مرکزی ناظم دعوت و ارشاد جناب ڈاکٹر محمد آصف کا تین روزہ دورہ ڈیرہ اسمٰعیل خان (رپورٹ: محمد عاصم )
مجلس احرار اسلام کے شعبہ دعوت و ارشاد کے ناظم جناب ڈاکٹر محمد آصف صاحب تین روزہ دورے پر ڈیرہ اسمٰعیل خان تشریف لائے۔ انھوں نے متعدد مقامات پر ختمِ نبوت کورسز اورعمومی اجتماعات سے خطاب کیا۔
20؍ فروری 2020ء کو ڈاکٹر محمد آصف صاحب رات 10بجے ڈیرہ اسمٰعیل خان پہنچے۔
21؍ فروری، بروز جمعہ مسجد امیر حمزہ کچی پائند خان میں خطاب جمعہ۔ (۱ گھنٹہ) تقریباً 400افراد کا اجتماع تھا۔ خطاب کے بعد سوال و جواب کی نشست ہوئی۔ دوسری نشست، بستی ترین میں، قاری محمد طارق صاحب کے ہاں ہوئی جس میں 150افراد شریک ہوئے۔ علماء کرام اور مفتی صاحبان سے ایک ڈیڑھ گھنٹہ نشست رہی اور سوال جواب ہوئے۔ تیسری نشست، مسجد نمرہ، انجم آباد، مولانا خادم حسین کے ہاں ہوئی تقریبا 250افراد شریک ہوئے۔ مغرب تا عشاء سوال جواب کی ن
شست ہوئی۔
22؍ فروری، ہفتہ، نماز فجر کے بعد بستی دین پور مسجد سیدنا صدیق اکبر، چاچا اسلم (نائب ناظم) کے ہاں نشست ہوئی۔ 70سے 80حضرات شریک تھے۔ آخر میں سوال جواب بھی ہوئے۔ دوسری نشست شجاع ہال۔ ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ اسمٰعیل خان میں وکلا سے خطاب، بعد ازاں وکلا کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ تقریباً 200وکلا شریک ہوئے۔ محترم سلیم جان خان ایڈووکیٹ نے دعا کرائی۔ نشست 11بجے سے 12:30تک جاری رہی۔ جبکہ تیسری نشست دار بن کلاں مسجد گنبد والی۔ (ختم نبوت کورس) عصر تا عشاء۔ تقریباً 300افراد کا اجتماع ہوا۔ آخر میں سوال جواب کی نشست ہوئی۔
23؍ فروری، اتوار، بستی ڈیوالہ، مسجد الفردوس میں 9بجے سے 10:30تک پہلی نشست ہوئی۔ دوسری نشست تقریبِ دستار بندی حفظ قرآن، مفتی محمد عرفان صاحب کے مدرسہ میں 11بجے سے 1:30تک رہی۔ تقریباً 350 افراد شریک ہوئے۔ آخر میں سوال و جواب کی مجلس ہوئی۔ تیسری نشست مکی مسجد، پروآ میں عصر تا عشاء ختم نبوت کورس تقریباً 250افراد شریک ہوئے۔
24؍ فروری، صبح، قاری محمد عرفان، مدینۃ العلوم، یوسف گیلانی ٹاؤن، 200افراد کا اجتماع۔ علماء کرام اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔
ان اجتماعات کے انعقاد میں مجلس احرارِ اسلام ڈیرہ اسمٰعیل خان کے ذمہ داران جناب قاری محمد احسان (امیر جماعت) محمد عاصم (نائب امیر) جناب حاجی مشتاق صدیقی (ناظم)چاچا محمد اسلم (نائب ناظم) اور کارکنانِ احرار نے بہت محنت کی۔ الحمد ﷲ عوام کے تمام طبقات نے شرکت کی۔ ہر طبقے تک تحفظ ختمِ نبوت اور دعوت اسلام کا پیغام پہنچایا گیا۔ شرکاء کو مجلس احرارِ اسلام کا تعارف کرایا گیا اور جماعت میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔ سوال و جواب کی نشستوں میں شرکاء نے بے تکلفی سے سوالات کیے اور ڈاکٹر صاحب کے مدلّل جوابات سے بہت مطمئن ہوئے۔ اﷲ تعالیٰ ڈاکٹر صاحب کی محنت کو قبول فرمائے۔ ان شاء اﷲ ان اجتماعات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
لاہور (6فروری) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد ، سید محمد کفیل بخاری ، سیکرٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ ،میا ں محمد اویس اور دیگر رہنماؤں نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کہا ہے کہ عالم کفر اور عالمی استعمار گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ کشمیر کے الحاق کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے۔ مہاتیر محمد میں امت کی قیادت کی صلاحیت موجود ہے کشمیر کمیٹی نے کشمیر کاز کے لیے کچھ نہیں کیا موجودہ حکمران مسئلہ کشمیر پر سفارتکاری میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ۔