اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہی بلدیاتی نظام کو عوام کے لیےمفید بناسکتی ہے: مولانا محمد اکمل
ملتان (پ ر )مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل ، ناظم اعلیٰ مولانا عبدالقیوم، پریس سیکرٹری محمد فرحان الحق نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ اپاہج بلدیاتی نظام سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہی بلدیاتی نظام کو عوام کے لیے مؤثر یا مفید بناسکتی ہے۔ لیکن صوبائی حکومت اس سلسلے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی۔ احرار رہنماؤں نے کہا کہ ایم ڈی اے روڈ اور سورج میانی روڈ سیوریج پائپ لائن بچھانے کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس سے عوام اور تاجر حضرات کو بہت سی دشواریوں کا سامنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں وہ عوام کی پریشانی کو محسوس کریں اور کام کو جلد از جلد مکمل کروائیں تا کہ کاروبارِ زندگی معمول پر آسکے۔ احرار رہنماؤں نے جمعیت علماءِ اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو ان کی صحت یابی پر مبارک باد پیش کی اور جمعیت علماءِ اسلام (ف) کے ضلعی جنرل سیکرٹری نور خان ہانس ایڈووکیٹ کے برادر نسبتی محمد حسین حیات کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور دعاءِ مغفرت کی۔