لاہور(یکم فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ اورنائب امیر سیدمحمدکفیل بخاری نے کہاہے کہ عازمین حج کے لیے حکومت کی جانب سے سبسڈی ختم کرنا،نہ صرف ظلم ہے بلکہ ریاست مدینہ کے دعوؤں کی بھی نفی ہے ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے مسجد ختم نبوت بورے والا میں نمازجمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمران اپنے دعوؤں میں جھوٹے ثابت ہورہے ہیں جبکہ اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے کے لیے بیک ڈور ڈپلومیسی سے کام لیاجارہاہے اورعقیدۂ ختم نبوت اور295سی کے خلاف گھناؤنی سازشیں ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قادیانیوں اوردین دشمنوں کو نوازاجارہاہے انہوں نے کہاکہ حق سچ کہنااکابر احرارکاشیوہ ہے اورہم بھی اس طریقے پر قائم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ملزمان کا متضاد بیان اس بات کی عکاسی کرتاہے کہ ملزمان کو تحفظ دینے کے لیے سرتوڑکوششیں ہورہی ہیں ۔انہوں نے لوگوں پر زور دیاکہ وہ اپنی نسلوں کو عقیدہ ختم نبوت سے روشناس کرانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔بعدازاں عبداللطیف خالد چیمہ نے جامعہ حنفیہ بورے والا میں مولانا قاری محمد طیب حنفی کے بھائی ڈاکٹر انورغنی مرحوم کے انتقال پر تعزیت کی اور حاجی غضنفر علی کے بیٹے صلاح الدین کے دعوت ولیمہ میں شرکت کی ،جبکہ سید محمد کفیل بخاری نے ڈسکہ میں نماز جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اﷲ کی زمین پر اﷲ کاقانون نافذ ہوگاتو دنیامیں امن ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ عقیدۂ ختم نبوت امت کے لیے وجۂ اتفاق ہے ناموس رسالت پر پوری امت مسلمہ کی ایک ہی آواز ہے کہ جناب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی توہین کرنے والے کی سزاموت ہے لیکن یہ ذمہ داری حکومت کی ہے کہ و ہ اپنی ذمہ داری کوپہچانے اور 295سی پرعمل درآمد کی صورت حال کو مؤثر بنائے ۔
لاہور(4فروری) مجلس احراراسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت کی قیادت نے اپنی جماعت کی ماتحت شاخوں کو ہدایت کی کہ وہ یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے احتجاجی مظاہروں میں بھر پور شرکت کریں اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کااظہار کریں ۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیرسیدعطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اورسیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے اپنے بیان میں کہاہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد اورکشمیری شہداء کا خون بالآخر رنگ لائے گا اور کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد طویل مدت سے جاری ہے۔1931ء میں مجلس احرارکے کارکن الہٰی بخش شہیدچنیوٹی نے جام شہادت نوش کیا تھا اور یہ ڈوگرہ راج کے خلاف تحریک کشمیر کے پہلے شہید تھے ۔ جبکہ پاکستان کی حکومتیں بین الاقوامی سطح پرکامیاب سفارت کاری نہیں کرسکیں،انہوں نے کہاکہ آج کا دن کشمیر کاز کو تقویت پہنچانے کاہے۔ انہوں نے کہاکہ آج پوری دنیا میں کشمیریوں کے ساتھ ہم آہنگی اور یکجہتی کا اظہار کیاجائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اورریاستی دہشت گردی عروج پرہے ،حق خودارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے جو ان کو ملناچاہئے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمدہے ۔
