چیچہ وطنی ( ) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر اور مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ ایسے لگ رہا ہے کہ جیسے ن لیگ کے سربراہ نواز شریف کے داماد اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کے قومی اسمبلی میں عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے امت کے اجماعی عقائد کی ترجمانی اور قادیانی ریشہ دوانیوں کے حوالے سے مؤقف کوسبوتاژ کرنے کے لئے صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے ۔مسلم لیگی رہنما صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے اس بیان اور مؤقف کہ ’’کیپٹن (ر) صفدر کی قادیانیوں کے حوالے سے قومی اسمبلی میں باتیں غیر مناسب،سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے ،ختم نبوت پر معمولی اختلاف ،قادیانی بھی مسلمان ہیں ،پارلیمنٹ میں اظہار رائے کی آزادی کوئی کچھ بھی کہہ سکتا ہے ،احمدی خودکو بھی غیر مسلم نہیں کہتے ‘‘۔پر انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں جو کچھ اس مسئلہ پر کہا گیا ہے اس کی ضرورت نہیں تھی ،قادیانی پاکستان میں ہی رہتے ہیں ان کے جان ومال کی حفاظت ہمارے ذمے ہے ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے اس پر کہا کہ رانا ثناء اللہ کی ساری کی ساری گفتگو ایک گمراہ اور بہکے ہوئے انسان کی ہے ،نہیں معلوم کہ یہ ان کی پارٹی پالیسی کی ترجمانی ہے یا ان کے اپنے گمراہ کن اور ملک دشمن نظریات وخیالات کا اظہار ۔انہوں نے کہا کہ قادیانیوں کے کفروارتدادکی وکالت مسلم لیگ اور خصوصاًرانا ثناء اللہ کا پرانا وطیرہ ہے مسلم لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف کو چاہئے کہ بلاتاخیر وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ ان کے داماد کیپٹن (ر)صفدر کی قومی اسمبلی میں کی جانے والی گفتگو مسلم لیگ کی پالیسی ہے یا رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کی امریکہ میں قادیانی نائب صدر ظہیر باجوہ سے ملاقات اور اینکر پرسن جاوید چوہدری سے گفتگو۔انہو ں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے اپنے انٹرویومیں جو کچھ کہا ہے وہ اسلام،ختم نبوت،دفاع پاکستان کی نفی کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر راناثنا ء اللہ کو قادیانیوں کا وکیل بننے کا زیادہ شوق ہے ،پہلے وہ خود بتائیں کہ وہ مرزا قادیانی کو کیا سمجھتے ہیں ویسے جو خیالات ان کے سامنے آئے ہیں وہ ایسے ہیں کہ وہ قادیانیوں کے کفروارتداد کو اسلام کہہ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم کیپٹن( ر) صفدر کے خیالات موقف اور مطالبات کی مکمل اور کھل کر تائید کرتے ہیں اور را ثناء اللہ کے خیالات ،موقف اور انٹرویو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جناب نواز شریف اور جناب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان معاملات میں پارٹی اور حکومتی پالیسی واضح کریں تاکہ قوم میں ابہام ختم ہو ۔انہوں نے عالمی میڈیا (بی بی سی اردو،وائس آف امریکہ) پرکیپٹن (ر) صفدر کے قومی اسمبلی میں خطاب پر قادیانی ترجمان سلیم الدین کے موقف کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن صفدر نے جو کچھ کہا ہے وہ اسلامیان پاکستان کے عقائد کی ترجمانی اور آئین کے مطابق ہے انہوں نے مزید کہا کہ قادیانی ترجمان سلیم الدین کا یہ کہنا کہ پاکستان کے محاذ پر قادیانیوں نے قربانیاں دی ہیں صریحاًخلاف واقعہ اور شرانگیز ہیں حقیقت یہ ہے کہ قادیانی اکھنڈ بھارت کا مذہبی عقیدہ رکھتے ہیں اور امریکہ ،اسرائیل اور انڈیا کے مہرے بن کر دنیا میں پاکستان کے امیج کو خراب کررہے ہیں جہاں تک قربانیوں کا تعلق ہے توپاکستان کے دفاعی محاذ پر گیارہ عیسائی اور ایک ہندو وطن کی محبت میں قربان ہوئے تھے انہوں نے سوال کیا تو کیاان عیسائیوں اور ہندو کو مسلم تسلیم کرلیا جائے گا ؟۔