تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

محب وطن قیادت ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے:کفیل بخاری
لاہور(4فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہاہے کہ اسلام اور وطن کی محبت سے سرشار ،دیانتدارسیاسی قیادت ہی ملک کو سیاسی بھنور سے نکال سکتی ہے اعلیٰ عدلیہ کا کردار پہلے سے زیادہ شفاف ہوتا نظرآرہا ہے لیکن یہ سب کچھ میرٹ پر ہوتو غیر جانبداری اور زیادہ یقینی ہوسکتی ہے۔مجلس احراراسلام سنٹرل پنجاب اوراپر پنجاب کی علاقائی تنظیموں کے ذمہ داران کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی پرامن جدوجہد کوسرکاری یا غیر سرکاری شخصیات سبوتاژ نہیں کرسکتیں۔یہ منصب رسالت کی پرامن جدوجہد ہے۔ جسے سبوتاژ کرنے کی خواہش کرنے والے خود سبوتاژ ہوتے نظر آرہے ہیں ۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے احرارکی ماتحت شاخوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منائیں اور تحریک کشمیر کو قادیانیوں سمیت جن جن عناصر نے نقصان پہنچایا ہے۔اُن کو اَزسر نو ریکارڈ کا حصہ بنائیں ۔
کشمیرکے الحاق کے بغیرپاکستان نامکمل ہے:مفتی عطاء الرحمن
کراچی(4فروری)مجلس احراراسلام سندھ کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت امیر صوبہ سندھ مفتی عطاء الرحمن قریشی نے کی ۔قدیم احراررہنما محمد شفیع الرحمن احرار،نائب امیرسندھ مولاناعبدالغفور مظفر گڑھی ،جنرل سیکرٹری مصطفی طارق قریشی نے شرکت وخطاب کیا ۔مفتی عطاء الرحمن نے کہا کہ کشمیری حریت پسندوں کی جدوجہد آازدی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سب سے پہلے کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کی اور قربانیاں پیش کرکے قادیانیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جوکہ کشمیر کو قادیانی سٹیٹ بنانے کاخواب دیکھ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے الحاق کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔اس موقع پر قاری عمر فاروق ،حافظ سعید الرحمن قریشی،حافظ عمار قریشی ،حافظ حسن محمود قریشی ،حافظ اسامہ مظفر گڑھی،عبدالسبحان مظفر گڑھی ،محمد احمد مظفرگڑھی،پروفیسربلیغ الدین اور دیگر موجود تھے ۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ اس اجلاس میں صوبائی قیادت اور کراچی کے کارکنان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 9مارچ کو اِیوان اقبال لاہور میں منعقد ہونے والی امیر شریعت کانفرنس میں کراچی اور وسندھ سے کارکنان احرار اور ختم نبوت بھرپور انداز میں شرکت کریں ۔جبکہ کراچی کے علماء کرام کی نمائندگی حضرت مولانا محمد زبیر کریں گے ۔
احرارشاندا رماضی کی روایات کو زندہ کریں گے
علاقائی ذمہ داران کے تربیتی کنونشن کا انعقاد
لاہور(4فروری)مجلس احرارا سلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت سنٹرل پنجاب اور اَپر پنجاپ کے علاقائی ذمہ داران کا تربیتی کنونشن ہفتہ کے روز 10 بجے صبح مرکزی دفتر احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں شروع ہوا ، تربیت گاہ کے شرکاء کی مختلف نشستوں سے مجلس احرارا سلام پنجاب کے سیکرٹری جنرل مولانا تنویر الحسن احرار ،سید صبیح الحسن ہمدانی اور ڈاکٹر محمد آصف نے خطاب کیا۔جبکہ اتوار کواختتامی خطاب مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کرتے ہوئے کہاکہ ایک مسلمان کے طور پر ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اعلائے کلمتہ الحق کے لیے نکلیں اور ظالم و جابر قوتوں کا راستہ روکنے کے لیے حضرات انبیاء کرام علیہم السلام خصوصاً جنابِ نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے اپنے فرائض سے عہدہ برآ ہوں اور اس کے لیے ہمارے پاس حضرات صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم کی زندگیوں کا اعلیٰ ترین نمونہ اور عمل موجود ہے ،انہوں نے کہاکہ مفکر احرار چودھری افضل حق ، سید عطاء اﷲ شاہ بخاری ،مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی ،ماسٹر تاج الدین انصاری ، شیخ حسام الدین ، مولانا گل شیر شہید ، آغا شورش کاشمیری ،مرزا غلام نبی جانباز،سید ابوذر بخاری ،نواب زادہ نصر اﷲ خاں، چودھری ثناء اﷲ بھٹہ،سید عطاء المحسن بخاری اور دیگر اکابر احرار و ختم نبوت کے قافلۂ سخت جاں نے عالمی استبداد کا راستہ روکنے کے لیے اور تحریک ختم نبوت کو آگے بڑھانے کے لیے جو شاندار کردار اَدا کیا ،وہی احرار کا ماضی ہے اور آج پھر اس ماضی کو سامنے رکھ کر ہم اپنی جدوجہد کے اگلے فیز کی تیاری کر سکتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ 9 مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں ہونے والی امیر شریعت کانفرنس دراصل احرار کے ماضی کو زندہ کرنے کی ایک کوشش ہے ، تاکہ دنیا میں عالمی استبداد کی گرفت کا پنجہ کمزور ہو اور آزادیٔ کشمیر سمیت آزادی کی تمام تحریکیں پروان چڑھیں اور ظالم سامراج کواس طرح شکست ہو کہ جس طرح افغانستان میں وہ ہزیمت سے دوچار ہے،قبل ازیں مجلس احرارا سلام کے مختلف یونٹس کے علاقائی ذمہ داران نے اپنے اپنے علاقے میں کام کی رفتار اور تحریک ختم نبوت کے صورتحال کی رپورٹ پیش کی ۔ مولانا محمد مغیرہ،مولانا محمودالحسن ،حافظ محمد ضیاء اﷲ ہاشمی ، محمد خاور بٹ ، رانا قمرالاسلام ، حکیم حافظ محمد قاسم ،قاضی عبدالقدیر،حافظ محمد اسماعیل ، محمد طلحہ شبیر ، محمدمصطفی ہاک،چودھر ی خادم حسین ،عاشق حسین احرار ، عبدالکریم قمر،ملک محمدعبداﷲ علوی اورمرزا عاطف بیگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مجلس احرارا سلام کی بنیادی تنظیمیں اپنے اپنے علاقوں میں جماعت کو منظم کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گی اور ایک مرتبہ پھر سرخ ہلالی پرچم کے زیر سایہ تحریک ختم نبوت کو ملکی و عالمی سطح پر نئے جذبے اورولولے کے ساتھ زندہ و تابندہ کیا جائے گا۔تمام شرکاء نے بیک زبان قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری ، سید محمد کفیل بخاری ،عبداللطیف خالد چیمہ ڈاکٹر عمر فاروق احرار ،میاں محمد اویس سمیت احرار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہاکہ 9 مارچ کو لاہور میں ہونے والی امیر شریعت کانفرنس میں علاقائی کارکن بھی شریک ہوں گے ،نیز تحریک مقدس تحفظ ختم نبوت مارچ 1953 ء کے دس ہزار شہداء کی یاد میں لاہور سمیت ملک بھر میں شہداء ختم نبوت کانفرنسوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ تربیتی کنونشن سے مجلس احرارا سلام کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ،ملک محمد یوسف ،ڈاکٹر شاہد کاشمیری ،میاں محمد اویس ، قاری محمد یوسف احرار اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ، جبکہ اتوار کو بعد نماز مغرب مرکزی دفتر نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں درس قرآن کریم کی ماہانا نشست بھی ہو ئی،اس موقع پر یوم یکجہتی ٔ کشمیر بھی منایاگیا۔
کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے:سیدعطاء المہیمن بخاری
لاہور(5فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیرپروفیسر خالدشبیر احمد،سید محمد کفیل بخاری ،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اورسیکرٹری اطلاعات ڈاکٹرعمر فاروق نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مختلف مقا مات پراپنے اپنے بیانات میں کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تاریک سناٹے کی سیاہ رات کشمیریوں کے خون کے سامنے سرنگوں ہوکر رہے گی اوریہ خطہ آخرکار پاکستان کاحصہ بنے گا،عالمی طاقتوں کی مجرمانہ خاموشی نے انڈیاکودرندگی کالائسنس د․ے رکھاہے ۔سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاکہ حق خودارادیت کشمیریوں کابنیادی حق ہے لیکن اقوام متحدہ اورسلامتی کونسل کی قراردادوں کوپامال کیاجارہاہے ۔عبداللطیف خالدچیمہ نے کہا کہ 1931ء میں مظلوم کشمیریوں کے حق میں اور ڈوگرہ راج کے خلاف مجلس احراراسلام نے تحریک اور جدوجہد کا آغاز کیا۔ہزاروں احراررضا کار کشمیر پہنچے اورپچاس ہزاررضاکاروں نے جیلوں کو بھر دیا انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لئے جان دینے والے سب سے پہلے شہید احرارکارکن الہٰی بخش چنیوٹی تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بنتے وقت ضلع گورداسپور کی 52فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل تھی۔ جس بنا پر یہ ضلع پاکستان میں آرہا تھا لیکن قادیانی جماعت نے باؤنڈری کمیشن کو یہ درخواست دی کہ ہم ضلع گورداسپور (جہاں قادیان ہے)کو پاکستان کی بجائے انڈیا میں رکھنا چاہتے ہیں ،انگریزسامراج اور قادیانی سازش کے تحت پاکستان کو کشمیر جانے کا راستہ یوں چھین لیا گیا۔ جس کی وجہ سے آج تک مسئلہ کشمیر لٹکا اور اٹکا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ اگرآج یہ مسئلہ حل ہوجائے اور اہل کشمیر کو مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیا جائے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کوحاصل ہے تو دنیا کا یہ حساس ترین خطہ بدامنی سے محفوظ ہوسکتا ہے۔
آزادکشمیر:ختم نبوت بِل منظورہونے کا خیرمقدم:عبداللطیف چیمہ
لاہور(6فروری)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر اور مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور لاہوری وقادیانی مرزائیوں کو غیر مسلم اقلیت قراردیئے جانے والی قرارداد ،بل کے طور پر بالاتفاق پاس ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے تحریک ختم نبوت کی کامیابی قراردیا ہے اورکہا ہے کہ29اپریل 1973ء سے اب تک یہ قرارداد اِلتوا کا شکار چلی آرہی تھی اور اس پر قانون سازی کی راہ میں کئی رکاوٹیں آتی رہیں ،اب آج سہہ پہر آزاد کشمیر اسمبلی میں جوقانون سازی ہوئی ہے۔ اس کو ہم تحریک ختم نبوت کی بڑی کامیابی سمجھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم آئین وقانون کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں اور قادیانی سازشیں اس حوالے سے ناکام ہوتی نظرآرہی ہیں۔
الہٰی قوانین کے بغیر دنیامیں امن قائم نہیں کیا جاسکتا
لاہور(6فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے ضلع سیالکوٹ اورضلع گجرات کے مختلف مقامات پردرُوسِ قرآن کریم اوراجتماعات ختم نبوت سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اﷲ کی اطاعت گزاری کے لئے اﷲ کے بنائے ہوئے قوانین کونافذکیے بغیر نہ تودنیامیں امن قائم ہوسکتاہے اورنہ مسلمان اطاعت گزاربن سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تحریک ختم نبوت جن بنیادوں پراستوار ہوئی تھی ،انہی پر عمل پیراہوکر اس کوکامیابی سے ہمکنار کیاجاسکتاہے ۔دوسراکوئی راستہ نہیں۔جس سے ہم قادیانیوں کی ریشہ دوا نیوں کامقا بلہ کر سکیں۔
تحریک ختم نبوت کو سیاسی آلائشوں سے پاک رکھنا ضروری ہے
لاہور(6فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے پریس بریفنگ میں بتایاہے کہ 9مارچ کواِیوان اقبال لاہور میں ہونے والی ’’امیرشریعت کانفرنس‘‘میں شرکت وخطاب کے لئے مختلف دینی جماعتوں اورمختلف مکاتب فکر کے سرکردہ رہنماؤں سے رابطے تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج پھر ایک سید عطاء اﷲ شاہ بخاری ؒکی ضرورت ہے جوعالمی جبر اور عالمی سامراج کے خلاف بیداری پیداکرکے رائے عامہ کومنظم کرسکے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک مقدس ختم نبوت مارچ1953ء کے دس ہزار شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مارچ کے پورے مہینے میں مختلف شہروں میں شہداء ختم نبوت کانفرنسوں کاانعقاد کیاجائے گا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسی بڑی شخصیت کے گھٹنے چھوئیں یا قدموں پرگریں،تحریک ختم نبو ت کسی طور پربھی متاثرنہیں ہوگی اوراپنے اہداف کی طرف آگے بڑھتی رہے گی ،انہوں نے کہاکہ تحریک ختم نبوت کوسیاسی آلائشوں سے پاک رکھنا ہماری ذمہ داری ہے اوراس کا ماضی سیاسی آلائشوں سے پاک ہے بلکہ ہم نے تو اپنی سیاست کو عقیدہ ختم نبوت پر قربان کررکھاہے ،انہوں نے کہاکہ اقتدار میں بیٹھے حکمران ختم نبوت کے خلاف سا زشوں کوروکنے میں ناکام نظرآرہے ہیں۔ ان تمام مشکلات کے باوجود یہ مقدس مشن جودراصل جناب نبی کریمﷺ کے منصب رسالت کاتحفظ ہے ،یہ امت مسلمہ کی شہ رگ ہے اس پرکسی قسم کی بارگیننگ یاجھول نہ پہلے برداشت کی ہے اور نہ اب کریں گے ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ کومنظرعام پرلاکر ان کے تمام ذمہ داران کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ،انہوں نے کہاکہ کشمیر کے مسئلے پر حکومت بیان بازی کررہی ہے لیکن سفارت کاری نہیں کررہی ۔انہوں نے کہاکہ انڈیادہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کاخون بہارہاہے جوبالآخررنگ لاکررہے گااورظلم کی طویل رات ختم ہوجا ئے گی ۔
آزادکشمیرمیں قادیانیوں کو غیرمسلم اقلیت قراردینے کا خیرمقدم
