رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ ،اللہ سے مغفرت اور جنت کی دعائیں کرنی چاہیے :عبداللطیف خالد چیمہ
رمضان المبارک برکتوں ورحمتوں والا مہینہ ہے ،اس ماہ مبارک میں زیادہ سے زیادہ اللہ کی رحمت ،اللہ سے مغفرت اور جنت کی دعائیں کرنی چاہیے ،تلاوت کلام ، ذکر اللہ ،درود شریف سے اپنی زبانوں کو تر رکھنا چاہیے، ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام پاکستان کے جنرل سیکرٹری عبداللطیف خالد چیمہ نے جامعہ مسجد الفاطمہؓ (بورے والا)میں خطبہ جمعہ میں کیا ،انہوں نے کہا کہ تمام آسمانی کتب وصحائف رمضان المبارک میں نازل ہوئے اور قرآن مقدس بھی اسی ماہ مبارک میں نازل ہوا ،انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کے لئے زندگی بسر کرنے کے رہنما اصول قرآن کریم اور سنت نبویہؐ میں مضمر ہے ،ہمارے عقائد ،اخلاقیات ،معاشرت ،معیشت سب کے سب قرآن کریم وسنت نبویہؐ میں موجود ہیں ،ہمیں اغیار کی جانب دیکھنے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ آج ملک پاکستان میں قادیانی ٹولہ حضور نبی کریم ﷺ کے منصب ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے کی ناپاک سازشیں کررہے ہیں اور بدقسمتی سے بعض صاحبانِ اقتدار مسلمان بھی ذاتی مفاد کے لئے قادیانیوں کی پشت پناہی کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے جو کاوشیں کیں ہم اسی تسلسل کا حصہ ہیں اور یہ کڑی خلیفہ بلا فصل سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ تک جاملتی ہے ،مبلغ ختم نبوت مولانا محمد سرفراز معاویہ نے چک نمبر 48_12 ایل کی جامع مسجد میں اپنے خطاب جمعہ میں کہا کہ رمضان المبارک فضیلتوں والا مہینہ ہے، اس کی قدر کرنا چاہیے اور اہتمام کے ساتھ روزہ رکھنا ،تروایح پڑھنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ روزہ ہمیں صبر کا درس دیتا ہے ، اور صبر کا بدلہ جنت ہے، مبلغ احرار عبدالمنان معاویہ نے160_9 میں خطاب جمعہ میں کہاکہ رمضان المبارک کا قرآن کریم سے بڑا گہر اتعلق ہے ،مطالعہ حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ روزہ وقرآن روزِ محشر مسلمان کی شفاعت کریں گے ، انہوں نے کہا کہ اس ماہ مبارک میں ہمیں زیادہ سے زیادہ وقت تلاوت کلام پاک میں صرف کرنا چاہیے ۔