مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماء ابنِ امیرشریعت مولاناسید عطاء المؤمن بخاری ؒ کے انتقال پُر ملال پر مجلس احراراسلام اور تحریکِ تحفظ ختم نبوت کا ایک اعلیٰ سطحی تعزیتی اجلاس ‘مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی امیرابنِ امیر شریعت سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ کی زیر صدارت داربنی ہاشم میں منعقد ہوا۔ جس میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر محمد عمرفاروق ،صوفی نذیر احمد، سید عطاء المنان بخاری ، ڈاکٹرمحمدآصف اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں سیدعطاء المؤمن بخاری ؒ کی اسلام،وطن عزیز ،اتحاد امت اورمجلس احراراسلام کے لیے دیرینہ خدمات جلیلہ کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ 27؍اپریل جمعۃ المبارک کو مراکزِ احرارو ختم نبوت میں اجتماعاتِ جمعۃالمبارک کے موقع پر سید عطاء المؤمن بخاری ؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گااور اجتماعی ایصالِ ثواب اور تعزیتی مجالس ہوں گی جن میں سید عطاء المؤمن بخاری ؒ کی زندگی کے مختلف حوالوں سے روشنی ڈالی جائے گی ، قائداحرار سید عطاء المہیمن بخاری، عبداللطیف خالد چیمہ اور سید محمد کفیل بخاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہارکیا کہ سید عطاء المؤمن بخاری ؒ کے بے خوف کردار کے تسلسل کو آگے بڑھایاجائے گا اور مجلس احراراسلام ‘اتحادِ امت کی کوششوں کو پوری طرح جاری رکھے گی ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ 26؍ اپریل 1984ء کو صدر محمدضیاء الحق مرحوم نے قادیانیوں کو اسلامی شعائر استعمال کرنے سے قانونی طور پر روکنے کے لیے امتناعِ قادیانیت ایکٹ جاری کیا تھا اس تاریخی فیصلہ کی یاد میں 26؍ اپریل2018ء جمعرات کو ملک بھر میں ’’یومِ امتناعِ قادیانیت ایکٹ‘‘ منایا جائے گا جبکہ27 اپریل2018ء جمعۃ المبارک کو بعدنمازِ مغرب مرکزی دفتر احرار،احرار
ایونیو لاہور میں مولاناسید عطاء المؤمن بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس ہوگاجس میں تمام مکاتیب فکر کے سرکردہ رہنما شرکت و خطاب کریں گے علاوہ ازیں بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی، مولانا فضل الرحمن درخواستی، پیر حافظ ناصر الدین خان خاکوانی، مفتی عطاء الرحمن قریشی، جناب عبدالغفار اور کی دیگر دینی و سیاسی رہنماؤں اور ممتاز شخصیات کا دارِ بنی ہاشم میں تعزیت کے لیے آنے کا سلسلہ جاری رہا۔ مختلف رہنماؤں نے سید عطاء المہیمن بخاری، سید محمد کفیل بخاری، عبداللطیف خالد چیمہ، سید عطاء اللہ شاہ ثالث، سید عطاء المنان بخاری اور دیگر متوسلین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعاءِ مغفرت کی اور سید عطاء المؤمن بخاری کی زندگی اور کارناموں کا تذکرہ ہوتا رہا ۔جمعیت علماءِ اسلام کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان اور کئی دیگر رہنماؤں نے سید محمد کفیل بخاری اور عبداللطیف خالد چیمہ سے فون پر تعزیت کی اور کہا کہ سید عطاء المؤمن بخاریؒ نے جس خود داری کے ساتھ زندگی گزاری وہ نسلِ نو کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ دریں اثنا مجلس احرارِ اسلام، تحریک تحفظ ختمِ نبوت، جمعیت علماءِ اسلام، عالمی مجلس تحفظ ختمِ نبوت، متحدہ ختمِ نبوّت رابطہ کمیٹی پاکستان سمیت تمام مکاتبِ فکر کے مختلف سرکردہ رہنماؤں اور دور دراز سے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ گزشتہ روز رات گئے تک جاری رہا۔ اس موقع پر تعزیت کرنے والے کئی کارکن اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکتے تو آبدیدہ ہو جاتے۔ ملک کے مختلف حصوں سے سید عطاء المؤمن بخاریؒ کی بلندئ درجات کے لیے دعائے مغفرت اور ایصالِ ثواب کرانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ یاد رہے سید عطاء المؤمن بخاریؒ نے اپنی پوری عمر دینِ اسلام کی سربلندی، عقیدۂ ختمِ نبوّت کے تحفظ اور اسلام کی نشأۃِ ثانیہ کے لیے وقف کر رکھی تھی، ان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان میں سب سے پہلے ’’امریکہ مردہ باد‘‘ کانفرنس مجلس احرارِ اسلام کے زیر اہتمام سید عطاء المؤمن بخاریؒ کی میزبانی میں ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہوئی۔ جس سے امریکی استعماری قوتوں کے خلاف لوگوں کو کام کرنے کا حوصلہ ملا، وہ زندگی بھر امریکہ مخالف قوتو ں ایک پلیٹ فارم اکٹھا کرنے کے لیے کوشاں رہے۔