دہشت گردی کو ختم کرنے میں ہمارے حکمران بری طرح ناکام ہوچکے ہیں: میاں محمد اویس
لاہور(پ ر)مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس اور قاری محمدیوسف احرار نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے مسلمان تو کجا انسان کہلوانے کے بھی مستحق نہیں سانحہ کوٹ لکھپت لاہور پر غم وافسوس کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ،انڈیا ،ا سرائیل اور ان کے پاکستانی ایجنٹ اتحادی بن کر مسلمانوں کے خون کو بہارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے حوالے سے حکمران اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر غافل ہوچکے ہیں اور ہر بڑے حادثے کے موقع پر دہشت گردی کو ختم کرنے کے بلند وبانگ دعوے کیے جاتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے میں ہمارے حکمران بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو وطن عزیز میں امن کی بجائے اپنے اقتدار سے زیادہ محبت ہے اسی لئے وہ اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں۔