لاہور(پ ر) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے ملعونہ آسیہ مسیح کا فرانس میں بیٹھ کر قانون توہین رسالت کے خلاف مہم جوئی کا اعلان انتہائی گستاخانہ اور اشتعال انگیز قراردیاہے۔سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلے کے برعکس فیصلہ کروانے اور آسیہ کو باہربھجوانے والی قوتیں اور ان کے معاونین اس مہم جوئی کا پوراحصہ ہیں۔ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر عبداللطیف خالدچیمہ نے آسیہ مسیح کے چینل 94کو حالیہ انٹرویو اور بیانات پراپنے تبصرے اور ردعمل میں کہاہے کہ ایک طویل دورانیے والی مہم کے ذریعے پاکستان سے 295سی کو ختم کروانے کا جوسلسلہ امریکہ اور استعماری قوتوں نے شروع کیاتھا آسیہ مسیح کیس کو ابتداء سے لے کر اب تک اس کے لیے استعمال کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ آسیہ مسیح کی فرانسیسی صدر ایمانوئل میخون سے ملاقات کرائی گئی اور آسیہ کی پناہ کی درخواست کی منظوری بھی دی گئی۔انہوں نے کہاکہ آسیہ مسیح کا قانون تبدیل کرنے کامطالبہ انتہائی اشتعال انگیز ہے اور ایف آئی آر کے برعکس وہ جو کچھ فرانس میں بیٹھ کر کہہ رہی ہے یااس سے کہلوایا جارہاہے وہ صریحاً خلاف واقعہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر اقلیتیں اکثریت کو پامال کریں گی توکشیدگی توبہرحال جنم لے گی۔جس کی ذمہ داری اقلیتوں پرعائد ہوتی ہے یاپھرجواقلیتوں سے اشتعال انگیزی کرارہے ہیں وہ ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتیں مکمل آزاداورمحفوظ ہیں،آسیہ مسیح سے پاکستان اور اسلام کیخلاف زہر اگلوانا غیرملکی ایجنڈاہے جس کو پر وان چڑھایا جارہے۔انہوں نے کہاکہ آسیہ نے فرانسیسی جریدے کو انٹرویومیں یہ بھی کہا کہ”کسی کوبھی توہین رسالت میں سزا نہیں ہونی چاہیے میرے خیال میں اسلام میں اصلاح کی ضرورت ہے“۔ایک الہامی دین پر نہایت ہی ارتدادی جملہ ہے۔ اورآئین پاکستان اور ریاست پاکستان کو کھلا چیلنج ہے حکومت پاکستان اور آسیہ کو باہر بھجوانے والی قوتوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور قانون کے مطابق اس کو پاکستان لایاجائے۔