لاہور(6فروری)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور لاہوری وقادیانی مرزائیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دئیے جانے کی قرارداد کو بل کی شکل میں منظور کرنے کا پرجوش خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر اور اراکین اسمبلی کو مبارکباد پیش کی ہے۔مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری ،تنظیم اسلامی پاکستان کے امیر حافظ عاکف سعید ،پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی، جمعیت علماء پاکستان نورانی کے صدر پیر اعجاز ہاشمی،جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے امیر مولانا محمد الیاس چنیوٹی ،جمعیت علماء اسلام (س)کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف فاروقی،اہلحدیث رہنما علامہ زبیر احمد ظہیر،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل رانامحمدشفیق خان پسروری ،جمعیت علماء پاکستان کے رہنما قاری محمد زوار بہادر اور سردار محمد خان لغاری ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما محمد متین خالداور دیگر رہنماؤں نے 6فروری منگل کو آزاد کشمیر اسمبلی میں راجہ فاروق حیدر ،علی رضا بخاری اور دیگر اراکین اسمبلی کی جانب سے قادیانیوں کو اقلیت قراردیئے جانے کا بل پیش کرنے اور پھر منظورہونے کو آزاد کشمیر اسمبلی کا تاریخ ساز فیصلہ قراردیا ہے اور اس کو ختم نبوت کی بڑی کامیابی سے تعبیر کیا ہے ۔متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ 29اپریل 1973ء کو سردار عبدالقیوم خان اور میجر محمد ایوب کی کوششوں سے آزاد کشمیر اسمبلی نے قرارداداقلیت منظور کی جو مختلف مراحل سے گزرتی ہوئی 12جنوری کو ایک ختم نبوت کمیٹی کے سپرد ہوئی۔اس سلسلہ میں آزاد کشمیر اسمبلی کے اراکین،علماء کرام اور خصوصاًتحریک ختم نبوت آزاد کشمیر کے امیر قاری عبدالوحید قاسمی نے دن رات ایک کرکے ان کوششوں کو آگے بڑھایا۔جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ گزشتہ روز آزادکشمیر اسمبلی نے متفقہ طور پر عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور لاہوری وقادیانی مرزائیوں کے کفرکے حوالے سے بل منظور کرلیا گیا ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ اس طویل عرصے میں بہت سی سازشیں بھی ہوئیں لیکن ختم نبوت کے منکرین کو ہر جگہ پر منہ کی کھانی پڑی ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی،سیاسی رہنما اور دینی وقانونی ماہرین نے جو کردار ادا کیا، اس پر ہم ان کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ان سب کے لئے توشۂ آخرت اور ذریعہ نجات ہوگا اور روزقیامت جنابِ نبی کریم ﷺ کی شفاعت نصیب ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ تحریک ختم نبوت نامساعد حالات میں بھی آگے بڑھ رہی ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اسے سبوتاژ نہیں کرسکتی اور نہ ہی اسے ڈی ٹریک ہونے دیا جائیگا۔
آزاد کشمیر اسمبلی میں قادیانی مسئلہ حل ہوگیا
ملتان (7فروری ) آزاد کشمیر میں 45 سال سے رُکا ہوا قادیا نی مسئلہ حل کردیا گیا۔ آزاد کشمیر حکومت نے متفقہ فیصلہ سے دستور میں بارہویں ترمیم کے ذریعے قانونی طور پر قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دے دیا۔ مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل، شیخ حسین اختر لدھیانوی، سعید احمدانصاری، عدنان ملک، فرحان حقانی، قاری عبد الناصر اور دیگر رہنماؤں نے آزاد کشمیر حکومت کے اس فیصلہ کی تحسین اور خیر مقدم کیا۔ انھوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام کی قیام پاکستان سے قبل شروع کی ہوئی محنت کے ثمرات الحمد ﷲ روز بروز سامنے آرہے ہیں اور انشاء اﷲ جب تک احرار زندہ ہیں قادیانی کرۂ ارض پر چین اور سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ 9 فروری کا جمعہ انشاء اﷲ نہ صرف ملک بھر میں بلکہ آزاد کشمیر میں بھی یوم تشکر کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قادیانی ادارے ملک میں ارتداد پھیلا رہے ہیں اور ان کی ممنوعہ کتب ولٹریچر اسی طرح شائع ہورہا ہے جیسے قانون سازی سے قبل شائع ہورہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے ساتھ ساتھ قانون کی عمل داری زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔
علاوہ ازیں فرحان حقانی نے بتایا کہ مجلس احرار اسلام کے بانی سید عطاء اﷲ شاہ بخاری رحمہ اﷲ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 9 مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں ’’ امیر شریعت کانفرنس‘‘ منعقد کی جائے گی جس میں ملک بھر سے احرار کارکن اور محافظین ختم نبوت شریک ہوں گے اس کے علاوہ 10 اور 11 مارچ کی ختم نبوت کانفرنسز میں بھی احرار رہنما شرکت کریں گے ۔
آزاد کشمیر : ملک بھر میں یوم تشکر، اراکین اسمبلی، حکومت کو مبارکباد
ملتان(9فروری)آزاد کشمیر اسمبلی کے لاہوری وقادیانی مرزائیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیئے جانے کے حوالے سے گزشتہ روز متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں ’’یوم تشکر ‘‘منایا گیا ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری ،سید محمد کفیل بخاری,سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اور دیگر رہنماؤں نے اپنے اپنے بیانات میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر ،بل کے محرکین اراکین راجہ محمد صدیق خان، پیر علی رضا بخاری ،وزیر قانون راجہ محمد نثار خان اور تمام اراکین اسمبلی کو ہدیہ تبریک اور مبارکباد پیش کی ۔مجلس احراراسلام کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے مسجد ختم نبوت داربنی ہاشم ملتان میں نماز جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کے دور اقتدار میں 29اپریل 1973ء کو میجر محمد ایوب خان کی طرف سے پیش کی جانے والی قرارداد اقلیت 45سال کے بعد بل کی شکل میں پاس ہوئی ہے جو شہداء ختم نبوت کے مقدس خون کا صدقہ ہے اور اکابر احراروختم نبوت کی ایک صدی پر محیط محنت کا نتیجہ ہے کہ آج پوری دنیا میں قادیانیت اورمنکرین ختم نبوت کافتنہ بے نقاب ہورہاہے ۔علاوہ ازیں متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر ،قرارداد کے محرکین اور وزیر قا نون کومبارکباد کے پیغامات ارسال کیے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ آزاد کشمیر میں قادیانیوں کواقلیت قرار دیئے جانے کے اثرات پوری دنیا میں جائیں گے اور انکارختم نبوت پرمبنی فتنہ ارتدادمرز ائیہ کاقلع قمع ہوکر رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک ختم نبوت پرامن طور پراپنے اہداف کی طرف آگے بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ کومنظر عام پرلایاجائے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں مرتد کی شرع سزا نافذ کی جائے۔