اللہ کی توحید کے بعد ختم نبوت دوسرا بڑا عقیدہ ہے :سید محمدکفیل بخاری
جامعہ رشیدیہ نیو کیمپس جی ٹی روڈ ساہیوال کے زیر اہتمام چھ ماہ کے دورانیے پر مشتمل خط و کتابت کورس کی اختتامی تقریب و تقسیم اسناد مولانا کلیم اللہ رشیدیہ اور قاری سعید ابن شہید کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جس میں مجلس احرارا سلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کی توحید کے بعد ختم نبوت دوسرا بڑا عقیدہ ہے ،جس پر اسلام کی اساس قائم ہے اور پوری ملت اسلامیہ کے اتحاد و اتفاق کا مظہر بھی ہے ،اس عقیدے پر حملے جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زما نہ مبارک میں ہی شروع ہو گئے تھے ،اسی لیے جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فتنۂ اِرتداد مسیلمۂ کذاب کے خلاف لشکر کشی کا حکم فرمایا جس پر خلیفۂ بلا فصل سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے عمل فرمایا اور مسیلمہ کذاب کے فتنے کے قلع قمع کے لیے 1200 ۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اپنا مقدس خون پیش کیا ،1953 ء میں مجلس احراراسلام کی میزبانی میں ’’ کُل جماعتی مجلس عمل تحفظ ختم نبوت‘‘کا قیام عمل میں آیا تحریک ختم نبوت چلی اور دس ہزار مجاہدین ختم نبوت نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے مسیلمہ پنجاب مرزا غلام احمد قادیانی کی اُمت مرزائیہ کی سازشوں کو ناکام بنایا ، انہوں نے کہاکہ ختم نبوت کورس کرنے والے طلباء و طالبات خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے فہم ختم نبوت کورس مکمل کرکے اپنے آپ کو قافلہ ختم نبوت میں شامل کیا ہے اب ان کو قادیانی ریشہ دوانیوں پر بھی نظر رکھنی چاہیے تقریب سے مبلغ ختم نبوت مولانا سرفراز معاویہ اور قاری سعید ابن شہید نے بھی خطاب کیا جبکہ قاری بشیر احمد رحیمی ،مولانا پیر جی عبدالباسط ،عبدالمنان معاویہ ، حافظ محمد سلیم شاہ اور دیگرحضرات نے بھی شرکت کی ،یہ امر قابل ذکر ہے کہ 146 طالبات اور 16 طلباء نے 6 ماہ میں 4 حصوں پرمشتمل فہم ختم نبوت خط و کتابت کورس مکمل کیا ہے ،جنہیں اسناد و لٹریچر سے نوازا گیا ،بعد ازاں سید محمد کفیل بخاری نے مجلس احرارا سلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ سے احرار کے زونل آفس میں ملاقات کی اور تنظیمی وجماعتی امور پر بات چیت اور دینی وقومی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