ختم نبوت کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے: عبداللطیف خالد چیمہ
لاہور (پ ر)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی نے الیکشن ایکٹ 2017 ء بارے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا یہ فیصلہ نہ صرف آئین پاکستان کی رُو کے عین مطابق ہے بلکہ پوری امت مسلمہ کے ایمان وعقیدے اور جذبات کی بھی ترجمانی کرتا ہے ،متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر عبداللطیف خالد چیمہ نے اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ساری صورتحال اس وجہ سے پید اہوئی کہ’’ پلڈاٹ‘‘ سمیت غیر ملکی این جی اوز کی فنڈنگ اور لابنگ کے ذریعے مسلم اور غیر مسلم کی شناخت کو خطرناک حد تک ختم کیا جارہا تھا ،انہوں نے کہا یہ کتنا بڑا المیہ ہے کہ ایک کمیونٹی اُس مذہب کی شناخت پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، جس مذہب کی تعلیمات کو اپنے عقیدے کے مطابق ماننے سے انکاری ہے ،اور اسلامی عقائد میں نقب لگاکر مسلم معاشرے میں ارتداد بھی پھیلا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ اب ن لیگی حکومت کے لئے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ عدالت عالیہ کے اس فیصلے کو من وعن نافذ کرے اور دینی وآئینی تقاضے پورے کرے ،اور اگر خدانخواستہ ایسا نہ ہوا یا پھر اس کے برعکس ہوا تو ن لیگی حکمرانوں پر نحواست کے سائے اور زیادہ گہرے ہوجائیں گے ،جو پہلے ہی کم نہیں ہیں ۔