لاہور(پ ر)مجلس احراراسلام پاکستان نے کہا ہے کہ70سال سے حکمرانوں نے قومی خزانے کو جی بھر کر لوٹا اور موجودہ حکمران اور سیاستدا ن دست وگریبان ہیں جس میں تمام اخلاقی قدروں کو بری طرح پامال کیا جارہا ہے ،نجی وذاتی زندگیوں پر مفادات کے تابع دن رات حملے ہورہے ہیں ،مجلس احراراسلام پاکستان کے سنیئر نائب صدر پروفیسر خالد شبیر احمد نے مرکزی دفتر نیومسلم ٹاؤن لاہور میں مختلف وفود سے ملاقات میں کہا کہ ایمان کی دعوت ہی پوری امت کی سلامتی کی ضامن ہے ،انہوں نے کہا کہ اللہ کی مخلوق انسانی قوانین کی وجہ سے تباہی کی طرف جارہی ہے ،الہامی قوانین کا نفاذ ہوگا تو ہر سو امن ہوجائے گا۔مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ دینی مدارس اور خیراتی اداروں کے چندوں پر قدغن لگانے والے دراصل ان اداروں کوختم کرنے کے ناپاک عزائم لئے پھر رہے ہیں جو ان شاء اللہ تعالیٰ کبھی پورے نہ ہوں گئے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے درس قرآن کریم کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی حاکمیت قائم کرنے کی پرامن جدوجہد کرنا ہر مسلمان کا فرض منصبی ہے ،انہوں نے کہا کہ قوم کے ٹیکسوں سے عیاشیاں کرنے والے ملک کی نظریاتی سرحدوں کومنہدم کررہے ہیں اور دینی اداروں کا گھیرا تنگ کرنا امریکی ایجنڈے کاحصہ ہے جو دینی قوتوں کے لئے قابل قبول نہیں ہے علاوہ ازیں متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے پنجاب کی صوبائی کابینہ کی طرف سے دینی اور خیراتی اداروں کے چندوں پر پابندی لگانے کے لئے چیریٹیز ایکٹ 2017ء کی منظوری کو مداخلت فی الدین قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران اور مقتدر قوتیں خود تولوگوں کے ٹیکسوں پر عیاشیاں کررہے ہیں اور دینی وخیراتی اداروں کو پابندیوں میں جکڑنے کے لئے قانون بنائے جارہے ہیں جوخالص امریکی وکافرانہ ایجنڈا ہے ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے ایک ترجمان کے مطابق مجوزہ چیریٹیز ایکٹ کے خلاف مزاحمتی کرداراداکرنے کے لئے مختلف دینی جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے گئے ہیں توقع ہے کہ عید الاضحی سے قبل تمام مکاتب فکرکا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا ۔