رحیم یار خان(پ ر) مجلسِ احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید عطاء اللہ ثالث بخاری نے جامع مسجد ختم نبوت صادق آباد میں اجتماع جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظریہ اسلام ہی نظریہ پاکستان ہے، دین اسلام وطن عزیز پاکستان کی روح ہے اور روح کے بغیر جسم مردہ ہوتا ہے۔ یوم آزادی کے حوالے سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انگریز سامراج سے آزادی کے لئے علماء کرام نے قربانیاں دیں، جیلوں کو آباد کیا، جس کے نتیجے میں برطانیہ کو ملک چھوڑنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاسی جماعتیں مجاہدین آزادی کے کردار کی وارث ہیں جو قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لیے تاحال کوشاں ہیں جبکہ کچھ قوتیں بیرونی ایجنڈے کو سامنے رکھتے ہوئے ملک میں انتہاپسندی کو فروغ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اس ملک کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے، تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کے بغیر ریاست کا تصور آئین سے انحراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکابر احرار روز اول سے اس کی نہ صرف نشاندہی کرتے رہے ہیں بلکہ ہر ممکنہ سدباب کے لئے بھی کوشاں ہیں۔