لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر سید عطاء المہیمن بخاری،نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد، سید محمد کفیل بخاری، سیکر ٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ،میا ں محمد اویس،قاری محمد یوسف احرار، ڈاکٹر محمد عمر فاروق احرار، مولانا محمد مغیرہ،سید عطاء اللہ بخاری ثالث اور دیگر رہنماؤں نے سینٹ میں جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسم گرامی کے ساتھ ”خاتم النبیین“ لکھنے اور پڑھنے کو لازمی قرار دینے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور ہونے کا پر جوش خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عقیدۂ ختم نبوت کی جد وجہد کی بے حد پزیرائی سے تعبیر کیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں مجلس احرار اسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے قائدین اور رہنماؤں نے قرار داد کے محرک جماعت اسلامی کے سنیٹر مشتاق احمد اور پورے سینٹ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انکی دنیاو آخرت کی کامیابی کی دعاء کی ہے۔ان رہنماؤں نے سیدہ حضرت فاطمہؓ سمیت تمام صحابہ اکرامؓ و صحابیاتؓ کی شان میں گستاخی کے خلاف بھی قرار داد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اسلام اور مسلمانوں کی مقدس حستیوں کا یکساں احترام پوری امت کا فریضہ ہے ان رہنماؤں نے قومی اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسم گرامی کے ساتھ ”خاتم النبیین“ لکھنے،پڑھنے،بولنے اور تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کے لیے عمل درآمد کے لیے وفاق اور صوبوں کو خط لکھنے کو عملی کار وائی کے مترادف قرار دیاہے اور کہا ہے کہ اسلامی جموریہ پاکستان کے ہر سطح کے ایوانوں میں جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کا پرچم بلند ہو رہا ہے جو منکرین ختم نبوت اور استعماری قوتوں کی شکست ہے۔قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے کہا ہے کہ جوں جوں امریکی واستعماری قوتیں قادیانیوں کے حق میں مختلف حربے استعمال کررہے ہیں،توں توں مسلمانوں کے دل نشۂ عشق محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے سر شار ہو رہے ہیں اور وہ وقت قریب ہے جب قادیانیوں کو بین الاقوامی مورچوں پر بھی شکست سے دو چار ہونا پڑے گا۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ حکومتی ایوانوں میں گزشتہ تین ماہ سے تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس صحابہ و اہل بیت کے عنوان پرجو مثبت آواز اٹھی ہے، یہ شہدائے ختم نبوت کے مقدس خون کا صدقہ ہے کہ قادیانی اور قادیانی نواز حلقوں کو شکست سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر اور پوری قوم تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کے محا ذ پر ایک تھی ایک ہے اور ایک رہے گی۔یہ ان میں مضبوط ترین قدر مشترک ہے،جس پر کمزور سے کمزور اور گناہگار سے گناہ گار مسلمان بھی سینہ تان کر کھڑا ہو جاتا ہے کیوں کہ اس میں ہماری دنیا وآخرت کی کامیابی مضمر ہے۔