تحریک پاکستان کے اصل مقاصد کےحصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے: قائد احرار سید عطاءالمھیمن بخاری
لاہور(پ ر)یوم آزادی کے موقع پر مجلس احراراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام مجلس فروغ نظریہ پاکستان کے تعاون سے ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں احراروختم نبوت کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تحریک پاکستان کے اصل مقاصد کی تکمیل کے لئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے ،قائد احرارسید عطاء المہیمن بخاری نے اس موقع پر کہا کہ یہ وطن مظلوم وبے کس مسلمانوں نے طویل قربانی و جدوجہدکے بعد اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لئے حاصل کیا اور یہ اصل مقصد آج تک تشنہ تکمیل ہے ،مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے چیچہ وطنی ،سید محمد کفیل بخاری نے ملتان ،پروفیسر خالد شبیر احمد نے چنیوٹ،میاں محمد اویس ،قاری محمد یوسف احرار،قاری محمد قاسم بلوچ نے لاہور،مولانا محمد مغیرہ نے چناب نگر،ڈاکٹر عمر فاروق احرار نے تلہ گنگ،قاری محمد ضیاء اللہ ہاشمی نے گجرات ،حافظ محمد اسماعیل سے ٹوبہ ٹیک سنگھ ،حاجی عبدالکریم قمرنے کمالیہ میں یوم آزدی کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح مرحوم نے پاکستان میں جس نظام کے نفاذ کی بات کی تھی وہ قرآن وسنت پر مبنی تھا اور قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ سے 70سال سے حکمران اور سیاستدان انحراف برت رہے ہیں جس کی وجہ سے آج ملک انار کی کا شکار ہے مختلف مقامات پر منعقدہ تقریبات میں مطالبہ کیا گیا کہ حکمران ،مقتدر حلقے اورسیاستدان قیام ملک کے اصل مقصد کی طرف آجائیں تاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو. عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ آج کے دن معرض وجود میں آنے والی مملکت خداداداس وقت حکمرانوں اور سیاستدانوں کے رحم وکرم پر ہے ،دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے دینی جماعتوں اور دینی مدارس کے کردار کو نظر انداز کرنا حقیقت کے برعکس ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ نظریاتی اور تہذیبی استحکام کی بھی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے دین ،روایات اور ثقافت کا تحفظ بھی کرسکیں ،انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اس اصل مقصد کی طرف آجائیں جس کے لئے ایک صدی سے زیادہ عرصہ قربانیاں دی گئی ہیں۔