لاہور(5فروری) مجلس احراراسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت کی قیادت نے یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے کہاہے کہ ظلم کی طویل سیاہ رات ختم ہوکررہے گی اورشہدائے کشمیرکا خون اور قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر پاکستان کا حصہ بن کررہے گا ۔قائداحرار سید عطاء المہیمن بخاری ، سید محمد کفیل بخاری ،عبداللطیف خالدچیمہ ،ڈاکٹرعمر فاروق احرا ر نے اپنے اپنے بیانات میں کہاہے کہ 1931ء میں ڈوگرہ راج کے خلاف تحریک کشمیر چلی توسب سے پہلے احرار کی پکار پر الہٰی بخش شہید چنیوٹی نے اپنی جان کی قربانی دی .انہوں نے کہاکہ پاکستان بنتے وقت باؤنڈری کمیشن کو قادیانیوں نے یہ درخواست دی کہ ضلع گرداس پور کو پاکستان کی بجائے انڈیا میں رہنے دیا جائے حالانکہ اس وقت ضلع گرداس پور کی باون فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل تھی لیکن پاکستان کیخلاف ایک سازش کے ذریعے ضلع گرداس پور کو انڈیا میں رہنے دیاگیا جس کی وجہ سے کشمیر کو جانے کے راستے مسدود ہوئے انہوں نے کہاکہ آج بھی قادیانی پاکستان کی سلامتی کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ احراررہنماؤں نے کہاکہ یواین او کی قراردادو ں کے مطابق کشمیریوں کواپناحق خودارادیت استعمال کرنے کی اجازت ان کا فطری حق ہے جس سے انہیں محروم کیاگیاہے انہوں نے کہاکہ گزشتہ اورموجودہ حکومت انٹرنیشنل سطح پر کشمیر کاز کوموٹیویٹ کرنے میں ناکام رہی ہیں لیکن کشمیریوں کی مسلسل قربانیوں نے پوری دنیا پرکشمیری مؤقف واضع کردیاہے۔ اس فرق کو اب مدھم اور مٹایا نہیں جا سکتا، انہوں نے کہاکہ ڈوگرہ راج کیخلاف سب سے پہلے مجلس احرار اسلام نے تحریک چلائی جو تاریخ کے صفحات پر ثبت ہے ۔
لاہور(6فروری)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے ملعون گیرٹ وائلڈر کے قریبی ساتھی اور پارٹی آف فریڈم کے رکن قومی اسمبلی جورم وین کلورین کے قبول اسلام کو پھیلتی ہوئی اسلامی حقانیت کا مظہر قراردیا ہے اور کہاہے کہ اسلام کی تعلیمات کو روکنااب عالم کفر کے بس کی بات نہیں ہے ۔ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر اورمجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے مرکزی دفترسے جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ جورم وین کلورین کاقبول اسلام اور ان کے تاثرات اس بات کا پتہ دیتے ہیں کہ اسلامی تعلیمات بتدریج عالم کفر کو اپنی آغوش میں لے رہی ہیں اورمسلمان ہونے والوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہاہے ۔
عبدا للطیف خالد چیمہ نے سابق صدر پاکستان ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے اس بیان کہ’’میرے دور میں مسئلہ کشمیر حل ہونے والا تھا‘‘کوانتہائی مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پرویزمشرف نے پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو کمزور کیااورمسئلہ کشمیر کو الجھانے میں اہم کرداراداکیا۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل سے تعلقات کے مسئلے پر بیک ڈور ڈپلومیسی کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی اور اسلام اور وطن سے محبت کرنے والے آخر کا ر کامیا ب ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ حد ہوگئی ہے کہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں قادیانیوں کو قادیان یاترا کے لیے سہولتیں دی جارہی ہیں اورحاجیوں کے لیے مالی مشکلات پید اکی جارہی ہیں کیایہی ریاست مدینہ کاتصور ہے ؟۔ انہوں نے مزید کہاکہ کشمیرپاکستان کاحصہ بن کر رہے گا کشمیر یوں کی آواز پوری دنیا میں سنائی دی جارہی ہے جبکہ حکومت کی سفارت کاری کمزور نظرآرہی ہے ۔