سید عطاء المہیمن بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان بنتے وقت مسئلہ کشمیر کے کیس کو خراب کیا گیا اور قادیانیوں نے باؤنڈری کمیشن کے ذریعے سازشی کردار ادا کیا یوں ضلع گورداس پور کو پاکستان کی بجائے انڈیا میں رکھنے کی درخواست دے دی جس سے کشمیر کو جانے کا پاکستان کے لئے راستہ بند ہوگیا ۔عبد اللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ آج بھی کشمیر کاز پر قوم کو دھوکے میں رکھا جا رہا ہے اور عالمی کفریہ ایجنڈے کی تابعداری کی جا رہی ہے ایسے میں عوام کو ہوش کے ناخن لینے چاہیےں اور حکمرانوں اور سیاستدانوں کے عزائم سے باخبر رہنا چاہیے۔
لاہور(9فروری) مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ عالمی استعماری قوتیں پاکستان کے خلاف سازشوں کے ایجنڈے کو جاری رکھے ہوئے ہیں ،کشمیر کو بین الاقوامی سازشوں کا مرکز بنا دیا گیا ہے مخصوص طبقے کو ملک و قوم پر مسلط کر کے اپنے ایجنڈے کی تکمیل کرائی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پر حکومتی خاموشی سوالیہ نشان ہے، معیشت قرضوں پر قرضے لیکر چلائی جارہی ہے ملک کو پلج کر کے رکھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بیروز گاری پر کنٹرول کرنے میں حکومت بے بس نظرآرہی ہے،وزیراعظم کا بیان کہ عوام کو ریلیف دیناریاست کی ذمہ داری ہے عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے، عوام کوسہولیات دینے کی بجاے منہ کا نوالہ چھینا جا رہا ہے، دینی و سیاسی جماعتوں کومل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ ملک کی خوشحالی اورامن اسلامی نظام کے نفاذمیں ہی مضمرہے ،اسلامی سزاؤں کے نفاذسے ملک میں بڑھتی جرائم کی شرح کو کنٹرول کیاجاسکتاہے ۔
لاہور(10فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ متعدد مقامات پر قادیانیوں نے جعل سازی کرکے مسلم ووٹر لسٹوں میں اندراج کرایاہے جوکہ انتہائی قابل مذمت اور شرانگیز ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیاکہ قادیانیوں کی اس غیر قانونی حرکت کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے ان کے نام مسلم ووٹر لسٹوں سے خارج کیے جائیں اور ان کا اندراج غیرمسلم اقلیتی لسٹوں میں کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ قادیانی ملکی آئین کو تسلیم نہ کرکے بغاوت کے مرتکب ہورہے ہیں ،ریاست ان کے ساتھ باغیوں جیسا سلوک کرے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے کارکن اپنے اپنے حلقوں میں جاکر ڈسپلے سنٹر پر ووٹر لسٹوں کی جانچ پڑتال کریں جہاں کہیں ایسی دھوکہ دہی کی گئی ہواس کی فوراً نشاندہی کریں تاکہ قادیانیوں کی اس سازش کو ناکام بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کئی شہروں میں فارم 16پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں لہذا الیکشن کمیشن اور نادرا ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے قادیانیوں کی ایسی کارروائیوں کا نوٹس لے اور ان اعتراضات کا خاتمہ کرے۔ تاکہ ملک میں انتشار کی فضا پیدانہ ہو۔ انہوں نے حکومت اورالیکشن کمیشن سے مطالبہ کیاکہ وہ مسلم اورغیرمسلم کے فرق بابت الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلائیں تاکہ جن جن علاقوں میں قادیانیوں نے دھوکہ دہی کی ہے اس کا مناسب تدارک اور ازالہ ہوسکے۔
