لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر سید عطاء المہیمن بخاری،نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد،سید محمد کفیل بخاری اورسیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، شہادتوں، قید و بند کی صعوبتوں اور جبر و استبداد کی انتہاء کشمیر کے مسئلہ کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ سید عطاء المہیمن بخاری نے کہا کہ تحریک کشمیرقدیم سے جاری ہے 13جولائی 1931ء کو مجلس احرار اسلام کی تحریک آزادیئ کشمیر پر ڈوگراراج نے بے دردی سے گولیاں چلادی تھیں اور آزادیئ کشمیر کو جلا بخشنے کے لیے سب سے پہلے شہید مجلس احرار اسلام چنیوٹ کے رضاکار الٰہی بخش چنیوٹی تھے۔انہوں نے کہا کہ 13جولائی 1931ء کو آزادیئ کشمیر کے لیے 22افراد شہید ہوئے تھے اور آج تک یہ سلسلہ جاری ہے جو آزادیئ کشمیر تک جاری رہے گا، عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ عالمی استعمار،اینٹی پاکستان طبقات،سیکورلر لابیاں اور خصوصاً قادیانی گروہ انڈیا کی پشت پر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قادیانیوں سمیت بعض طبقات تحریک آزادیئ کشمیر کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور انڈیا نوازی اور مسلم دشمنی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔مجلس احرار کے رہنماؤں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکمران سفارتکاری کے محاذ پر بہت کمزور نظر آرہے ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک آزادیئ کشمیر کے پہلے شہید الٰہی بخش چنیوٹی سے لے کر آج تک کے شہدائے کشمیر کی ارواح کو ایصال ثواب کے لیے دفتر احرار جامع مسجد چیچہ وطنی میں اجتماعی دعائے مغفرت بھی کرائی گئی۔