ملتان (10 فروری) مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل، ناظم مولانا عبد القیوم، قاری عبد الناصر، سعید احمد،عدنان ملک، فرحان حقانی ودیگر ذمہ داران نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں قادیانیوں کے ٹی وی چینل ایم ٹی اے کو لاہور کے کیبل آپریٹرز کی طرف کی سے آن ائیر کرنے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ بحیثیت مسلمان کیبل آپریٹرز کی یہ حرکت بہت ہی شرمناک ہے۔ انھوں نے کہا حکومت پاکستان نے قادیانی چینل کو قانونی طور پر بین کر رکھا ہے جبکہ کیبل آپریٹرز پیسوں کے بدلے ایمان کا سودا کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا قادیانی یہودونصاری کے ایجنٹ اور ان کے جاسوس ہیں، قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام نے پاکستان کے ایٹمی راز امریکہ کو دے کر پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا یہ کسی بھی صورت ملک کے وفادار نہیں ہوسکتے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا اور اس میں محمد کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کا دین ہی نافذ کیا جائے گا ہم جب تک زندہ ہیں کسی جعلی نبوت اور جعلی نبی کے پیروکاروں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ قادیانیوں کی ارتدادی سرگرمیوں کو ایک منظم سازش کے تحت پھیلایا جارہا ہے اور حکومت ملک میں کسی نئے فساد کا خود ذریعہ بن رہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ اس کو بند کروائے تاکہ ملک میں انتشار اور انارکی نہ پھیلے۔
لاہور(14فروری)مجلس احراراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی حکومت پاکستان کی طرح اپنے آئین میں ترمیم کرکے لاہوری وقادیانی مرزائیوں کو غیر مسلم اقلیت قراردے اور قادیانیوں کی تبلیغی سرگرمیوں کو روکے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ چونکہ یہ فتنہ ہندوستان میں پیدا ہوا اور پاکستان کی حکومت نے سب سے پہلے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت ڈکلیئر کیا لہٰذاحکومت پاکستان سفارتی سطح پر بنگلہ دیش کی حکومت سے رابطہ کرکے اس کو عقیدۂ ختم نبوت کی اہمیت سمجھائے اور قادیانیت کے مضمرات سے آگاہ کرے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں رابطہ عالم اسلامی اور مکہ کانفرنس کی تقلید واتباع ضروری ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی حکومت سے کہا کہ وہ قادیانیت نوازی ترک کرے اور قادیانیوں کی ارتدادی تبلیغ کو روکے۔
لاہور( 14فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہاہے کہ دنیاکے ہرکونے میں مسلمانوں پرہی ظلم کے پہاڑڈھائے جارہے ہیں اس کے باوجود مسلمانوں کوہی دہشت گردبھی قراردیاجاتاہے انہوں نے چین کے صوبہ سنکیانگ میں اؤیغور مسلمانوں کو حراستی کیمپوں میں رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت اور ترکی کے وزیرخارجہ کے چین کے مسلمانوں کے بارے میں مذہبی وشہری حقوق کی بحالی کے مطالبے کی بھرپورحمایت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان چین کی حکومت سے اس سلسلے میں بات چیت کرکے اؤیغور مسلمانوں کودرپیش مشکلات کا ازالہ کرے تاکہ حراستی کیمپوں میں رہنے والے دس لاکھ مسلمانوں کے شہری ومذہبی حقوق بحالی کا اہتمام کیا جائے ۔
ملتان (15 فروری) عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت اسلام کی حفاظت ہے، عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں دینی جوش و جذبے، دینی غیرت و حمیت اور حکمت و دانائی سے پوری کرنی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام یونٹ نیو لطیف آباد کے زیر اہتمام جامع مسجد الخلیل میں درس قرآن بسلسلہ دعوت 14 ویں سالانہ شہدائے ختم نبوت کانفرنس منعقدہ 7 مارچ جمعرات بعد نماز مغرب جامع مسجد ختم نبوت، دار بنی ھاشم ملتان، سے خطاب کرتے ہوئے مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر حضرت مولانا حافظ سید محمد کفیل بخاری نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کا عقیدہ رکھے بغیر کوئی مسلمان نہیں ہو سکتا۔ اسی طرح عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کا فرض ادا کئے بغیر اسلام اور پیغمبر اسلام صلی اﷲ علیہ وسلم کا حق ادا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام 90 سال سے عقیدہ ختم نبوت کے فروغ اور تحفظ کیلئے مثبت انداز میں جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں قادیانیوں سمیت کئی غیر مسلم دائرہ اسلام میں داخل ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام حکومت الہیہ کے قیام کیلئے دینی جدوجہد کرنے والی تمام دینی و سیاسی جماعتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وطن عزیز پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے احرار رہنماء اور کارکن دینی جدو جہد آئینی و قانونی دائرہ کار میں رہ کر ادا کر رہے ہیں۔ اور آئندہ بھی مثبت و مؤثر انداز میں اپنی اس دینی جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے، انہوں درس قرآن میں شریک تمام شرکاء کو 7 مارچ جمعرات کو بعد نماز مغرب دار بنی ھاشم میں 1953 کے دس ہزار شہدائے ختم نبوت کی یاد میں منعقدہ شہدائے ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ درس قرآن میں مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل، ناظم مولانا عبدالقیوم، بھائی لیاقت، عارف شہزاد، مفتی مجاہد الرحمن سمیت کثیر تعداد میں احرار کارکنوں اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔
لاہور(18فروری)مجلس احراراسلام کا 3مارچ کو ایوان احرارنیومسلم ٹاؤن لاہور میں منعقد ہونے والی سالانہ تحفظ ختم نبوت کانفرنس کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس مجلس احراراسلام لاہور کے صدر حاجی محمد لطیف کی صدارت میں منعقد ہواجس سے مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ختم نبوت دین کی اساس اور ہمارے ایمان کی روح ہے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیں گے لیکن حضور ﷺ کی عزت و نامو س پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے ، انہوں نے کہاکہ عالم کفر اسلام کو جتنا دبانا چاہتا ہے یہ اتنا ہی ابھر رہاہے اور پو ری دنیا میں اسلام تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے یہ دراصل اسلام کی حقانیت کی واضح دلیل ہے اور اسلام کے اﷲ کا پیارا دین ہونے کا ثبوت ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان بھرمیں جتنی دینی جماعتیں کام کرہی ہیں وہ سب مل کر کفریہ طاقتوں کے خلاف میدان عمل میں اتر کر صحیح معنوں میں ختم نبوت کا تحفظ کر نے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا قادیانی یہودونصاریٰ کے ایجنٹ اور ان کے جاسوس ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا اور اس میں محمد کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کا دین ہی نافذ کیا جائے گا ہم جب تک زندہ ہیں کسی جعلی نبوت اور جعلی نبی کے پیروکاروں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،انہوں نے کہا کہ قادیانیوں کی ارتدادی سرگرمیوں کو ایک منظم سازش کے تحت پھیلایا جارہا ہے اور حکومت ملک میں کسی نئے فساد کا خود ذریعہ بن رہی ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کی ارتدادی وتبلیغی سرگرمیاں کا نوٹس لے تاکہ ملک میں انتشار اور انارکی نہ پھیلے۔
مجلس احراراسلام لاہور کے ناظم اعلیٰ قاری محمد قاسم نے بتایا کہ 3مارچ کو منعقد ہونے والی عظیم الشان سالانہ تحفظ ختم نبوت کانفرنس کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں مختلف مذہبی وسیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال کیے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس امت مسلمہ کی وحدت کا مظہر ثابت ہوگی اور اس کے اثرات ان شاء اﷲ مثبت طور پر مرتب ہوں گے اس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کر ام وخطباء عظام 1953ء کے دس ہزار شہداء ختم نبوت کو اپنے اپنے الفاظ میں خراج تحسین پیش کریں گے اور ختم نبوت کی اہمیت وفضلیت پر روشنی ڈالیں گے ۔
