الجزائر میں قادیانیت پھیلانے میں بھارت ملوث نکلا
علی زمان
الجزائر میں 30؍ ستمبر 2016ء کو گرفتار ہونے والی قادیانی گروہ کی 20رکنی قیادت سے متعلق مزید چشم کشا معلومات سامنے آنے پر حکومتی اورسیکورٹی ادارے سر پکڑ کر بیٹھ گئے ، گرفتار قادیانیوں کی نشاندہی پر مزید مقامات پر پڑنے والے چھاپوں کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے قرآن کریم کے بڑی تعداد میں تحریف شدہ نسخے برآمد کئے ہیں ، جبکہ ایسا لٹریچر بھی سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھ لگا ہے جس سے زیرحراست ملزمان کے پیچھے بھارتی پشت پناہی بے نقاب ہو گئی ہے ، الجزائر میں قادیانی نیٹ ورک چلانے میں بھارت کے گھناؤنے کردار سے پردہ اٹھنے پر ہلچل مچ گئی، گرفتار قادیانیوں نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ برطانیہ سے زیادہ انہیں بھارت سے سپورٹ مل رہی ہے ۔ بھارت الجزائر کے ساتھ اپنے سیاسی ، تجارتی اور سفارتی تعلقات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قادیانیت کی ارتدادی سرگرمیوں میں ملوث ہے ،اس مقصد کے لئے بھارتی سفارت خانہ قادیانیت کی سرگرمیوں کا محفوظ مرکز بنا ہوا ہے، جہاں سے قادیانیت قبول کرنے والے افراد کو بھارت بھیجا جاتاہے ، قادیانی مبلغین بھارت سے تاجروں او ر کاروباری افراد کے بھیس میں الجزائر آکر گمراہ کن سرگرمیوں کے فروغ میں مصروف رہتے ہیں۔الجزائر کے سیکورٹی حکام نے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر گرفتارقادیانی ملزمان کا مقدمہ عسکری عدالت میں پیش کر دیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمے کی پیروی سلیکدہ کی صوبائی مذہبی ڈائرکٹوریٹ کر رہی ہے ، دوسری جانب سیکورٹی اداروں نے ملزمان سے دوران تفتیش اگلوانے ولی معلومات کی روشنی میں چھاپے مارتے ہوئے مزید 4افراد کوقادیانیت کے پرچار کے جرم میں حراست میں لیا ہے۔ جس کے ساتھ گرفتارہونے والے قادیانیوں کے تعداد24 ہوگئی ہے ، ذرائع ابلاغ کے مطابق سیکورٹی اداروں کے ہاتھ لگنے والی دستاویزات سے معلوم ہوا کہ سلیکدہ سے 280 افراد قادیانی جماعت کے لئے چندہ بجھواتے ہیں، قادیانی جماعت کو دی جانے والی امدادی رقوم لندن اور بھارت سے تعلق رکھنے والے عناصر کے اکاؤنٹ میں جمع کی جاتی ہے ، تحریف شدہ قرآنی نسخوں اوردیگر لٹریچر کے بارے میں قادیانیوں نے بتایا کہ یہ لندن سے بھجوائے گئے ہیں ، ان کے لئے ہر جمعہ کا خطبہ بھی لندن سے مرز امسرور کی جانب سے بجھوایا جاتاہے ،الجزائر میں قادیانیت کے فروغ میں لندن کے بعد بھارت کلیدی کردار اد اکر رہا ہے ، ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کے ساتھ الجزائر کے تعلقات زیادہ گہرے نہیں ہیں، تاہم بھارت کے ساتھ الجزائر کی مضبوط شراکت قائم ہے ، عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق الجزائر میں قادیانی گروہ کی مذموم سرگرمیوں میں گزشتہ دو سال سے اضافہ ہواہے ۔الجزائر کے سیکورٹی اداروں نے قادیانیوں کی بیخ کنی کے لئے ان کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کیا ہے تاہم وثوق کے ساتھ نہیں کہا جا سکتا کہ الجزائر اپنے دوست ملک بھارتی سفارت خانے کی سرگرمیوں کو بھی کم کرے گا یا نہیں۔ (روزنامہ’’اوصاف‘‘،اسلام آباد۔07؍اکتوبر2016)