دینی رہنماؤں نے مختلف مقامات پر اپنے اپنے خطبات جمعۃ المبارک اور بیانات میں آزادکشمیر اسمبلی کی جانب سے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور لاہوری وقادیانی مرزائیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیئے جانے کے حوالے سے ایوان میں بل کی متفقہ طورپر منظوری پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 29اپریل 1973ء کو سردار عبدالقیوم خان مرحوم کے دوراقتدار میں میجر محمد ایوب مرحوم نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کے حوالے سے جو قرارداد پیش کی تھی، وہ 44 سال مختلف سازشوں کا شکار رہی اور بالآخر موجودہ حکومت اور موجودہ اسمبلی نے پاکستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قراردے دیا ہے ۔متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے اس موقع پر کہا ہے کہ یہ شہداء ختم نبوت کے خون کا صدقہ ہے کہ وہ خطہ جہاں پر قادیانی اپنی حکومت قائم کرنا چاہتے تھے اور نت نئی سازشوں کے ذریعے کشمیر کاز کو نقصان پہنچارہے ہیں، وہاں (آزاد کشمیر) کی حکومت اور اپوزیشن دونوں نے متفقہ طور پر جناب نبی کریم ﷺ کی ختم نبوت کے منکرین کو دائرہ اسلام سے خارج قراردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک ختم نبوت آئینی وقانونی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور آئینی وقانونی کامیابیوں کی طرف آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان سے لے کر آزاد کشمیر کے موجودہ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر تک ختم نبوت کے حوالے سے ایک لمبی تاریخ ہے اس سلسلے میں آزاد کشمیر کے ممتاز عالم دین قاری عبدالوحید قاسمی ،مولاناشبیر احمدکاشمیری ،حافظ مقصوداحمد کشمیری اور ان کے رفقاء نے تسلسل کے ساتھ جو پر امن جدوجہد جاری رکھی، وہ قابل تبریک وقابل تحسین ہے ۔جن لوگوں نے بھی اس میں جتنا حصہ ڈالا ،وہ شفاعت محمدیؐ کے حقدار ہیں۔ اﷲ تعالیٰ ان کی دنیا وآخرت سنوار دیں کہ ختم نبوت کے تحفظ کی جدوجہد اور چوکیداری شفاعت محمدیؐ کی یقینی ضمانت ہے۔ علاوہ ازیں مجلس احراراسلام کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں یوم تشکر منایا گیا۔مفتی عطاء الرحمن قریشی اور مولانا عبدالغفور مظفر گڑھی نے کراچی،مولانا تنویر الحسن احرار،قاری محمد یوسف احرار،مولانا محمد مغیرہ ،مولانا محمودالحسن ،مولانا محمدسرفراز معاویہ،مولانا منظور احمد ،مفتی ذیشان آفتاب ،عبدالمنان معاویہ ،قاری ضیاء اﷲ ہاشمی ،حافظ محمد اسماعیل ،قاری عبیدالرحمن زاہد،مولانا عتیق الرحمن علوی،قاری محمد اصغر عثمانی،حافظ عبدالرحمن ،حاجی عبدالکریم قمر ،حافظ احسان اﷲ اور مبلغین احرارختم نبوت نے مختلف مقامات پر اپنے اپنے خطبات وبیانات میں تحریک ختم نبوت کی آزاد کشمیر اسمبلی میں کامیابی پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔مختلف مقامات پر اجتماعات جمعۃ المبارک میں مطالبہ بھی کیا گیا کہ حکومت پاکستان قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سنٹر فار فزکس کو قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ فی الفور واپس لے ،چناب نگر (ربوہ)کے سرکاری تعلیمی ادارے قادیانیوں کو ہر گز نہ دیئے جائیں ،امتناع قادیانیت کے قوانین پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ،سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے ہر سطح کے لیول پر عقیدہ ختم نبوت کو وضاحت کے ساتھ نصاب میں شامل کیا جائے۔ دریں اثناء کراچی، حیدر آباد، سکھر، رحیم یار خان، بہاولپور ،ملتان، وہاڑی، بورے والا، چیچہ وطنی، ساہیوال، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، کھاریاں ، راولپنڈی،ٹیکسلا،پشاور،چنیوٹ،چناب نگر کے علاوہ آزاد کشمیر کے تمام مقامات پر بھر پور انداز میں یوم تشکر منایا گیا،تحریک ختم نبوت آزاد کشمیر کے امیر قاری عبدالوحید قاسمی اور حافظ مقصود کشمیری نے تحریک ختم نبوت کے رہنما عبداللطیف خالد چیمہ کو فون پر تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں عقیدہ ختم نبوت کے لئے آئینی وقانونی کامیابی پوری قوم کے لئے خوشخبری ہے اور یہ سب کچھ شہداء ختم نبوت کے مقدس خون کا صدقہ ہے ۔ ان اجتماعات میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ راجہ محمد ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ کو بلاتاخیر منظر عام پر لایا جائے اور اس رپورٹ کی روشنی میں حلف نامے والے قضیے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
ختم نبوت سے غداری کرنے والا عبرت کا نشان بن جاتاہے
لاہور(15فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور خطباء عظام سے اپیل کی ہے کہ وہ آ ج جمعۃ المبارک کے موقع پر قانون توہین رسالت کے خلاف ہونے والی تازہ ترین کوششوں کو ہدف تنقید بنائیں اور حکمرانوں پر واضح کردیں کہ کمزور سے کمزور مسلمان بھی تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت جیسے مسا ئل پر کبھی پیچھے نہیں ہٹ سکتا ۔سید عطاء المہیمن بخاری نے کہا کہ حلف نامے والے مسئلہ پر راجہ محمد ظفرالحق انکوائری رپورٹ کو منظر عام پر نہ لانے کا مقصد صرف اور صرف دین دشمنوں اور قادیانیوں کو بچانا ہے اور یہ طرز عمل نہ ملک وملت کے حق میں ہے اور نہ اسے قوم قبول کرے گی۔ عبد اللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے حوالے سے پر امن جدوجہدکی حامل اس مسئلے میں برصغیر میں سب سے قدیم جماعت مجلس احراراسلام ہے جو تحریک ختم نبوت کو کسی طور پر سبوتاژ نہیں ہونے دے گی ۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ اسلام دشمنی اور قادیانیت نوازی کی سزا بھگت رہی ہے۔ اس سے سیاسی جماعتوں کو عبرت حاصل کرنی چاہئے اور یہ بھی یادرکھنا چاہئے کہ جس نے بھی قادیانیوں کو اپنے قریب کیا، قادیانیوں نے اس کو ضرور ڈسا ۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے مبلغین ختم نبوت مولانا محمد سرفراز معاویہ اور مولانا عتیق الرحمن علوی نے گزشتہ روز متعدد مدارس اور مساجد کا دورہ کیا اور 9مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں ہونے والی عظیم الشان کانفرنس میں علماء کرام ،خطباء عظام کے علاوہ دیگر شخصیات کو شرکت کی دعوت دی ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ مبلغین احراروختم نبوت امیر شریعت کانفرنس میں شرکت کی دعوت لے کر جہاں جہاں پہنچتے ہیں، ان مساجد ومدارس اور دینی اداروں میں ان کا پرجوش خیر مقدم کیا جاتا ہے اور دینی کارکن حضرت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے عجیب کیفیت محسوس کرتے ہیں۔
طلباء تنظیموں سے پابندی ہٹائی جائے:محمدقاسم چیمہ
