عمیر نجمی
میں ان کی وجہ سے ہوں درج ذیل تین کے ساتھ
خدا کے ساتھ، صحیفے کے ساتھ، دین کے ساتھ
یہی بہت ہے، زیارت ہو ان کی آنکھوں کی
مجھے بٹھاؤ مدینے کے زائرین کے ساتھ
امانتوں کے تحفظ کی رسم کے ہیں امیں
ہمارا ربطِ مسلسل ہے اک امین کے ساتھ
وہ بادشاہ، غلاموں میں ایسے رہتا تھا
افق پہ جیسے جڑا ہے فلک، زمین کے ساتھ
یہی نہیں کہ اتارا تھا صرف حسنِ تمام
خدا نے عشق اتارا تھا اس حَسین کے ساتھ
سوال: کتنے برس تک زمیں تھی رشکِ فلک
جواب: صرف تریسٹھ برس، یقین کے ساتھ