مجلس احراراسلام، متحدہ مجلس عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے۔میاں محمد اویس
مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہاہے کہ مجلس احراراسلام اپنی مرکزی ایگزیکٹوباڈی کے فیصلے کے مطابق متحدہ مجلس عمل کی بھرپور حمایت کرے گی اورجہاں مجلس عمل کاامیدوار نہ ہوگا وہاں کارکن اپنی ثواب دید پرنظر یہ اسلام ،نظریہ پاکستان اور عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ اورتحفظ ناموس رسالت کے حامی امیدواروں سے تحریری حلف نامہ لینے کے بعد ان کوووٹ دے سکیں گے ۔مرکزی دفترسے جاری اپنے بیان میں انہوں نے ووٹرز سے بھی پرزوراپیل کی ہے کہ وہ ووٹ دیتے وقت کرپٹ امیدواروں کا مکمل بائیکاٹ کریں اور اسلام پسندی ،دیانتداری کی شہرت کے حامل امیدواروں کوووٹ دیں،ا نہوں نے کہاکہ ووٹ ایسی امانت ہے جس کا دیکھ سوچ کرفیصلہ کرناچاہیے ۔انہوں نے کہاکہ ہم موجودہ سرمایہ دارانہ جمہوری نظام کے نہ توحامی ہیں اورنہ موئد ۔لیکن معروضی صورت حال اورآئین پاکستان کے تقاضوں کے مطابق کارکنوں کوووٹ دینے کے لیے ایک معیار وضع کردیاگیاہے تاکہ کرپٹ عناصرسے جان چھوٹے اوراسلام کے نفاذ کی جدوجہد قریب ہواورہم ایک شفاف اورخوشحال پاکستان دیکھ سکیں۔