عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ مجلس احرار کا اولین مقصد ہے: قائد احرار سید عطاءالمھیمن بخاری
ملتان (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی دفتر دارِ بنی ہاشم ملتان میں 16,15 فروری جمعرات، جمعہ صوبہ پنجاب حلقہ جنوبی کے ذمہ داران کا دوروزہ تربیتی کنونشن منعقد ہوا۔ جس میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع اور شہروں سے ماتحت مجالس کے ذمہ دار کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ کنونشن کی مختلف نشستوں سے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس احرار اسلام عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کو اپنا اولین مقصد سمجھتی ہے اور ہم ملک کے آئین میں موجود ختم نبوت اور ناموس رسالت و ناموس صحابہ علیہم الرضوان کے حوالے سے موجود شقوں کو کبھی ختم نہیں ہونے دیں گے۔ قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 295سی کے حوالے سے سینیٹ میں دوبارہ ختم نبوت کی مخالف دین دشمن سیکولر لابیاں تبدیلی کروانے کے لیے سازشیں کررہی ہیں اور حکومت کو گزشتہ تحریک سے سبق سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسمبلی نے کئی روز کی طویل بحث کے بعد بغیر کسی دباؤ کے اس قانون کو بنایا اور منظور کر کے نافذ کیا اب کسی کو یہ جرأت نہیں دی جائے گی کہ وہ اس قانون میں تبدیلی کا سوچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ احرار ہمیشہ سے پرامن لوگ ہیں اور کسی بھی قسم کی فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ مجلس احرار اسلام ختم نبوت کے محاذ پر کام کرنے والی پہلی جماعت ہے اور الحمد للہ اب یہ کام بڑھا ہے اور جتنی بھی جماعتیں اس مشن پر کام کررہی ہیں وہ ہماری فکری حلیف ہیں لیکن واضح رہے کہ احرار نے کبھی اس مقدس مشن کے نام پر سیاست نہیں کی اور نہ ہی ہم کسی کو ایسا کرنے دیں گے۔ ہم حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کے تحفظ کے لیے اپنے جان مال سب کچھ کی قربانی دے دیں گے لیکن اس پر سودے بازی نہیں کی جائے گی۔ مجلس احرار اسلام کے ناظم دعوت وتبلیغ ڈاکٹر محمد آصف نے کہا کہ مجلس احرار اکے شعبہ تبلیغ کے تحت مسلسل غیر مسلموں خصوصا قادیانی کو براہ راست دعوت دی جارہی ہے جس کہ بہت مؤثر اور مثبت نتائج سامنے ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر احرار کارکن کو ختم نبوت کا داعی ہونا چاہیے اور ہمیں اپنے اندر داعیوں والی صفات پیدا کرنی ہوں گی ۔ مجلس احرار اسلاملتان کے امیر مولانا محمد اکمل نے کہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرات صحابہ کرام کا اسوہ ہی ہمارے لیے مشعل راہ ہے آپ نے جس طرح دین کی دعوت کو عام کیا آج بھی اسی طرز اور منہج پر دین کا کام مؤثر اور مفید ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 9 مارچ کو ہونے والی امیر شریعت کانفرنس میں تمام احرار کارکن اپنے اپنے علاقوں سے شریک ہوں گے اور ملتان سے ایک عظیم الشان قافلہ بھی اس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