ملتان(19 فروری) عقیدہ ختم نبوت وحدت امت کا مرکزہے، عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت ہر مسلمان پر فرض ہے، عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے دینی و سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر پر امن جدوجہد کو جاری رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام یونٹ مسجد باب رحمت کے زیر اہتمام مسجد السعید نزد اﷲ شافی چوک ملتان میں مجلس احرار اسلام کے مرکزی نائب امیر حافظ سید محمد کفیل بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مجلس احرار آئندہ بھی وطن عزیز کے استحکام اور اس کی نظریاتی سرحدات کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، انہوں نے کہا کہ عالمی سامراج اور انکے ایجنٹ اسلام و پاکستان کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں سامراج کی ان مذموم سازشوں کو ناکام و نامراد کرنے کیلئے عالم اسلام کو متحد ہو کر مؤثر حکمت عملی کو اختیار کرنا ہوگا۔ درس قرآن کی اس مجلس میں مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل، سیکرٹری اطلاعات فرحان حقانی، قاری عبدالباسط، قاری طیب رشید، مولوی ابوبکر، قاری لیاقت، محمد بلال سمیت احرار کارکنوں اور ہر طبقۂ زندگی سے تعلق رکھنے والی افراد نے بھرپور شرکت کی۔
لاہور(21فروری) تحریک مقدس تحفظ ختم نبوت مارچ 1953ء کے دس ہزار شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ختم نبوت کانفرنسز اور اجتماعات کا سلسلہ 24فروری کو چک چوہڑناگڑیاں ضلع گجرات سے شروع ہورہاہے جہاں اتوار کو صبح 10بجے سے نماز عصر تک ختم نبوت کانفرنس خانقاہ سراجیہ کے سجادہ نشین حضرت مولاناخواجہ خلیل احمدکی زیر صدارت منعقدہوگی ،جس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنمامفتی محمد حسن ، مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری ، عبداللطیف خالدچیمہ ،سید عطاء اﷲ شاہ ثالث بخاری ، حضرت مولانا پیر شکیل اختر ، مولاناعبدالحق خاں بشیر ، جمعیت علماء اسلام پنجاب کے امیر ڈاکٹرعتیق الرحمن ،مولانااشرف مدنی ، مولانامحمد مغیرہ ،مولانا تنویر الحسن احرار ، مولانا حسان شاہد رامپوری، چودھری عابدرضا ایم این اے اور دیگر رہنما شرکت وخطاب کریں گے ۔ اس کے علاوہ یکم مارچ کو گوجرانوالہ ، 2مارچ کوسیالکوٹ،3مارچ کو مرکزی دفتر احرار لاہور جبکہ 7مارچ کو ملتان میں ختم نبوت کانفرنسز منعقدہوں گی ۔مجلس احراراسلام کے شعبہ اطلاعات کے مطابق مجلس احراراسلام کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ 28فروری کو سرگودھا میں خطاب کریں گے جبکہ یکم مارچ کو جامع مسجد احرار چناب نگر میں شہداء ختم نبوت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خطبہ جمعہ دیں گے ۔
دریں اثنا ء مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مارچ 1953ء کے شہدائے ختم نبوت نے لاہور کے مال روڈ کو اپنے مقدس خون سے لالہ زار کردیا تھا لیکن عقیدۂ ختم نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ انہوں نے کہاکہ دس ہزا ر شہدائے 53ء نے اپنے خون سے ایک لکیر کھینچی تھی جس سے قادیانیوں اور مسلمانوں میں فرق اور امتیازواضح ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ء کی قربانی سے پاکستان قادیانی اسٹیٹ بننے سے بچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ختم نبوت کی قربانی رنگ لائی اور 7ستمبر 1974ء کو اسمبلی کے فلور پر قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قراردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مارشل لا ء کا پہلا جبر1953ء کی تحریک پر آزمایا گیا لیکن تحریک ختم نبوت آخرکا ر کامیاب ہوکر رہی ۔