مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب ملین مارچ پر مولانافضل الرحمن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ تحفظ ناموس رسالت اورتحفظ ختم نبوت کی جدوجہد کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔مرکزی دفتر سے جاری اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ خطہ اسلام کے نفاذ کے نام پر حاصل کیاگیاتھا اور اسلام کے نفاذ سے ہی اس کی بقاءممکن ہے ۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کی اسٹیبلشمنٹ آئین کی بالادستی کو بھی ملحوظ رکھے اوروطن عزیز کے دشمنوں کو پنپنے کا موقع نہ دے ،انہوںنے کہاکہ ملک کی جغرافیائی اورنظریاتی سرحدوں کادفاع ہمیں اپنی زندگیوں سے زیادہ عزیزہے ۔انہوںنے کہاکہ ان شاءاللہ تعالیٰ ایک دن آئے گا کہ جب مقبوضہ کشمیر وہاں کے باشندوں کی مرضی کے مطابق پاکستان کا حصہ بنے گا اورمقبوضہ کشمیر کو آزادی مل کررہے گی ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ سفارتی سطح پر اُس طرح اجاگر نہیں کیاجاکرہاہے جس طرح اس کی ضرورت ہے۔میاں محمد اویس نے افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان پاکستان کی کوششوں سے ہونے والے کامیاب مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ افغانستان سے غےر ملکی افواج کے انخلاءتک افغانستان میں امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوگا ۔