مسلہ کشمیر پرامریکہ سمیت عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے: عبداللطیف خالد چیمہ
فیصل آباد(پ ر)مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ امریکہ کشمیر کے مسئلے پر بھارت کی بولی بول رہا ہے اور دنیا بھر میں مسلم کش اقدامات کئے جارہے ہیں عالمی برادری کی خاموشی انتہائی مجرمانہ ہے ،گزشتہ روز فیصل آباد میں اپنے ایک عزیزمحمد رستم علی کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو کچلنے والے ظالم اور سفاک ہیں اور آزادی کی اس تحریک کو دہشت گردی سے جوڑنا تاریخ کی بدترین سفاکی اور ظلم ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پرتشددتحریکوں کے پر تو کاٹے جارہے ہیں لیکن اس کی اصل وجوہ اور عوامل سے صرف نظر کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی فرقہ واریت اور دہشت گردی یہاں کی اپنی نہیں باہر سے مسلط کی گئی ہے اورہمارے حکمران اور مسلمان اس کا ادراک ہونے کے باوجودتجاہل عارفانہ سے کام لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک باقی نہیں رہ گیا کہ قادیانی ایلمنٹ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے شعلوں کو بھڑکا رہا ہے اور بیرونی قوتوں کا حق الخدمت بھی ادا کررہا ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے یادگاراسلاف مولانا مجاہدالحسینی سے ملاقات کی اور تحریک ختم نبوت کی تازہ ترین صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،مولانا مجاہدالحسینی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینی جماعتوں کو قیادت کے فقدان کو ختم کرنا چاہئے اور عقیدہ ختم نبوت کی مشترکہ جدوجہد کی طرف آگے بڑھنا چاہئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی فکری ونظریاتی ذہن سازی کی ضرورت ہے اور بہت کم تنظیمیں اس پر توجہ دے رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نفاذ اسلام اور تحفظ ختم نبوت جیسی تحریکوں کے لئے نوجوانوں کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے ،اس موقع پر امیر احرار فیصل آباد اشرف علی احرار بھی موجودتھے ۔