انہوں نے کہاکہ قادیانیوں کے مذہبی تعاقب کے ساتھ ساتھ ان کے سیاسی اور معاشی تعاقب کی بھی ضرورت ہے تاکہ پوری دنیا پر قادیانی عقائد واضح ہوسکیں انہوں نے کہا کہ اب بھی امریکہ ،مغرب اور اسرائیل قادیانیوں کی پشت پر ہیں اور مسلمانوں کے عقائد میں نقب لگانے کی کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا مارچ میں ہونے والی شہدائے ختم نبوت کانفرنسز قادیانی دھوکے کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گی ۔انہوں نے دینی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں سے اپیل کہ وہ قادیانیوں کے سیاسی عزائم پر بھی نظر رکھیں تاکہ ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدیں محفوظ ہوسکیں ۔
ملتان(21فروری) دین پورے کا پورا حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کی بدولت امت کو ملا۔ حضور خاتم النبیین ہیں اور ہم خاتم الامم ہیں، دین اسلام کے کام کو اب مزید آگے انسانوں تک پہنچانا ہمارا فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام یونٹ سمیجہ آباد کے زیر اہتمام درس قرآن بسلسلہ دعوت 14 ویں سالانہ شہدائے ختم نبوت کانفرنس ملتان، کے اجتماع سے نواسہ امیر شریعت حافظ سید محمد کفیل بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل نے سمیجہ آباد کے علاقہ پیراں غائب میں ملتان میں مجلس احرار اسلام کے ایک نئے یونٹ کی تشکیل کی جس میں کارکنان نے کثیر تعداد میں جماعت میں شمولیت اختیار کی اور عقیدۂ ختم نبوت کی جدوجہد کے لیے قربانی دینے کا عہد کیا۔
ناگڑیاں میں عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس گجرات (24 فروری) تحریک ختم نبوت 1953 کے دس ہزار شہداء کی یاد میں مجلس احرار اسلام کے شعبہ تبلیغ کے زیر اہتمام جامع مسجد ختم نبوت چوہڑ چک ناگڑیاں ضلع گجرات میں خانقاہ سراجیہ کے سجادہ نشین حضرت مولانا خلیل احمد کی زیر صدارت منعقدہ ایک روزہ سالانہ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ قادیانی اسلام کے غدار اور آئین ودستور پاکستان کے باغی ہیں،قادیانیوں نے چناب نگر میں ریاست کے اندر ریاست بنائی ہوئی ہے جب کہ حکومتی رٹ وہاں نظر نہیں آرہی اس عظیم الشان کانفرنس کی دو نشستیں منعقد ہوئیں جن میں پورے علاقے سے دینی وسیاسی رہنماؤں کا رکنان اور عوام نے بھرپور شرکت کی مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری، سیکرٹری عبد اللطیف خالد چیمہ، سید عطاء اﷲ شاہ ثالث، انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے پی کے امیر مولانا پیر شکیل الرحمن اختر، مولانا مفتی محمد حسن، مولانا محمدمغیرہ، ڈاکٹر محمد آصف، مولانا الیاس احمد، مولانا محمد سرفراز معاویہ، قاری احسان اﷲ، مولانا ضیاء اﷲ ہاشمی، مولانا شعیب ندیم، حافظ محمد ابوبکر اشرف، محمد حسان شاہد رامپوری، قاری عمر رفیق، مولانا فیاض حسین اور ممتاز سیاسی رہنما چودھری عابد رضا کوٹلہ ایم این اے نے خطاب کیا۔ سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ حاجی نمازی حکمرانوں نے 1953 میں دس ہزار نفوس قدسیہ کے مقدس خون سے ہاتھ رنگے اور لاہور کے مال روڈ کو لالہ زار کردیا، انہوں نے کہا کہ قادیانی جماعت کو دہشت گرد قرار دے کر خلاف قانون دیا جائے اور چناب نگر کی تلاشی لی جائے۔ عبد اللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ قادیانی فتنے کا سیاسی تعاقب بھی ضروری ہے تاکہ نسل نو کاایمان محفوظ ہوسکے، ن لیگ کو عقیدہ ختم نبوت سے غداری کی سزا ملی۔ خواجہ خلیل احمد نے صدارتی خطاب میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کا اساسی عقیدہ ہے اس کا تحفظ ودفاع ہر مسلمان کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام اور خانقاہ سراجیہ کا تعلق قدیم سے ہے اور اﷲ سے دعا ہے کہ یہ تعلق ہمیشہ قائم رہے۔