لاہو ر(15فروری)تحریک طلباء اسلام پاکستان کے مرکزی کنوینرمحمدقاسم چیمہ نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلباء تنظیموں سے پابندی ختم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ طلباء تنظیمیں نوجوانوں کی سیاسی تربیت میں اہم کرادراد کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا سیاسی شعور پیداکیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ان خیالات کااظہار انہوں جامعہ اشرفیہ لاہور میں طلباء کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمد قاسم چیمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج استعماری قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے سید عطاء اﷲ شاہ بخاری جیسے سیاسی رہنماؤں کی ضرورت ہے، جنہوں نے برطانوی سامراج کے خلاف برصغیر پاک و ہند کے عوام میں آزادی کی تڑ پ پیدا کی۔اس موقع پراسامہ قاسم، عتیق الرحمان علوی، وقاص ادریس ، افتخار احمد وٹو اور دیگر موجود تھے۔قاسم چیمہ نے آخر میں جامعہ اشرفہ کے طلباء کو سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کی تحریک آزادی اور تحریک ختم نبوت میں کردار کے حوالے سے 9مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہونے والی امیر شریعت کانفرنس کی دعوت دی اور کہا کہ شاہ جی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تحریری مقابلے میں بھرپور حصہ لیں۔
قانون توہین رسالت کیخلاف سینیٹ میں سازشوں کو روکاجائے
لاہور(16فروری)مجلس احرار اسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت کے قائدین، رہنماؤں اور مبلغین ختم نبوت نے گزشتہ روز مختلف مقامات پر اجتماعات جمعۃ المبارک اوراپنے ا پنے بیانات میں کہاہے کہ سینیٹر نسرین جلیل کی سربراہی میں قائمہ کمیٹی کی قانون توہین رسالت کے حوالے سے ترامیم ،جن کے سامنے سینیٹر مفتی عبدالستار رکاوٹ بنے ، پوری امت کے عقیدے کو ذبح کرنے کے مترادف ہے ،قانون توہین رسالت کے غلط استعمال یااس کی اصلاح کے نام پر جوخطرناک سازش ہمارے ایوانوں میں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔وہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قیام اور اس کے دستور کے منافی ہے ۔قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاہے کہ یہ خطہ طویل قربانیوں کے بعد خالص اور مکمل اسلامی نظام کے نفاذکے لئے حاصل کیاگیاتھا لیکن ستر سال سے یہاں اسلام کوتختہ مشق بنایاجارہاہے جو اﷲ سے بغاوت اور قائد اعظم کے ویژن کی نفی بھی ہے ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ بیرونی ایجنڈے ،بیرونی این جی اوز اور بیرونی فنڈنگ کے سہارے پر ریا ست کے اصل بیانیے کوبارباربدلنے کی کوششیں ہوئیں یاہورہی ہیں ۔دینی وسیاسی قیادت کو اُن کاادراک اور سدباب کرناچاہئے۔ انہوں نے کہاکہ قادیا نی ایلیمنٹ کے رسوخ کو ختم کرنے کی فوری ضرورت ہے ۔سید محمد کفیل بخاری نے کہاکہ قادیانی اپنی آئینی حیثیت کومان کر بطور غیر مسلم اقلیت رہنا پسند نہیں کرتے اور قانون نافذکرنے والے ادارے اس کانوٹس لینے کی بجائے قادیانیوں کی غیراسلامی اورغیرقانونی سرگرمیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں۔اس لئے دہشت گردی اور بد امنی کاراج ختم نہیں ہورہا۔علاوہ ازیں قاری محمد یوسف احرار،میاں محمد اویس ،مولانامحمد سرفرازمعاویہ،مولاناعتیق الرحمن علوی ،قاری محمد قاسم اور دیگر رہنماؤں نے 9مارچ کوایوان اقبال لاہور میں ہونے والی امیر شریعت کانفرنس کے سلسلہ میں دعوتی وتبلیغی مہم کو تیز کردیاہے اور اعلا ن کیاگیاہے کہ تحریک مقدس تحفظ ختم نبوت مارچ 1953ء کے دس ہزار شہداء کی یاد میں مارچ کاپورامہینہ ملک بھر میں شہداء ختم نبوت کانفرنسز منعقد ہوں گی۔جبکہ مرکزی دفتر لاہور میں 4مارچ کو بعد نماز مغرب ’’سالانہ شہداء ختم نبوت کانفرنس‘‘کا انعقاد ہوگا ۔دریں اثناء مجلس احراراسلام جنوبی پنجاب کے علاقائی ذمہ داران کا دوروزہ تربیتی کنونشن گزشتہ روز داربنی ہاشم میں اختتام پذیر ہوگیا۔
مجلس احرار اسلام حلقہ جنوبی پنجاب کا دوروزہ تربیتی کنونشن
(ملتان 16 فروری،رپورٹ فرحان حقانی ) مجلس احرار اسلام پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی دفتر دارِ بنی ہاشم ملتان میں 16,15 فروری جمعرات، جمعہ صوبہ پنجاب حلقہ جنوبی کے ذمہ داران کا دوروزہ تربیتی کنونشن منعقد ہوا۔ جس میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع اور شہروں سے ماتحت مجالس کے ذمہ دار کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ کنونشن کی مختلف نشستوں سے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس احرار اسلام عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کو اپنا اولین مقصد سمجھتی ہے اور ہم ملک کے آئین میں موجود ختم نبوت اور ناموس رسالت و ناموس صحابہ علیہم الرضوان کے حوالے سے موجود شقوں کو کبھی ختم نہیں ہونے دیں گے۔ قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 295سی کے حوالے سے سینیٹ میں دوبارہ ختم نبوت کی مخالف دین دشمن سیکولر لابیاں تبدیلی کروانے کے لیے سازشیں کررہی ہیں اور حکومت کو گزشتہ تحریک سے سبق سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسمبلی نے کئی روز کی طویل بحث کے بعد بغیر کسی دباؤ کے اس قانون کو بنایا اور منظور کر کے نافذ کیا اب کسی کو یہ جرأت نہیں دی جائے گی کہ وہ اس قانون میں تبدیلی کا سوچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ احرار ہمیشہ سے پرامن لوگ ہیں اور کسی بھی قسم کی فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ مجلس احرار اسلام ختم نبوت کے محاذ پر کام کرنے والی پہلی جماعت ہے اور الحمد ﷲ اب یہ کام بڑھا ہے اور جتنی بھی جماعتیں اس مشن پر کام کررہی ہیں وہ ہماری فکری حلیف ہیں لیکن واضح رہے کہ احرار نے کبھی اس مقدس مشن کے نام پر سیاست نہیں کی اور نہ ہی ہم کسی کو ایسا کرنے دیں گے۔ ہم حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کی ختم نبوت کے تحفظ کے لیے اپنے جان مال سب کچھ کی قربانی دے دیں گے لیکن اس پر سودے بازی نہیں کی جائے گی۔ مجلس احرار اسلام کے ناظم دعوت وتبلیغ ڈاکٹر محمد آصف نے کہا کہ مجلس احرار اکے شعبہ تبلیغ کے تحت مسلسل غیر مسلموں خصوصا قادیانی کو براہ راست دعوت دی جارہی ہے جس کہ بہت مؤثر اور مثبت نتائج سامنے ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر احرار کارکن کو ختم نبوت کا داعی ہونا چاہیے اور ہمیں اپنے اندر داعیوں والی صفات پیدا کرنی ہوں گی ۔ مجلس احرار اسلاملتان کے امیر مولانا محمد اکمل نے کہا رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم اور حضرات صحابہ کرام کا اسوہ ہی ہمارے لیے مشعل راہ ہے آپ نے جس طرح دین کی دعوت کو عام کیا آج بھی اسی طرز اور منہج پر دین کا کام مؤثر اور مفید ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 9 مارچ کو ہونے والی امیر شریعت کانفرنس میں تمام احرار کارکن اپنے اپنے علاقوں سے شریک ہوں گے اور ملتان سے ایک عظیم الشان قافلہ بھی اس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔
’’امیرشریعت کانفرنس‘‘9مارچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں
لاہور (18فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے زیر اہتمام 9مارچ کوایوان اقبال لاہور میں ہونے والی’’ امیر شریعت کانفرنس ‘‘میں شرکت وخطاب کے لئے مختلف دینی وسیاسی جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں سے رابطے احرار کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ تیزی سے مکمل کررہے ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں رابطے مکمل ہوجائیں گے ۔مبلغین ختم نبوت مولانامحمد سرفرازمعاویہ اور مولاناعتیق الرحمن علوی نے لاہور کی مساجد اورمدارس میں لاہور کے سرکر دہ علماء کرام اور خطباء عظام کوکانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔مختلف مقامات پر اظہار خیال کرتے ہوئے مبلغین ختم نبوت نے کہاکہ قانون تحفظ ناموس رسالت کے خلاف سازشیں پھر عروج پر ہیں اور عاصمہ جہانگیر جیسی متنازع خیالات وکردار کی حامل عورت کے نام پر پنجاب لاء کالج کو منسوب کرنے کی خبریں گردش کررہی ہیں جو کسی طورپر بھی مناسب نہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے قبل ازیں قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام کے نام پر قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سنٹر فارفزکس کو منسوب کیا۔ جس پر تمام دینی حلقے احتجاج کررہے ہیں لیکن حکومت مسلسل بدترین قادیانیت نوازی کی مرتکب ہورہی ہے ۔
مولانا رشیداحمدلدھیانوی کے انتقال پر احراررہنماؤں کا اظہارتعزیت
لاہور(18فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر سید محمد کفیل بخاری ،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ،ڈاکٹر عمر فاروق احرار ،میاں محمد اویس ،قاری امحمد یوسف احرار،قاری محمد قاسم بلوچ نے ممتاز عالم دین اور جمعیت علماء اسلام کے رہنما حضرت مولانا رشید احمد لدھیانوی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی طویل دینی وتحریکی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔احراررہنماؤں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ مولانا رشید احمد لدھیانوی نے ایک طویل عرصہ مجلس احراراسلام کے ساتھ گزارا اور پھر جمعیت علماء اسلام کے پلیٹ فارم سے تاحیات متحرک رہے وہ علمائے لدھیانہ کی روایات کے امین تھے اور وضع داری ان میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی ۔مولانا رشید احمد لدھیانوی نے جانشین امیر شریعت مولانا سید ابو معاویہ ابوذر بخاریؒ ،مولانامفتی محمودؒ اور مولانا عبداﷲ درخواستی ؒجیسی شخصیات کی معیت میں جدوجہد کے ساتھ وقت گزارا۔ علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے مولانا رشید احمد لدھیانوی کے فرزند مولانامحمد نعمان لدھیانوی سے فون پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی جماعت کی جانب سے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیااور دعائے مغفرت کی۔
اصلاح کے نام پر قانون توہین رسالت ختم نہیں ہونے دیاجائیگا
لاہور(19فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبد اللطیف خالدچیمہ نے کہاہے کہ قانون توہین رسالت کی اصلاح کے نام پر قانون ختم کرنے کامنصوبہ دراصل یہودونصاریٰ کی خطرناک سازش کاحصہ ہے ۔حکومت اورقانون سازاِداروں کو اِسلامیان پاکستان کے عقیدے وجذ بات کااحترام کرنا چاہئے۔ یہ قوم نامسا عد حالات کے باوجودتحفظ ناموس رسالت پرکبھی کمپرومائز نہیں کرے گی ۔مرکزی دفتر سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بیرونی ایجنڈے ،بیرونی این جی اوز اور بیرونی فنڈنگ پر پلنے وا لے عناصر ملک وملت کیخلاف غداری کے مرتکب ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اسمبلیوں میں بیٹھے سیاستدانوں کو مسلمانوں کے ایمان وعقیدے کومحفوظ بنانے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں اور قادیانیوں سمیت تمام اسلام ووطن دشمن عناصر سے خبر دار رہنے کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے ۔علاوہ از یں امیرشریعت کانفرنس رابطہ کمیٹی کے نگران میاں محمد اویس نے بتایا ہے کہ 9مارچ کو اِیوان اقبال لاہور میں ہونے والی امیر شریعت کانفرنس کے انتظامات تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ اس کانفرنس کی صدارت قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری کریں گے جبکہ مہمانان خصوصی قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن ،یادگاراسلاف مولانامجاہد الحسینی ، مولانا خواجہ عزیز احمد ہوں گے اور کانفرنس میں دینی وسیاسی مکاتب فکرکی قیادت شرکت وخطاب کرے گی۔میاں محمد اویس نے مسلم لیگ ن کی ایک خاتون رکن پنجاب اسمبلی کی جانب سے یہ قرارداد جمع کرانے کہ’’ عاصمہ جہانگیر کی خدمات کے حوالے سے پنجاب لاء کالج کو اس کے نام پر منسوب کردیا جائے،‘‘کو شدید ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عاصمہ جہانگیر کی دین ووطن دشمنی کو جواز بخشنے کے مترادف ہے ،انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیرکا کردار ہمیشہ متنازع رہااور اس کی دین و وطن دشمنی کوئی ڈھکی چھپی بات نہ تھی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ایٹمی دھماکوں پر عاصمہ جہانگیر نے تنقید کی اور بھارتی ایٹمی دھماکوں پر خاموشی کا اظہار کیا انہوں نے کہا ایک قادیانی مردسے نکاح کرنے والی عورت کو کس آئین کے تحت پرموٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ،دین دشمن قوتوں کو سپورٹ کررہی ہے۔ مجلس احراراسلام کے مبلغین نے لاہور کے مختلف مدارس ومساجد کا دورہ کیا اور علماء کرام اور خطباء عظام کوامیرشریعت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، مرکزی مبلغ مولانامحمد سرفراز معاویہ نے مسجد صراط الجنہ نشتر روڈ لاہور میں بعد نماز عصر پیغام ختم نبوت کے سلسلہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اتحاد امت کی علامت ہے اور دشمن اسی لئے اس عقیدے پر حملہ آور ہورہا ہے انہوں نے رام گلی کے تاجروں سے پرزور اپیل کی وہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی موجودہ تحریک میں مجلس احراراسلام کا ساتھ دیں اور سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کے فکر کو اُجاگر کرنے کے لئے 9مارچ کو امیر شریعت کانفرنس میں شرکت کریں ۔اس موقع پر مسجد صراط الجنہ کے منتظم محمد زبیر اور دیگر حضرات بھی موجود تھے ۔ بتایاگیا ہے کہ محمد قاسم چیمہ کی سربراہی میں سوشل میڈیاپرکام کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اس کمیٹی کااجلاس آج مرکزی دفتر لاہور میں منعقد ہوگا ،کانفرنس میں بیرون ممالک اور آزادکشمیر سمیت چاروں صوبوں سے مندوبین شرکت کررہے ہیں،یہ کانفرنس عالمی سامراجی قوتوں کوحریت فکرکاایک پیغام دینے کاموجب بنے گی کیونکہ سید عطاء اﷲ شاہ بخاری زندگی بھر برٹش ایمپائر اور منکرین ختم نبوت کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے رہے ۔
