قائداعظم یونیورسٹی کا شعبہ قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ واپس لیاجائے: عبداللطیف خالد چیمہ
لاہور(پ ر) ختم نبوت کے حلف نامے کے مسئلے پر (ن) لیگ کے صدر نوازشریف کے حکم پر تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنائے جانے پر متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر اور مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت اور ن لیگ نے اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے کمیٹی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ نواز شریف کی اپنی اجازت کے بغیر ختم نبوت والا حلف نامہ نکالا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ واقعی ہی ایسا ہے کہ غلطی سے ہو اتو وزیر خارجہ خواجہ آصف واشنگٹن میں امریکہ کے قادیانی نائب صدر ظہیر باجوہ سے ملاقات کیوں کررہے ہیں اور کس لئے کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ طے شدہ ایجنڈے کے مطابق ہوا جس کو اللہ کے فضل وکرم سے قوم کے اتحاد نے ناکام ونامراد بنا دیا ۔انہوں نے کہا کہ قوم جب بھی اکٹھی ہوئی تحفظ ناموس رسالت ا ور تحفظ ختم نبوت پر اکٹھی ہوئی یہ ایشو قوم کے اتحاد کی غمازی کرتا ہے اسی لئے دشمن اور اس کے ایجنٹ اسی پر وار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی خود مختاری کے لئے ضروری ہے کہ امریکی اور سامراجی ایجنڈے کو مستقل بنیاد وں پر مسترد کردیا جائے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے سنٹر فار فزکس کو قادیانی ڈاکٹر اعبدالسلام کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ فی الفور واپس لے اور چناب نگر کے سرکاری تعلیمی ادارے قادیانیوں کو ہرگز نہ دیئے جائیں ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے احرار کے مرکزی دفتر نیومسلم ٹاؤن لاہور میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے پوری دنیا میں موجود مسلمان مشتعل ہوئے ہیں اور ن لیگ کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ ’’اس سے حکومت کی بہت زیادہ سبکی ہوئی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مسئلے کی اہمیت سے لگتا ہے کوئی غرض نہیں اپنی سبکی اور اپنے ووٹ بینک کا فکر ہے انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ حکومت قادیانیت نوازی ترک کردے ناموس رسالتؐ کے مجرموں کونوازنا بندکرے اللہ اور رسول اللہؐ سے معافی مانگیں اور قوم سے معذرت کرلیں تو شاید مسلم لیگ پر آئی نحوست ٹل جائے ۔سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ مجلس احراراسلام آئین کی اسلامی دفعات ، ملک کے اسلامی تشخص اور قیام امن کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔تمام سیاسی و دینی جماعتوں سے رابطے تیز کئے جائیں گے ۔پارلیمنٹ کے ارکان کو عقیدۂ ختم نبوت پر دینی لٹریچر فراہم کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ منافق اپنی سازشیں بند کریں ،مرزائی اسلام قبول کرکے ہمارے بھائی بن جائیں یا آئین میں طے شدہ اپنی حیثیت تسلیم کرلیں ۔بعدازاں سید محمد کفیل بخاری ،میاں محمد اویس ،ڈاکٹر ضیاء الحق قمر پر مشتمل وفد کے پی کے کے دورے پرروانہ ہوگیا۔