لاہور (پ ر) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ پی ڈی ایم میں باہمی اختلاف کو ہوا دی جارہی ہے اور مسئلہ اتنا نہیں جتنا کہ بڑھا چڑھا کر بیان کیا جارہا ہے اور یہ سب کچھ ”سرکار“ اہتمام کے ساتھ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی چھوڑے یا چلے، پی ڈی ایم کے فیصلے باہمی مشاورت سے ہورہے ہیں اور کسی کو فالتو دخل اندازی کی ضرورت نہیں، ہم معاملات کو سنبھالنا اور چلانا دونوں طرح جانتے ہیں، وہ گزشتہ روز خانقاہ رشیدیہ بستی سراجیہ چیچہ وطنی میں جمعیت علماء اسلام پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد حبیب اللہ چیمہ کے انتقال پر ان کے بڑے بھائی اور مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، جاوید اقبال چیمہ،داکٹر محمد اعظم چیمہ،سعید احمد چیمہ،محمد قاسم چیمہ اور دیگر حضرات سے تعزیت کے بعد گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنماء سید فیاض احمد شاہ،چودھری ضیاء الحق،پیر جی عزیز الرحمن رائے پوری،حافظ حفیظ اللہ،حافظ محمد معاویہ راشد اور دیگر حضرات بھی تھے، اس موقع پرخانقاہ سراجیہ اورخانقاہ رشیدیہ کے متوسلین، جمعیت علماء اسلام اور مجلس احرار اسلام کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے مولانا فضل الرحمن کو بتایا کہ قائد احرار ابن امیر شریعت حضرت پیر جی سید عطاء المہیمن بخاری مرحوم نے تقریباً دس سال چیچہ وطنی قیام کیا،وہ ہمارے ہاں مدرسہ عربیہ رحیمہ 12-42ایل میں بھی پڑھاتے رہے اور ہم ان کے پاس پڑھتے رہے۔ ہمارے والد گرامی حافظ عبدالرشید کے دینی تعلقات کی وجہ سے ہمارے خاندان اور برادری میں دینی شعور پیدا ہوا اور یہ شہر ”شہر ختم نبوت“ کہلاتا ہے جو ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ میں بھی سوچتا تھا کہ اس علاقے میں احرار کا بڑا کام ہے تو آج پتا چلا کہ اس کی اصل وجوہ کیا ہیں۔انہوں نے اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پارٹی کی مثبت سرگرمیوں کو د تیز کریں اور پی ڈی ایم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کر دیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عورت مارچ کے پیچھے جو بھی ایجنڈا ہے وہ ملک کی نظریاتی اساس کی تباہی کا ایجنڈا ہے لیکن جمعیت علماء اسلام استعماری اور کفریہ ایجنڈے کی راہ میں پوری قوت کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی طور پر بھی ایسے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر دینی تعلیم، خانقاہی نظام اور جمعیت علماء اسلام کے لیے حافظ محمدحبیب اللہ چیمہ کی کوششوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یہ سلسلہ ہماری سرپرستی میں انشاء اللہ تعالیٰ جاری و ساری رہے گا۔ انہوں نے عبداللطیف خالد چیمہ سے قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔بعد ازاں مولانا فضل الرحمن اور جمعیت علماء اسلام کے دیگر رہنماؤں نے مدرسہ عزیز العلوم غفور ٹاؤن چیچہ وطنی میں جمعیت علماء اسلام کے ضلعی سرپرست حضرت پیر جی قاری عبدالجلیل رائے پوری اور ان کے فرزندان سے ملاقات کر کے پیر جی عبدالخلیل رائے پوری کے انتقال پر تعزیت وافسوس کا اظہار کیا اور دعائے مغفرت کی جمعیت علماء اسلام کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل چودھری ضیاء الحق نے مولانا فضل الرحمن کے دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے تمام احباب کا شکریہ اداکیا ہے