مجلس احرارالیکشن میں ایم ایم اے کی حمایت کا اعلان کرتی ہے: قائد احرار سید عطاءالمھیمن بخاری
لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ انتخابی نظام ناقص ترین ہونے کے باوجود متحدہ مجلس عمل کے صحیح العقیدہ اور صحیح الفکر اسلام اور وطن سے محبت رکھنے والے انتخابی امید واروں کی حمایت کرے گی تاکہ وطن عزیز کی باگ ڈور ایسے ہاتھوں میں آئے جو پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بناسکے۔ یہ فیصلہ مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے ایک اجلاس میں کیا گیا جو قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری اور سید محمد کفیل بخاری کی صدارت میں دارِ بنی ہاشم ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مجلس احرار اسلام کے سیکرٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ، مولانا محمد مغیرہ، ملک محمد یوسف، میاں محمد اویس، قاری محمد یوسف احرار، حافظ محمد اسماعیل، عبد الکریم قمر، سید عطاء المنان بخاری، مولانا محمد اکمل، ڈاکٹر محمد آصف، حافظ محمد ضیاء اللہ، مولانا کریم اللہ، مولانا محمد سرفراز معاویہ اور دیگر اراکین عاملہ نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد مجلس احرار اسلام کے سیکرٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تحریک ختم نبوت کو ملکی اور عالمی سطح پر منظم کیا جائے گا اور قادیانی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نگران حکومت کے عبوری دور میں بھی قادیانی سرگرمیاں پہلے کی طرح جاری ہیں اور ملتان ، ڈیر غازی خان سمیت کئی مقامات پر قادیانی افسران تعینات کر کے قادیانیت نوازی کی جارہی ہے جس کی اجلاس میں مذمت کی گئی ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مجلس احرار اسلام کے زیر اہتمام اگست میں امیر شریعت کانفرنسز اور ستمبر میں یوم قراردادِ اقلیت (یوم تحفظ ختم نبوت) کے حوالے سے ملک گیر پروگرام کیے جائیں گے جبکہ 6 ستمبر کو مجلس کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس اور 7ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت مرکزی سطح پر لاہور میں منایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں یہ بھی طے ہوا ہے کہ 29 دسمبر ملک بھر میں یوم تاسیس احرار روایتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ علاوہ ازیں 2028 میں مجلس احرار اسلام کے صد سالہ یوم تاسیس کے حوالے سے ملک گیر اجتماع عام ہوگا۔