لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے کہاہے کہ پاکستان کو ایک خود مختار مملکت بنانے کے لیے امریکی کیمپ سے باہر آجانا چاہیے اور اپنی آزاد خارجہ پالیسی ترتیب دے کر ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے لیے پیش قدمی کرنی چاہیے۔ وہ گزشتہ روز چیچہ وطنی کے بزرگ احرار رہنماء حافظ حبیب اللہ رشیدی کے فرزند محمد بلال حبیب کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے بعد مرکز احرار جامع مسجد عثمانیہ میں احرار رہنماؤں اور کارکنوں سے اظہار خیال کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی مفادات کے لیے سیکولر انتہاء پسندی کو فروغ دیا جارہا ہے جس سے ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدات کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا نفاذ ہی ملک کو ایک وحدت میں قائم رکھ سکتا ہے اور یہ دستوری تقاضا بھی ہے جس سے انحراف برتا جا رہا ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ سودی معیشت سے پیچھے ہٹنے کا عندیہ تو نیک شگون ہے لیکن وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف تمام مالیاتی ادارے اپیلیں واپس لیں تو ہمارا دل ٹھنڈا ہو گااور کوئی پیش رفت بھی سامنے آئے گی۔ بتایاگیا ہے متحدہ علماء کونسل کے زیر اہتمام 17اکتوبر جمعرات کو صبح ساڑھے دس بجے اسٹریلیا مسجد لاہور میں کل جماعتی انسداد سود سیمینار مولانا زاہد الراشدی کی صدارت میں منعقد ہوگاجس میں تمام مکاتب فکر کے سرکردہ حضرات شرکت کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پر مولانا عابد مسعود ڈوگر، ڈاکٹر محمد آصف، جاوید اقبال چیمہ، محمد آصف چیمہ اور کئی ددیگر حضرات بھی موجود تھے۔