فرقہ واریت اور دہشت گردی ناسور، امیدہے عمران خان کیے گئے وعدے پورے کریں گے: سید محمد کفیل بخاری
مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیرسیدمحمدکفیل بخاری نے کہاہے کہ امیرشریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری تحریک ختم نبوت اورتحریک آزادی کے ہیروہیں، ان کی دینی وسیاسی جدوجہد آج بھی مشعل راہ ہے ان کے کارنامے تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ،وہ گزشتہ روز گجرات اورگوجرانوالہ میں مجلس احرار اسلام کے زیراہتمام منعقدہ اجتماعات سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کے استحکام وترقی کے لیے قومی اتحاد ویک جہتی کی ضرورت ہے ،فرقہ واریت ،دہشت گردی اور سیاسی عدم استحکام کوقومی وحدت سے ہی شکست دی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت ہی وحدت امت کی ضمانت ہے ،سیدکفیل بخاری نے کہاکہ عمران خان برسراقتدارآکر ختم نبوت حلف سے غداری کرنے والوں کوسزادیں اورراجہ ظفرالحق رپورٹ مکمل طور پرشائع کریں،انہوں نے کہاکہ عمران خان کواپنے وعدے پورے کرنے کاموقع دیناچاہئے ، اپوزیشن پارٹیوں کوآئینی اورپارلیمانی راستے کوہی اختیارکرناچاہئے ۔عمران خان پاکستان کوریاست مدینہ کی طرز پرچلانے کاوعدہ پوراکریں توقوم ان کابھرپورساتھ دے گی ہمیں امید ہے کہ وہ برسر اقتدارآکر آئین وقانون کی بالادستی اورحلف کی پاسداری کریں گے، آئین کی اسلامی دفعات کاتحفظ اورنفاذآئین سے وفاداری کاتقاضاہے ان اجتماعات سے احراررہنماؤں مولانامحمداکمل ،حافظ ضیاء اللہ ہاشمی ،ڈاکٹرمحمدآصف نے بھی خطاب کیا۔