لاہور (پ ر) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کی پریس ریلیز کے مطابق یکم ستمبر (آج) سے لے کر دس ستمبر تک ملک کے طول وعرض میں عشرہئ ختم نبوت منایا جا رہا ہے۔جب کہ 7 ستمبر کو یوم ختم نبوت تزک واحتشام کے ساتھ منایا جائے گا۔ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے قائدین مولانا زاہد الراشدی، سید محمد کفیل بخاری،مولانا عبدالرؤف فاروقی، مولانا محمد الیاس چنیوٹی، قاری محمد زوار بہادر،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، حافظ عبدالغفار روپڑی،رانا محمد شفیق خان پسروری، مرزا محمد ایوب بیگ، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، اور دیگر رہنماؤں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اوردینی رہنماؤں سے پر زور اپیل کی ہے کہ امسال عشرہ ختم نبوت اور یوم ختم نبوت کا اہتمام بڑھ چڑھ کر کیا جائے۔ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ ایسے حالات میں جب کہ بیرونی لابیاں اور این جی اوز ہمارے کلچر، تہذیب حتیٰ کہ ہمارے ایمان و عقیدہ پر اثر انداز ہو ر ہی ہیں اور آئین کی بلادستی کو سپوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہیے، سکہ بند قادیانی لارڈ طارق احمد کو پاکستان میں پذیرائی دی گئی ہے، سابق وزیر خارجہ موسیو ظفراللہ خان کو قرار داد پاکستان کا ہیرو قرار دیا گیا اور سب سے بڑھ کر آئین کی اسلامی دفعات کو غیر مؤثر کرنے کی خطرناک سازش کی جارہی ہے ایسے میں اس امر کی ضرورت بڑھ گئی ہے کہ تحریک ختم نبوت کی تمام جماعتیں مل کر جد وجہد کو مربوط اور منظم کریں اور اصل دشمن اور اصل سازشوں کو پہچانیں۔ بتایا گیا ہے کہ آج سے ملک بھر میں شہدائے ختم نبوت کے لیے دعاؤں کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ اللہ کی نصرت آئے اورختم نبوت کے حوالے سے پروگراموں کا آغاز ہو رہا ہے جو تمام مکاتب فکر کی طرف سے منعقد کئے جائیں گے۔