ملتان (پ ر) مجلس احرارِ اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ حق جیت گیا اور باطل بھاگ گیا۔ ختمِ نبوّت حلف نامے کی بحالی خوش آئند اقدام، پوری قوم کو مبارک باد۔ حکومت کی طرف سے غلطی کا اعتراف درست لیکن پس پردہ منحوس سازشی کرداروں کو بے نقاب کر کے سزا دی جائے۔ جھوٹ بولنے والے وزرا اور حکومتی ترجمان اللہ تعالیٰ اور قوم سے معافی مانگیں۔ انھوں نے کہا کہ قوم کے اتحاد نے ثابت کر دیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے منصبِ ختمِ نبوّت کے خلاف ہر سازش ناکام بناد ی جائے گی۔
سید محمد کفیل بخاری نے مولانا فضل الرحمن، سراج الحق، حافظ حمد اللہ، شیخ رشید احم، ظفر اللہ جمالی اور اُن تمام رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے جنھوں نے ختمِ نبوّت حلف نامے کی بحالی میں مؤثر کردار ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ مجلس احرارِ اسلام اور تمام دینی جماعتیں آج ملک بھر میں اجتماعات جمعہ میں یومِ تشکر منائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل فضل غفور کا عقیدۂ ختمِ نبوت کے تحفظ کے حوالے سے بیان ایمانی غیرت و حمیت کا غماز ہے۔ یہ ایک بین الاقوامی استعماری سازش تھی جس کے ذریعے ملّت اسلامیہ کے عقائد اور ایمانی جذبات کی توہین کی گئی۔ دشمنانِ ختمِ نبوّت پر واضح ہو گیا کہ سید عطاء اللہ شاہ بخاریؒ کے روحانی بیٹے، شہداءِ ختمِ نبوّت کے وارث اور ختمِ نبوّت کے چوکیدار زندہ و بیدار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم قادیانیوں کے بحیثیت انسان مخالف نہیں، وہ اسلام قبول کر لیں یا آئین میں طے شدہ اپنی حیثیت تسلیم کر لیں۔ وہ مسلمانوں کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کے خلاف سازشیں بند کر دیں۔ ہم انھیں استعماری بیساکھیوں کے سہارے چور دروازے سے مسلمانوں کی صفوں میں نہیں گھسنے دیں گے۔ ختمِ نبوّت کے چوکیدار پارلیمنٹ کے اندر اور باہر پہرہ دیں گے اور ہر سازش کا سرکچل دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جس نے قوم کو ہر پل باخبر اور بیدار رکھا۔