نگران حکومت سازشوں میں ملوث،قادیانیوں کاالیکشن بائیکاٹ آئین اورریاست سے بغاوت ہے: عبداللطیف خالد چیمہ
متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیراورمجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ ختم نبوت والی ترمیم کے حوالے سے اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیزصدیقی کے فیصلے کے خلاف نگران سیٹ اپ میں اپرلیول پرخطرناک سازشیں ہورہی ہیں اوراندرون خانہ اس فیصلے کوسبوتاژکرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔مرکزی دفترسے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جب بھی ملک میں سیاسی یاانتخابی گہماگہمی ہوتوبیرون ممالک سے بھیجے گئے ایجنڈے کے مطابق اسلامی دفعات اوراسلامی فیصلوں کوختم کرنے کی کوششیں تیز ہوجاتی ہیں تاکہ شوروغل میں استعماری ایجنڈا آگے بڑھایاجاسکے ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ نگران حکومت اپنے پیش رو حکمرانوں کے مطابق قادیانیت نوازی کامظاہرہ کررہی ہے اورنگران وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سید علی ظفر اس مسئلہ پراندرون خانہ دباؤ بڑھارہے ہیں اوربیرونی ایجنڈے کوآگے بڑھانے کے لئے عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا تھا اوراسلام کے نفاذ سے ہی یہ باقی رہ سکتا ہے توہین رسالت اور توہین ختم نبوت کمزورسے کمزور اور گناہگار سے گناہگار مسلمان بھی برداشت نہیں کرسکتا انہوں نے دینی وسیاسی قیادت سے اپیل کی کہ وہ انتخابی مصروفیات سے تھوڑاسا وقت نکال کر عقیدیہ ختم نبوت کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ادراک کریں اور اپنی انتخابی مہم کا حصہ بھی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کہ قادیانی جماعت کے ترجمان سلیم الدین کی طرف سے قادیانیوں کی جانب سے الیکشن میں ووٹ کاسٹ نہ کرنے اور حلف نامے پر عدم اعتماد دراصل آئین اور ریاست سے بغاوت پر مبنی قادیانی رویہ ہے جس کا الیکشن کمیشن اور حکومت کو نوٹس لینا چاہئے۔