ملتان (پ ر) آزاد کشمیر میں 45 سال سے رُکا ہوا قادیا نی مسئلہ حل کردیا گیا۔ آزاد کشمیر حکومت نے متفقہ فیصلہ سے دستور میں بارہویں ترمیم کے ذریعے قانونی طور پر قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دے دیا۔ مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل، شیخ حسین اختر لدھیانوی، سعید احمدانصاری، عدنان ملک، فرحان حقانی، قاری عبد الناصر اور دیگر رہنماؤں نے آزاد کشمیر حکومت کے اس فیصلہ کی تحسین اور خیر مقدم کیا۔ انھوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام کی قیام پاکستان سے قبل شروع کی ہوئی محنت کے ثمرات الحمد للہ روز بروز سامنے آرہے ہیں اور انشاء اللہ جب تک احرار زندہ ہیں قادیانی کرۂ ارض پر چین اور سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ 9 فروری کا جمعہ انشاء اللہ نہ صرف ملک بھر میں بلکہ آزاد کشمیر میں بھی یوم تشکر کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قادیانی ادارے ملک میں ارتداد پھیلا رہے ہیں اور ان کی ممنوعہ کتب ولٹریچر اسی طرح شائع ہورہا ہے جیسے قانون سازی سے قبل شائع ہورہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے ساتھ ساتھ قانون کی عمل داری زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔
علاوہ ازیں فرحان حقانی نے بتایا کہ مجلس احرار اسلام کے بانی سید عطاء اللہ شاہ بخاری رحمہ اللہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 9 مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں ’’ امیر شریعت کانفرنس‘‘ منعقد کی جائے گی جس میں ملک بھر سے احرار کارکن اور محافظین ختم نبوت شریک ہوں گے اس کے علاوہ 10 اور 11 مارچ کی ختم نبوت کانفرنسز میں بھی احرار رہنما شرکت کریں گے ۔