لاہور(پ ر) مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاری محمد یوسف احرار،ڈاکٹر ضیاء الحق قمر اور قاری محمد قاسم بلوچ نے کہاہے کہ سابق فوجی صدر ڈکٹیٹر پرویز مشرف کوسنائی جانے والی سزا قانون کے مطابق ہے اور مکافات عمل بھی۔اپنے مشترکہ بیان میں احراررہنماؤں نے کہاکہ وطن عزیز کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کو نقصان پہنچانے والے پر ویز مشرف پر اس سزا کا عمل درآمد ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ لال مسجد سمیت بے گناہوں کا خون ناحق آج بھی پر یز مشرف کے سر چڑھ کر بول رہاہے اور پوری زندگی یہ خون اس کا پیچھا کرتارہے گا۔انہوں نے کہاکہ قاتل،قاتل ہی ہوتاہے چاہے وہ کتنا ہی بااثر یا بااختیار کیوں نہ ہو۔احراررہنماؤں نے ممتازعالم دین مولانا مجاہدالحسینی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی وعلمی اورخصوصاً تحریک ختم نبوت کے لیے طویل خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