لاہور(14فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے قائدین ،رہنماؤں اور مبلغین ختم نبوت نے کہاہے کہ فتنہ انکار ختم نبوت کا اصل علاج اسوہ سیدنا صدیق اکبرؓ میں پنہاں ہے ،جنہوں نے آپﷺ کے حکم سے جھوٹے مدعی نبوت مسیلمہ کذاب کا قلع قمع کروایا اور اس معرکے میں بارہ سوحفاظ حضرات صحابہ کرامؓ شہید ہوئے ۔قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے اپنے بیان میں کہاہے کہ پوری امت کی نجات آپ ﷺ کے احکامات پر عمل پیرا ہونے میں ہے اور حضرات صحابہ کرامؓ نے دین پرجس استقامت کے ساتھ عمل کرکے دکھایا وہ اسوہ ہی ہمارے لیے قابل عمل ہے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمدکفیل بخاری نے کہاہے کہ سودی معیشت کے ہوتے ہوئے پاکستان اقتصادی طورپر اپنے پاؤں پر کبھی کھڑ انہیں ہوسکتا۔سود کی بقاء دراصل یہودونصاریٰ کا ایجنڈاہے تاکہ کمزورممالک کا استحصال جاری رہے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ خلیفہ اول بالفصل سیدنا صدیق اکبرؓ کا منکرین ختم نبوت کیخلاف جہاد پوری امت مسلمہ کے عقیدے کی عکاسی کرتاہے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک ختم نبوت 1953ء کے دس ہزار شہداء کی یاد میں6مارچ کو ملک بھر میں یوم شہداء ختم نبوت منایا جائیگا جبکہ مارچ کا پورا مہینہ مختلف مقامات پر ختم نبوت کانفرنسوں کا انعقاد ہوگا اور قادیانی ریشہ دوانیوں کو طشت ازبام کیاجائیگا ۔سید عطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری،قاری محمدیوسف احرار ، میاں محمد اویس،مولانامحمدمغیرہ ، مولاناتنویرالحسن احرار،ڈاکٹر محمد آصف،سید عطاء المنان بخاری،مولانا محمد سرفراز معاویہ ،مولانا عتیق الرحمن علوی اور دیگر نے اپنے اپنے خطبات وبیانات میں کہاہے کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ اور قادیانی ریشہ دوانیوں کا سد باب ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو ہماری بہادرفوج کے ہوتے ہوئے کوئی خطرہ نہیں ہے ۔مختلف رہنماؤں نے کہاہے کہ اسلام کے نفاذ کی پر امن جدوجہد اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کا حق ہمیں آئین دیتاہے اور اس حق کو سلیقے سے بیان کرناہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ ترکی کے صدر طیب اردگان کا تما م پاکستانی پر جوش خیرمقدم کررہے ہیں جو دونوں ممالک کے لیے نیک شگون ہے ۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمرفاروق احرار نے اپنے بیان میں کہاہے کہ فروری ،مارچ اوراپریل میں مجلس احراراسلام کے زیراہتمام مختلف سطح پر تربیتی وتعلیمی پروگراموں اور کورسز کو حتمی شکل دی جارہی ہے جن کا اعلان چند روز میں کردیاجائیگا۔
لاہور(15فروری) مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہاہے کہ عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کی اساس ہے۔ پورے دین کی عمارت اسی عقیدہ پر کھڑی ہے۔ اس عقیدے میں ذرہ برابر تشکیک بھی حالت کفروارتداد تک لے جاتی ہے ۔امت نے ہمیشہ اس عقیدے کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانی دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ قادیانیت ایک دجالی فتنہ ہے اس فتنے کی سرکوبی وقت کا تقاضاہے ۔قادیانی پوری دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 1953ء کے دس ہزار شہداء ختم نبوت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے امسال بھی مارچ میں شہداء ختم نبوت کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
بسلسلہ دعوت 15 ویں سالانہ شہدائے ختم نبوت کانفرنس منعقدہ دار بنی ہاشم، احرار رہنماؤں کی سرگرمیاں
