چیمہ،قاری جمیل الرحمن اختر،میا ں محمد اویس شامل تھے،وفد نے ملتان میں کامیاب ترین عظمت صحابہ و اہل بیت اطہار ریلی و کانفرنس پر قاری محمد حنیف جالندھری کو مبارک باد پیش کی اور 18اکتوبر کو ناصر باغ لاہور میں ہونے والی عظمت صحابہ واہل بیت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں قبول کر لی او رکہا کہ اگر میں بیرون ملک سفر پر نہ ہوا تو کانفرنس میں ضرورشرکت کروں گا اس موقع پر انہوں نے کل جماعتی مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے مشترکہ جد جہد کی تحسین کرتے ہوئے کہاکہ ہماری جد و جہد کسی مکتب فکر کے خلاف نہیں بلکہ گستاخان صحابہ و اہل بیت کی زبان درازی،بد کلامی کو روکنا ہمارا دینی و قومی اور قانونی فریضہ ہے اور ہم آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے اپنی جد و جہد استوار کریں گے۔کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ واہل بیت پاکستان کے کنوینر مولانا عبدالرؤف فاروقی نے اس موقع پر بتایا کہ دیوبندی بریلوی اہل حدیث اہل سنت کے تمام مکاتب فکر مجلس عمل کے پلیٹ فارم پر متحد و متفق ہو چکے ہیں اور ہم آنے والے دنوں میں ملک گیر سطح پر عظمت صحابہ کے حوالے سے پروگرام کریں گے اور اہل سنت والجماعت کے چودہ سو سالہ موروثی عقائد کے تحفظ کے لیے پر امن طور آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی،اسلام آباد،ملتان اور دیگر شہروں کے بعد لاہور میں بھی 18اکتوبر کو ہونے والی عظمت صحابہ و اہل بیت کانفرنس اپنی نوعیت کے اعتبار سے منفرد و مثالی ہوگی اور گالی گلوچ کی زبان کو بند کرنے کے لیے ہم اپنا کردار ادا کریں گے۔پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہد الراشدی نے اس موقع پر بتایا کہ 12اکتوبر کو گجرانوالہ میں ڈویژن کی سطح پر عظمت صحابہ اہل بیت ریلی و کانفرنس ہو گی جو 18اکتوبر والی کانفرنس کا ابتدائیہ ہوگا ا س کانفرنس میں بھی اہل سنت کے تمام مکاتب فکر کے سر کردہ رہنماء شرکت وخطاب کریں گے۔مولانا زاہد الراشدی نے کہا کہ ہم نہ توتوہین صحابہ برداشت کرسکتے ہیں اورنا ہی پاکستان کو شیعہ سنی فسادات کی نظر ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں پاکستان کو عراق اور شام بنانا چاہتی ہیں اس لیے حکمرانوں او رسیاست دانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ اہل سنت کے جتنے بھی اجتماعات ہوئے ہیں ان میں کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا 18اکتوبر کو لاہور میں ہونے والی عظمت صحابہ واہل بیت کانفرنس بھی انتہائی پر امن ہوگی اور کل جماعتی مجلس عمل اپنے متفقہ مطالبات کی روشنی میں آگے بڑھتی ہوئی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ 22جولائی کو پنجاب اسمبلی میں تحفظ بنیاد اسلام بل جو متفقہ طور پر منظور ہوا تھا اس کے قانونی پراسس کو مکمل کیا جائے اور جناب گورنر پنجاب اس پر دستخط کریں انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس قسم کا بل قومی اسمبلی میں قانون سازی کے لیے لایا جائے اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے صحابہ واہل بیت پر تبراء بازی کا راستہ بند کردیا جائے۔ قبل ازیں مرکز اہل حدیث لارنس روڈ لاہور میں علامہ حافظ ابتسام الہٰی ظہیر کی صدارت میں مجلس عمل کے رہنماؤں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مولانا عبدالرؤف فاروقی،مولانا زاہد الراشدی، مولانا عبدالرؤف ملک،قاری اسعد عبید،مولانا فہیم الحسن تھانوی،مولانامجیب الرحمن انقلابی،مولانا جمیل الرحمن اختر،،حافظ حسین احمد،عبداللطیف خالد چیمہ،میاں محمد اویس،قاری محمد قاسم بلوچ،حافظ نعمان حامد اور علامہ محمد یونس حسن نے شرکت کی اور18اکتوبر کی کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے طویل مشاورت کی جس کے بعد بتایا گیا کہ استقبالیہ کمیٹی،مالیاتی کمیٹی،ایڈوٹیزینگ کمیٹی،میڈیا کمیٹی اور سکیورٹی کمیٹی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اس اجلاس سے علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے صدارتی خطاب میں کہا کہ توہین صحابہ کے دلخراش واقعات نے پوری دنیا کے مسلمانوں کو آزردہ کرکے رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اہل سنت کے طبقات کامجلس عمل کے پلیٹ فارم پر متحد ہونا خوش آئند ہے مرکز ی جمعیت اہل حدیث 18اکتوبر کے اجتماع کو کامیاب بنانے کے لیے مجلس عمل کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔اور سواد اعظم اہل سنت کے مطالبات کی منظوری تک ہماری پر امن آئینی جد و جہد جاری وساری رہے گی۔