’’امیرشریعت کانفرنس ‘‘:مبلغین کی علماء ،تاجروں اورمعززین سے ملاقاتیں
لاہور (20فروری)مجلس احرا ر اسلام پاکستان کے مبلغ ختم نبوت مولانا محمد سرفراز معاویہ نے مسجد نیلا گنبد کے خطیب مولانااسحاق سا قی ،مدینہ مسجد کے خطیب مولانا عبد الشکور حقانی ،نور الہدیٰ مسجد لیبرٹی مارکیٹ کے خطیب مولانا زبیر احمد ظہیر،مسجد صراط الجنہ لاہور کے منتظم بھائی محمد زبیر،ملک محمد یوسف اور کئی دیگر علما ء کرام اور ممتازشخصیات سے ملاقا ت کرکے ان کو 9مارچ ایوان اقبال لاہور میں ہونے وا لی امیرشریعت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ تمام علماء کرام اور شخصیات نے کہاکہ آزادی وطن اورتحفظ ختم نبوت کے لئے سید عطاء اﷲ شاہ بخاری مرحوم کاکردار ہمیشہ کے لئے زندہ رہے گا ۔مولانامحمد اسحاق ساقی اورمولانا عبد الشکور حقا نی نے کہاکہ جناب نبی کریم ﷺ کے منصب رسالت وختم نبوت کے لئے مجلس احرار اسلام کی خدمات ہماری دینی وقومی تاریخ کا اثاثہ ہے اور ہم آ ج بھی امید کرتے ہیں کہ امریکی تسلط سے نجات اورقادیانی فتنے کے استیصال کے لئے مجلس احراراسلام اپنا قائدانہ کردار ادا کرے گی۔ مولانا محمد اسحاق ساقی نے مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبد اللطیف خالد چیمہ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزارت مذہبی امور پہلے ہی اس سال کو’’شعور ختم نبو ت ‘‘کے نام منسوب کرچکی ہے اور ہم ختم نبوت کے تحفظ کواپنی جان مال ،عزت وآبرو سے زیادہ عزیز سمجھتے ہیں ،مولانامحمداسحاق ساقی نے کہاکہ 9مارچ کو ہونے والی امیر شریعت کانفرنس میں بھرپورشرکت کی جائے گی ۔علاوہ از یں مجلس احر اراسلام پاکستان کے سیکر ٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے گزشتہ روز ساہیوال کا دورہ کیااور مختلف علماء کرام کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر طے پایا کہ 23فروری اور 2مارچ کوخطبات جمعۃالمبارک کے موقع پر ساہیوال ڈویژن میں علماء کرام اور خطباء عظام عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت وفضلیت بیان کریں گے اور 11,10,9مارچ کولاہور میں ہونے والی کانفرنسوں میں لوگوں کو شرکت کی تر غیب دیں گے۔ اس اجلاس میں جوقاری منظوراحمد طاہر کی صدار ت میں منعقد ہوا ،میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما حضرت مولانا رشید احمد لدھیانوی (رحیم یارخان)کے انتقال پر تعزیت کااظہار کرتے ہوئے اجتماعی دعائے مغفرت کی گئی اوران کی طویل دینی وتحریکی اورسیاسی خدما ت کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔
چیئرمین سینٹ: حلف نامہ میں ختم نبوت پر اِیمان لازم قراردیاجائے
لاہور (22فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ چیئرمین سینیٹ کے حلف نامہ میں ختم نبوت پر یقین رکھنے کی عبارت شروع سے ہی شامل نہیں ،جب کہ یہ عہدہ بڑی اہمیت کا حامل ہے اور صدر مملکت کی عدم موجودگی میں چیئرمین سینیٹ ہی قائم مقام صدر ہوتا ہے کیونکہ قرارداد مقاصد آئین کا دیباچہ ہے اس لئے یہ آئینی تقاضا اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بنیادی ضرورت ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے حلف نامے میں عقیدہ ختم نبوت پریقین وایمان کولازم قراردیا جائے مجلس احراراسلام کمالیہ کے رہنماعبد الکریم قمر اور جمعیت علماء اسلام س کے رہنماحاجی احسان احمد احسان پرمشتمل دورُکنی وفد سے احرار کے زونل آفس چیچہ وطنی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکی وبیرونی مداخلت ختم کرنے کے لئے قوم کو تحریک آزادی کے رہنماؤں کی زندگیوں کامطالعہ کرناچاہئے اور ان کی تعلیمات پر عمل پیراہوجاناچاہئے انہوں نے کہاکہ 9مارچ کوایوان اقبال لاہور میں ہونے والی امیر شریعت کانفرنس ان نامساعد حالات میں حریت فکر کاسبب بنے گی اور تحریک ختم نبوت کوملکی وعالمی سطح پر منظم کرنے کاموجب بنے گی انہوں نے کہاکہ تحریک ختم نبوت کے پس منظر میں بارہ سو صحابہ کرام ؓاور دس ہزار شہداء 1953ء کاخون پنہاں ہے ۔یہ تحریک برصغیر میں سید عطاء اﷲ شاہ بخاری اوراُن کے قابل قدر رفقاء نے بڑی قربانیاں دے کر آگے بڑھائی تھی جو قوتیں اس تحریک کے عظیم مقاصد کوپس پشت ڈالنا چاہتی ہیں ۔وہ ن لیگ کی طرح اپنے سیاسی انجام کوبھی پہنچ رہی ہیں۔ اس موقع پر حاجی عبد الکریم قمر اور احسان احمد احسان نے بتایاکہ تحریک ختم نبوت 1953ء کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 28مارچ کوکمالیہ میں عظیم الشان کانفرنس منعقد ہوگی ۔جس میں مختلف جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔
عقیدۂ ختم نبوت اسلام کی بنیادہے:مبلغین احرار
لاہور (22فروری)مجلس احراراسلام شعبہ تبلیغ کے مبلغین ختم نبوت مولانامحمد سرفراز معاویہ اور مولانا عتیق الرحمن علوی نے جوہر ٹاؤن ،غالب مارکیٹ، شادمان اور شاہدرہ کی مختلف مساجد ومدارس میں پیغام ختم نبوت اور9مارچ کوایوان اقبال لاہور میں ہونے والی امیر شریعت کانفرنس کے سلسلے میں دعوتی دورے کیے اور علماء کرام اور ممتاز شخصیات کوکانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔اس موقع پرمسجد خلفائے راشدین جوہر ٹاؤن، مدرسہ عربیہ رحمانیہ جوہر ٹاؤن ،مدرسہ ربیع القرآن جوہر ٹاؤن ،مسجد رضوان غالب مارکیٹ اور دیگر مقامات پرخطابات کرتے ہوئے مبلغین ختم نبوت نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کی بنیاد ہے اور ہماری بقاء اسلام کے نظام کے نفاذمیں مضمر ہے ،مبلغین نے کہاکہ بانی احرار سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 9مارچ کوہونے والی امیرشریعت کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے دینی وسیاسی رہنماشرکت وخطاب کریں گے اور امیر شریعت کے اجلے کردار کا تذکرہ کرکے دینی قوتوں کوحوصلہ دیں گے۔ مختلف مقا مات پر علماء کرام نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ وہ 9مارچ کو ہونے والی امیر شریعت کانفرنس میں بھرپور شرکت کریں گے ۔
مدارس اصلاحات کے نام پر دین حلقوں کے خلاف دائرہ تنگ کیا جارہا ہے
