قانون توہین رسالت کے خلاف مہم جوئی، آئین پاکستان سے بغاوت ہے: سید محمد کفیل بخاری
چیچہ وطنی( )مجلس احرارا سلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے مرکزی مسجد عثمانیہ ہاؤسنگ سکیم چیچہ وطنی میں نماز جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آزادی کی طویل جنگ میں مال و جان اور عزت و آبرو کی قربانی اس لیے دی گئی تھی کہ ہم پاکستان میں اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کریں گے ،بانئ پاکستان کی جدوجہد کی روح بھی یہی تھی ،لیکن 70 برس میں ہم نے آزادی کے مقاصد سے انحراف کیا ،آج ہماری ذلت و رسوائی اِسی وجہ سے ہے کہ ہم نے اسلام ہی سے اپنے آپ کو آزاد کرلیا ،انہوں نے کہاکہ مسلمان پابند ہے کہ وہ قرآن وسنت کے احکامات کے تابع زندگی گزارے گا ،اسی آزادی کے لیے تو وطن عزیز حاصل کیا گیا تھا ،انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمران ،اللہ کے قوانین نافذ کرنے سے گریزاں ہوئے تو اقتدار سے بھی ہاتھ دھونے پڑے، بعدازاں اپنی جماعت کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دینی مدارس کا گھیرا تنگ کرنے والے کبھی اپنی عزت و تکریم کو باقی نہیں رکھ سکتے ۔انہوں نے کہاکہ آئین میں درج حلف کی پاسداری ہوگی ،تو عزت و تکریم بھی باقی رہے گی،انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی نمائندہ ایلزبتھ بروڈرک بدکاری وحرام کا ایجنڈا لے کر پاکستان آئیں اور حکمران جماعت نے ان کو پذیرائی بخشی ، انہوں نے کہاکہ قانون توہین رسالت اور قانون تحفظ ختم نبوت کے خلاف عالمی مہم جوئی اور ہم جنس پرستی کے حق میں فضاء گمراہی اور فطرت کے خلاف بغاوت ہے ،جسے مسلم معاشرہ کبھی قبول نہیں کرے گا ،علاوہ ازیں سید محمد کفیل بخاری اور عبداللطیف خالد چیمہ نے تنظیمی و جماعتی امور پر مشاورت کی اور اپنی جماعت کی شاخوں کو ہدایت کی کہ وہ 14 ۔ اگست کو یوم آزادی کی تقریبات منعقد کریں اور 7 ۔ ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت شایانِ شان طریقے سے منائیں۔