لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پا کستان کے شعبۂ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کے مبلغین کے سہ ماہی اجلاس سےجامع مسجد احرار چناب نگر میں خطاب کرتے ہوئے مجلس احرار اسلام کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ عقیدۂ رسالت و ختم نبوت اسلام کی بنیاد ہے اور عقیدہ ختم نبوت میں ذرہ سی تشکیک حالت کفر و ارتداد تک لے جاتی ہے۔چودہ صدیوں سے مسلمانوں کا یہ عقیدہ چلا آرہا ہے کہ حضور خاتم النبیین صلی اللہ وعلیہ وسلم کے بعد کوئی نبی ورسول پیدا نہ ہو گا اور عقیدۂ ختم نبوت کا انکار کرنے والے افراد یا گروہ دائرہ اسلام سے خارج ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی پر امن تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔عبداللطیف خالد چیمہ نے مبلغین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوش قسمت لوگ ہیں جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے منصب رسالت و ختم نبوت کے تحفظ کے لیے شہر شہر پھررہے ہیں اس سلسلے کو آج کی زبان اور آج کے لہجے میں پوری دنیا میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مبلغین اسلام اور مبلغین ختم نبوت کی اہمیت و ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے تاکہ پوری دنیا میں ختم نبوت کا پیغام امن پہنچایا جاسکے۔ مولانا محمد مغیرہ نے کہا کہ مرزا غلام احمد قادیانی کے دعؤوں کو جھوٹا ثابت کرنے کے لیے گہرے مطالعے کی ضرورت ہے اور قادیانی شاطرانہ انداز میں جس طرح دنیا کو دھوکا دیتے ہیں اس کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مبلغین کو ہدایت کی کہ وہ قرآن و حدیث کی روشنی میں امت کے اجماعی عقائد کا مطالعہ کریں اور پھر انکار ختم نبوت پر مبنی فتنوں کے تعاقب کے لیے دنیا میں پھیل جائیں کہ یہی فطرت احرار ہے۔