لاہور(پ ر) مجلس احراراسلام کے رہنماؤں میاں محمد اویس،قاری محمد یوسف احرار،حاجی محمد لطیف،قاری محمدقاسم بلوچ نے بھارت کے جشن آزادی پر کشمیریوں کی طرف سے دنیابھرمیں منائے جانے والے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہاہے کہ دوسروں کا حق آزادی دبانے والابھارت کس منہ سے جشن آزادی منارہاہے 72سال سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھاہے اور کشمیر کی خصوصی حیثیت اس کے آئین اور پرچم کو ختم کرکے انسانیت کے حقوق پر بہت بڑاڈاکہ ڈالاہے دنیابھر کے کشمیری بھارت سے آزادی کے لیے احتجاج کررہے ہیں اوربھارت دوسروں کی آزادی کودباکر جشن آزادی منارہاہے جو انسانی حقوق اورمسلمہ بین الاقوامی اصولوں کے منہ پرایک زوردار طمانچہ ہے مجلس احراراسلام کے رہنماؤں نے کہاکہ جدوجہدآزادی کے لیے ہم مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اورکشمیریوں کی آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجلس احراراسلام نے1931ء کو سب سے پہلے تحریک آزادی کشمیر چلائی اورامیرشریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری نے آزادی کشمیر کے حق میں بڑے بڑے عوامی جلسے کیے اورکشمیرمیں حق خود ارادیت کے لیے رائے عامہ کوبیداروہموار کرنے کے لیے بھرپورعوامی جدوجہدکی۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ی آج بھی ہرگز اکیلے نہیں بلکہ پاکستان سمیت پوراعالم اسلام ان کے حق خودارادیت کی حمایت کررہاہے عالمی اداروں نے بھی کشمیر پربھارتی غاصبانہ قبضے کو ہرگز قبول نہیں کیابلکہ بھارت کو اخلاقی طورپر پوری دنیاسے منہ کی کھانی پڑرہی ہے بھارتی فوج کانہتے کشمیریوں کا قتل عام،انسانی حقوق کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