نام کتاب: پیارے نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کا حسنِ سلوک مصنف: پروفیسر ڈاکٹر محمد مشتاق کلوٹا
قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ دعوت و تبلیغ قرآن محل مارکیٹ اردو بازار کراچی ۔ مبصر: اخلاق احمد
آج کے بچے کل کے بڑے ہوتے ہیں، اس لیے زندہ اور باشعور قومیں اپنے نونہالوں کی تربیت کا آغاز ان کے بچپن ہی سے کر دیتی ہیں۔ ہمارے پیارے نبی صلی اﷲ علیہ وسلم سب سے زیادہ خوش طبعی بچوں کے ساتھ کرتے تھے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ اسلامی تعلیمات میں بچوں کے حوالے سے خاص طور پر تعلیم و تربیت اور انھیں حسن معاشرت سے آراستہ کرنے کے حوالے سے جو تعلیمات آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے عطا کیں ان کی مثال دنیا کے کسی مذہب میں نہیں ملتی۔
زیرِ تبصرہ کتاب اپنے موضوع پر ایک منفرد انداز میں بچوں کے دینی ادب میں ایک خوبصورت اضافہ ہے، اس کے تمام عنوانات بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ کتاب اگرچہ خاص طور پر بچوں کے لیے تحریر کی گئی ہے لیکن ہر عمر کا فرد اس سے استفادہ کر سکتا ہے۔
٭……٭……٭
نام کتاب: اذانِ بلال شاعر: مولانا خلیل احمد مخلص قیمت: ۲۰۰ روپے
ناشر: السعید اکیڈمی جامعہ دار العلوم سعیدیہ کوٹھا ضلع صوابی خیبرپختونخوا
پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وسلم کی مدحت، تعریف و توصیف اور شمائل و فضائل کے نظمی اندازِ بیاں کو نعت، نعت خوانی یا نعت گوئی کہتے ہیں، اسلام کی ابتدائی تاریخ میں بہت سے صحابہ کرام رضی اﷲ عنہ نے نعتیں کہیں اور یہ سلسلہ آج تک جاری و ساری ہے۔
زیرِ تبصرہ کتاب بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جو نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی مدح پر مشتمل نعتیہ کلام سے بھرپور ہے۔ اﷲ پاک شاعر کی اس کاوش کو قبول فرمائیں اور تمام مسلمانوں کو نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کے ساتھ محبت کرنے اور ان کی مدح سرائی میں رطب اللسان رہنے کی توفیق عطا فرمائیں۔