مجلس احرار اسلام ملتان کے زیر اہتمام تحریک مقدس تحفظ ختم نبوت 1953 کے دس ہزار شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حسب روایت اس سال بھی 4 مارچ بروز بدھ بعد نماز مغرب، پندرہویں سالانہ شہدائے ختم نبوت کانفرنس دار بنی ہاشم میں منعقد ہونا طے پائی۔ اس کانفرنس کی تیاری اور دعوت کے لیے مجلس احرار اسلام ملتان کے مختلف یونٹس اور دیگر مقامات پر دعوتی دروس قران مجید اور خطبات جمعۃ المبارک کا اہتمام کیا گیا۔
7 فروی جمعہ بعد نماز مغرب، جامع مسجد ابوبکر صدیق، افضل سٹی نزد پرانی پل سورج میانی ملتان میں درس قرآن مجید، مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل نے دیا جبکہ بعد نماز مغرب، حنظلہ مسجد، حنظلہ چوک نزد سیوڑہ چوک میں قاری محمد لقمان کی دعوت پر مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء مفتی سید صبیح الحسن ہمدانی نے درس قرآن مجید ارشاد فرمایا۔
14 فروری جامع مسجد طوبی میں مولانا محمد اکمل نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا اور جامع مسجد نورالاسلام، نورالاسلام کالونی نزد رضا آباد چوک میں مجلس احرار اسلام ملتان کے رہنماء مفتی نجم الحق نے اجتماع جمعہ سے خطاب کیا۔
21 فروری جامع مسجد الخلیل نیو لطیف آباد میں مولانا محمد اکمل نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب جامع مسجد کرنالوی مین بازار قاسم بیلہ میں مفتی نجم الحق نے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔
22 فروری بروز ہفتہ بعد نماز مغرب، ادارہ علوم دینیہ اشاعت القرآن، کڑی جمنداں بابر روڈ میں تکمیل قرآن مجید کی تقریب سے مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر مولانا سید محمد کفیل بخاری نے خطاب کیا جبکہ بعد نماز عشاء جامع مسجد کرنالوی مین بازار قاسم بیلہ میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید عطاء اﷲ ثالث بخاری نے 25 ویں سالانہ یوم سیدنا امیر المومنین خلیفہ سادس و عادل و راشد وبرحق امیر معاویہ سلام اﷲ علیہ کے عنوان سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کیا۔
23 فروری بروز اتوار جامعہ نعمانیہ نظامیہ قدیر آباد میں طلباء سے اور بعد نماز عصر جامع مسجد مکی بستی نواں شہر، باقر پور لاڑھ میں سید محمد کفیل بخاری نے خطاب کیا۔
24 فروری بعد نماز عصر لال مسجد کینٹ جبکہ بعد نماز عشاء جامع مسجد رشیدیہ، رشید آباد خانیوال روڈ میں بھی سید محمد کفیل بخاری نے اصلاحی بیان کیے۔ تمام مقامات پر احرار رہنماؤں نے احرار کارکنان اور دیگر حضرات کو 4مارچ بروز بدھ بعد نماز مغرب مجلس احرار اسلام ملتان کے زیر اہتمام دار بنی ھاشم میں منعقدہ 15 ویں سالانہ شہدائے ختم نبوت کانفرنس جبکہ 6 مارچ بروز جمعہ بعد نماز مغرب عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ملتان کے زیر اہتمام اسٹیڈیم قلعہ کہنہ قاسم باغ میں منعقدہ تحفظ ختم نبوت کانفرنس میں بھر پور انداز میں شرکت کی دعوت دی، احرار کارکنان اور دیگر حضرات نے احرار رہنماؤں کو دونوں کانفرنسوں میں اپنی شرکت کی یقین دہانی کروائی اور اپنے اپنے حلقے میں کانفرنسوں کی کامیابی کے لیے بھر پور محنت کرنے کا بھی عزم کیا۔
خصوصی اشاعت ماہنامہ ’’نقیب ختم نبوت‘‘ ملتان
محسن احرار ابن امیر شریعت حضرت مولانا سید عطاء المحسن بخاری رحمۃ اﷲ علیہ
کے حوالے سے ان شاء اﷲ العزیز خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ تمام احباب، رفقاء و کارکنان احرار اور قارئین کرام سے درخواست ہے کہ وہ اپنے تأثرات، مضامین، منظوم کلام، خطوط اور یاداشتیں وغیرہ جلد از جلد دفتر ماہنامہ ’’نقیب ختم نبوت‘‘ ملتان کو ارسال فرماویں۔
برائے رابطہ و ترسیل: دفتر ماہنامہ نقیب ختم نبوت، دار بنی ہاشم مہربان کالونی ملتان 4511961-061
www.ahrar.org.pk / majlisahrar@yahoo.com / majlisahrar@hotmail.com