چیچہ وطنی : مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ11_10_9مارچ کو لاہو رمیں ہونے والی کانفرنسوں کا سہ روزہ تحریک ختم نبوت کو آگے بڑھانے کے لئے معاون ومددگار ثابت ہوگا ،اور دینی قوتوں کو ہمت وحوصلے کا سبب بنے گا ،وہ گزشتہ روز جمعیت اہل سنت والجماعت (حنفی) ساہیوال کے امیر قاری منظور احمد طاہر کی زیر صدارت مسجد نور ہائی سٹریٹ ساہیوال میں علمائے کرام اور دینی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،انہوں نے کہا کہ ن لیگی صوبائی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی کے لاء کالج کو عاصمہ جہانگیر کے نام منسوب کرنے کی قرار داد اسلامیان پاکستان کے جذبات وعقیدے کے برعکس بلکہ ان کی توہین ہے ،انہوں نے کہا کہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی کی طرف سے قانون توہین رسالت کو ختم کرنے اور توہین رسالت کے مرتکبین کو بچانے کے لئے جو کوشش ہورہی ہے وہ عالمی استعماری ایجنڈے کا حصہ ہے جس کو قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی ،اجلاس میں قاری سعید ابن شہید ،قاری بشیر احمد رحیمی ،مولانا پیر جی عبدالباسط، قاری عتیق الرحمن ،قاری افتخار حسین عارفی ،قاری محمد طاہر رحیمی اور دیگر حضرات نے شرکت کی ،اجلا س میں متفقہ طور پر طے پایاکہ ساہیوال ڈویژن میں 23 ؍ فروری اور 2 ؍ مارچ کو اجتماعات جمعۃ المبارک میں عقیدہ ختم نبوت کی فضیلت واہمیت اور قادیانی ریشہ دوانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی اور لوگوں کو11_10_9مارچ کی لاہور کانفرنسوں میں شرکت کی ترغیب دی جائے گی ،اجلاس کے تمام شرکاء نے جمعیت علماء اسلام کے رہنماء حضرت مولانا رشید احمد لدھیانوی (رحیم یار خان ) کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی وتحریکی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ،جبکہ قاری منظور احمد طاہر نے مولانا لدھیانوی مرحوم کے ایصال ثواب ومغفرت کے لئے اجتماعی دعائے مغفرت کروائی۔ قاری منظور احمد طاہر اور دیگر علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ساہیوال سے لاہور میں ہونے والی کانفرنسوں میں شرکت کے لئے دینی کارکن پر جوش ہیں ،اور قافلوں کی شکل میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔اس موقع پر تحریک ختم نبوت کی تمام جماعتوں مجلس احرار اسلام ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔علاوہ ازیں اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ مارچ کے آخر میں خلیفہ بلا فصل سید نا حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی یاد میں تحفظ ناموس رسالت ؐ کانفرنس ساہیوال میں منعقد کی جائے گی ۔