ملتان (23فروری ) مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل ، صوفی نذیر احمد، شیخ حسین اختر لدھیانوی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ دینی مدارس ومراکز اسلام کے قلعے ہیں اگر ملک میں کوئی دینی ماحول اور اسلامی اقدار باقی ہیں تو وہ انہی اداروں کی وجہ سے ہے۔ مدارس کا نصاب دنیاوی اداروں سے زیادہ بہتر اور مفید ہے اگر مدارس میں انگریزی تعلیم اور نصاب کو شامل کروایا جارہا ہے جب کہ سکول کالجز اور یونیورسٹیوں میں طلباء کو دین سے دور کر کے وہاں بے حیائی،فحاشی اور مغربیت کو فروغ دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام اور تحریک طلباء اسلام روز اول سے دین کی ترویج واشاعت کے لیے کوشاں ہیں اور آئندہ ماہ سے ملک بھر میں ختم نبوت کانفرنسز کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جوکہ 1953 کی تحریک مقدس ختم نبوت کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے مشن کے ساتھ وفاداری کا اظہار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو مجلس احرار اسلام یوم فتح ربوہ ملک بھر میں جوش وخروش سے منائے گی۔
مجلس احرار اسلام ملتان کے نائب ناظم نشریات عدنان ملک نے بتایا کہ 27 فروری 1976 کو مجلس احرار اسلام پاکستان نے قائدین نے چناب نگر ربوہ میں مسلمانوں کی پہلی جامع مسجد کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھااور ربوہ کو آزاد شہر قرار دلوایا تھا جو کہ مجلس احرار کا عظیم کارنامہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجلس احرار اسلام کے زیر اہتمام 9 مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں ہونے والی امیر شریعت کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ملتان سے بھی قافلہ اس میں شریک ہوگا۔
ملک شخصی آمریت سے نہیں آئین سے چلتے ہیں:نائب امیرمرکزیہ
لاہور(23فروری) مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ ہمیشہ اقتدار میں رہنے کی خواہش ملک کو تباہی اور انتشار سے دوچار کرے گی۔ کوئی بھی شخص ملک کے لئے لازم ملزوم نہیں۔ ملک آئین کی بنیاد پر چلتے اور باقی رہتے ہیں۔نواز شریف کو ختم نبوت سے بے وفائی کی سزا مل رہی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دفتر احرارلاہور میں امیرشریعت کانفرنس کے سلسلہ میں منعقدہ احرارکارکنوں کے اجلاس اور جامع مسجد ہاجرہ یعقوب میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاو سلامتی نفاذِ اسلام اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ سے وابستہ ہے ۔پاکستان سے محبت ہر پاکستانی کے ایمان کا حصہ ہے اور قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لئے پرامن آئینی جدوجہد ہر پاکستانی کا فریضہ اور آئینی حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف مکافا ت عمل کی سزا بھگت رہے ہیں ۔انہوں نے آئینی حلف اور عقیدہ ختم نبوت سے بے وفائی کی ،وہ اپنے جرائم کو تسلیم کرکے اﷲ سے توبہ کریں اور عوام سے معافی مانگیں ۔انہوں نے کہا کہ حلف نامۂ ختم نبوت کو آئین سے نکالنے پر انہیں جس ہزیمت اورمزاحمت کاسامنا کرنا پڑا، وہ اﷲ کی طرف سے انتباہ تھا۔ابھی تک چیئر مین سینیٹ کے حلف میں بھی ختم نبوت شامل نہیں ۔نواز شریف کی سز ا اُسی دن سے شروع ہوگئی تھی ،جس دن انہوں نے لبرل پاکستان کا نعرہ لگایا ۔انہوں نے قائد اور اقبال کے وژن کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ جس کے نتیجے میں وہ خود ختم ہوگئے ہیں ۔مجلس احراراسلام کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس ،لاہور کے جنرل سیکرٹری قاری محمد قاسم بلوچ ،ڈاکٹر ضیاء الحق قمر،ڈاکٹرمحمد آصف ،مولانا سرفراز معاویہ اور مولانا عتیق الرحمن علوی بھی اجلاس میں شریک تھے ۔علاوہ ازیں مبلغ ختم نبوت مولانا سرفراز معاویہ نے جامع مسجد ختم نبوت، چندرائے روڈ لاہور میں نماز جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب میں عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت وفضیلت پر روشنی ڈالی اور قادیانی ریشہ دوانیوں کو ہدف تنقید بنایا ۔
چیئرمین سینیٹ کے حلف میں ختم نبوت قرارداد مقاصدکا تقاضا ہے
راولپنڈی /اسلام آباد(23فروری)اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق ڈائریکٹر وزارت قانون اور ممتاز قانون دان شیر افضل خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین میں بے شمار غلطیاں ہیں اور میں نے بہت دفعہ وزارت قانون اور متعلقہ سرکاری اداروں کو اس بابت توجہ دلائی لیکن کسی مرحلہ پر بھی ان غلطیوں کا نوٹس نہیں لیا گیا اور نہ اصلا ح کی گئی۔ انہوں نے نے مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ کو فون پر بتایاکہ میں نے ایک ہائی کورٹ اسلام آباد کی رٹ میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے حلف نامہ میں عقیدہ ختم نبوت پر ایمان ویقین کی عبارت شامل نہیں ہے جو انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا منصب بہت اہم ہے۔وہ ملک کے صدر کی عدم موجودگی میں قائم مقام صدر ہواکرتا ہے اور 1973ء کے آئین کا بنیادی تقاضا ہے کہ صدر ہمیشہ مسلمان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے حلف نامے میں ،میں نے غلطی کی نشاندہی کی تھی اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں میری دائر کی گئی رٹ میں یہ بھی موقف ہے کہ چونکہ قرارداد مقاصد آئین کا دیباچہ ہے، اس لئے آئین کی ایسی شقوں کی درستگی ضروری ہے۔جن میں آئینی وقانونی اور شرعی سقم ہے۔شیرافضل خان ایڈووکیٹ نے یہ بھی کہا کہ ہائی کورٹ کی دائر کی گئی اپنی رٹ میں میں نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ آرٹیکل 272-Aاور آرٹیکل 64-Aبھی اس میں مطابقت نہیں رکھتے اور ان میں بھی اصلاح ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بھی آئین میں بعض غلطیاں موجود ہیں اور حالت یہ ہے کہ ان پر توجہ نہیں کی جارہی۔اس لئے مجبور ہوکر مجھے رٹ دائر کرنا پڑی۔عبداللطیف خالد چیمہ نے ان سے کہا کہ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان اپنے پلیٹ فارم سے آپ کی طرف سے نشاندہی ہونے کے بعد جائزہ لے گی اور اس حوالے سے مقتدر حلقوں تک اپنی آواز پہنچائے گی ۔بعدازاں عبداللطیف خالد چیمہ نے بتایاکہ ہم نے شیر افضل خان ایڈووکیٹ کی طرف سے اٹھائے جانے والے سقم کے حوالے سے دینی رہنماؤں اورآئینی ماہرین سے مشورے شروع کردیے ہیں اور 9مارچ کو لاہور میں ہونے والی امیر شریعت کانفرنس کے بعد ان نکات کا آئینی وقانونی جائزہ لینے کے لیے قانون دانوں سے میٹنگ کرکے لائحہ عمل طے کیا جائیگا

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.