لاہور(پ ر )مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے کہا ہے کہ امریکی مداخلت ،دھمکیوں اور ڈومور کے حوالے سے عسکری قیادت کا مؤقف قوم کو حوصلہ دے رہا ہے جبکہ سیاسی قیادت کا مؤقف حوصلہ پست کرتے ہوئے نظر آرہا ہے مرکزی دفتر سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی اور سفارتی لابنگ انتہائی کمزور جارہی ہے اور بعض دفعہ تو ایسے لگتا ہے جیسے انڈیا کی زبان بولی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ جس اللہ کے ہم ماننے والے ہیں اس وحدہ‘ لاشریک کے سہارے پر ہمیں امریکی وبیرونی امداد ومداخلت کو مستقل بنیادوں پر مسترد کردینا چاہئے اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے لئے جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ مبارک کی طرف لوٹ جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ ’’جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک غزوہ سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ واپس تشریف لارہے تھے کہ راستے میں ایک جگہ سایہ دار درختوں کے نیچے آرام فرمانے لگے ،نیندآگئی تلواریں درختوں کے ساتھ لٹکی ہوئی تھیں ایک یہودی کا قریب سے گزر ہوا اس نے دیکھا کہ آقا صلی اللہ علیہ وسلم استراحت فرمارہے ہیں اس نے سوچا موقع بڑا اچھا ہے اس نے درخت پرلٹکی ہوئی آقاصلی اللہ علیہ وسلم کی تلوار نکالی تو آقاصلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھ کھل گئی یہودی نے کہا اے محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) آج اس تلوار کے وار سے آپؐ کوکون بچائے گا آقاصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میرااللہ!یہودی پر کپکپی طاری ہوگئی اور تلوار اس کے ہاتھ سے گرگئی‘‘۔عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ آج خوف کی فضا میں مسلمانوں کو اسوہ نبوی ؐ ہی اپنانا پڑے گا اور سچے توحیدی جذبے سے عالمی کفریہ ایجنڈے کو مستقلاً مسترد کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پہلے وزیر خارجہ ظفراللہ خان نے سیٹو اور سینٹو کے معاہدات کرکے ملکی وقار کو مجروح کیا اور پاکستان کو امریکن سامراج کے کیمپ میں دھکیلاجس کاخمیازہ قوم آج تک بھگت رہی ہے انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم دنیا کو یہ مسیج دیں کہ ہم ڈومور کا مطالبہ مسترد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں پڑھنے والے نونہالان قوم کو ہوسٹلوں میں شراب مہیا کرنے جیسے قبیح واقعے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کروائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف مؤثر کاروائی کی جائے انہوں نے الجزائر میں قادیانی سربراہ کو تبلیغ اسلام کے نام پر قادیانیت کا پرچار کرنے کے الزام میں عدالتی سزا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ قادیانیت پوری دنیا میں بے نقاب ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ قادیانی ریشہ دوانیاں دم توڑ رہی ہیں اور ہم عقیدہ ختم نبوت کا پیغام پوری دنیا میں پھیلانے کا عزم لے کر چل رہے ہیں ۔